Jewellery Ke Bagair Singhar Adhoora Rehta Hai - Article No. 2394

Jewellery Ke Bagair Singhar Adhoora Rehta Hai

جیولری کے بغیر سنگھار ادھورا رہتا ہے - تحریر نمبر 2394

زیورات نسوانی حسن و زیبائش کا ایک بہترین انداز

جمعرات 6 اگست 2020

راحیلہ مغل
سجنے سنورنے کی شوقین خواتین کے لئے خوبصورت اور نفیس جیولری بہت اہمیت رکھتی ہے،عید کا تہوار نزدیک ہو تو میچنگ کی بالیاں،چوڑیاں اور ہار خواتین کو مارکیٹ کھینچ ہی لاتی ہیں۔عید کے موقع پر تو ویسے بھی خواتین کی تیاریاں عروج پر پہنچ جاتی ہیں،یہی وجہ ہے کہ تقریب ہو یا تہوار خواتین بنا و سنگھار پر خصوصی توجہ دیتی ہیں،کپڑے جوتے تو خواتین میں مقبول ہیں ہی لیکن سب سے زیادہ اہم میچنگ جیولری ہے۔
کانوں میں لٹکتے جھمکے اور ہاتھوں میں کھنکتی چوڑیاں نا ہوں توخواتین کی شاپنگ پھیکی لگتی ہے۔بازاروں میں رش دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ خواتین کو کپڑوں اور جوتوں کے ساتھ ساتھ زیورات کا بھی بے انتہا شوق ہے،پھر چاہے وہ سونے کے ہوں یا مصنوعی آرٹینیشل جیولری میں نت نئے ڈیزائنز بھی بازار میں با آسانی دستیاب ہیں جو آج کل خواتین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کہتی ہیں کہ عید پر جلدی خریداری کرنے سے ایک تو انہیں قیمت مناسب مل جاتی ہے،دوسرا بازاروں میں رش بھی کم ہوتا ہے۔
زیورات ویسے بھی مشرق کی خاص روایات اور زمانہ قدیم میں خواتین کی اولین پسند رہے ہیں۔یوں بھی زیورات نسوانی حسن و زیبائش کا ایک بہترین انداز ہیں۔اگر ان کو پہنتے وقت سلیقہ اختیار کیا جائے تو زیبائش کا یہ انداز مزید دلکش نظر آتا ہے۔
ویسے تو نت نئے زیورات کے ڈیزائن مارکیٹ میں متعارف ہوتے رہتے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ آپ موجودہ ڈیزائنوں سے استفادہ کریں بلکہ آپ خود اپنی مرضی سے بھی ڈیزائن تیار کروا سکتی ہیں۔اگر آپ بھاری بھر کم زیورات کی دلدادہ ہیں تو آپ پھر بھی زیورات بناتے وقت اپنے چہرے کی ساخت کا خاص خیال رکھیں۔کیونکہ زیورات اپنے چہرے کی مناسبت سے پہننے چاہئے۔
ا س کے علاوہ زیورات منتخب کرتے وقت کلر بیلنس کی گائیڈ لائن کو مد نظر رکھنا بھی ضروری ہے۔
زیورات کسی بھی لباس کو آخری ٹچ دینے کے لئے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اس لئے پہننے والی جلد کی قدرتی خوبصورتی کو بھی اجاگر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔اس بات سے قطع نظر کہ آپ کا کلر گروپ کونسا ہے ہم آپ کو جیولری منتخب کرنے کے کچھ مشورے بھی دیتے ہیں۔اگر آپ کا تعلق گرم رنگت والی جلد سے ہے تو آپ کے لئے سونے و تانبے یا پیتل کے زیورات موزوں رہیں گے۔
اگر آپ ٹھنڈے رنگ والے گروپ سے تعلق رکھتی ہیں تو آپ کے لئے سفید رنگ کے زیورات مثلاً یا،نت گولڈ بہترین ہے۔ویسے بھی تصویر کائنات میں رنگ بکھیرنے والی صنف نازک کے لئے(زیور)بالی جھمکا‘کنگن‘پائل اور چوڑیوں کے بغیر زندگی کا تصور نا ممکن سمجھا جاتا ہے۔جیولری خواتین کے بناؤ سنگھار کا اہم جزو اور بنیادی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔شادی بیاہ سمیت کوئی ایسی تقریب نہیں جس کے لئے وہ ڈریسز کی مناسبت سے جیولری کا انتخاب نہ کرتی ہوں۔

پاکستان اور بر صغیر کے دیگر ممالک میں خواتین رسم و رواج کے مطابق بھاری بھر کم جیولری پہنتی رہی ہیں مگر موجودہ دور میں صورتحال یکسر مختلف ہو چکی ہے ،اب ہلکے پھلکے انداز کے ساتھ مختلف رنگوں میں جیولری مارکیٹ میں دستیاب ہے جنہیں مختلف تقاریب کو مد نظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔خواتین کے لئے زیورات کی اسی اہمیت کے پیش نظر جیولری کے نت نئے رجحانات مارکیٹ میں متعارف کروائے جاتے رہتے ہیں جسے دیکھنے کے بعد پہننے کی لگن خواتین کو بے چین کر دیتی ہے اور وہ اُسے خریدنے کی جستجو میں لگ جاتی ہیں۔
اور یہ بے چینی اور جستجو ایک ختم نہ ہونے والی خواہش کے طور پر تمام عمر کی خواتین میں پائی جاتی ہے۔خواتین چاہے عمر کے سولہویں برس میں میں ہوں یا چھتیسیویں سال میں ہوں ،سولہ سنگھار کے ساتھ ساتھ جیولری کا استعمال لازمی سمجھتی ہیں لیکن یہ شوق جنون کی حد تک لڑکیوں میں زیادہ پایا جاتا ہے۔
فیشن کی خوبی یہی ہے کہ ہر نیا آنے والا ٹرینڈ اس شان سے پرانے فیشن کی جگہ لیتا ہے کہ سب اسے یا درفتہ کی مانند بھلا دیتے ہیں۔

اس بارے میں نئے موسم کا نیا مٹی ٹرینڈ ٹرانسپیرنٹ بیگز اور جوتے ہیں۔اس ٹرینڈ کو خصوصی طور سے رواں موسم بہار اور موسم گرما سے موسوم کیا گیا اور فیشن رن وے پر بڑی دھوم دھام سے اسے متعارف بھی کرایا گیا ہے۔جس طرح سے خواتین نے اس نئے فیشن کو ہاتھوں ہاتھ لیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے جزوی طور پر متعارف کروائے جانے کے باوجود یہ ٹرینڈ خاصی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
ٹرانسپیرنسی کا یہ ٹرینڈ پرس اور جوتوں تک ہی محدود نہیں بلکہ اس میں فیشن کے کچھ دیگر لوازمات جیسے کہ سن گلاسز،ہیئر کلپس اور جیولری بھی شامل ہے۔فیشن کے ماہرین کی پیشگوئی کے مطابق ٹرانسپیرنٹ شوز خاص طور سے رواں موسم کی جان رہیں گے۔
خواتین میں مقبول جیولری ٹرینڈز کی بات کی جائے تو اس برس نیکلس اور ٹاپس ایک بار پھر خواتین کے سنگھار کی زینت بن گئے ہیں۔
پاکستان میں معروف ڈیزائنز نے اپنی محنت اور کوششوں کے بعد صرف چند برسوں کے دوران ملک بھر میں فیشن کے نئے انداز بکھیر دئیے ہیں اور اس وقت مارکیٹ میں ڈیزائنرز کے تیار کردہ چیزوں کو ہی ترجیح دی جا رہی ہے ۔جب کہ صف اول کی ماڈلز کا کردار سب سے اہم ہے جنہوں نے خوبصورت پیراہن،جیولری،جوتوں اور ہیئر سٹائلز کے منفرد انداز کو لوگوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ہماری ٹاپ ماڈلز فیشن انڈسٹری کے پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج پوری دنیا تک پہنچا رہی ہیں اور اس کے ذریعے ہمارے ملک کا امیج بہتر ہو رہا ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Jewellery Ke Bagair Singhar Adhoora Rehta Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.