Khawateen K Gair Fitri Baal - Article No. 2194

Khawateen K Gair Fitri Baal

خواتین کے غیر فطری بال - تحریر نمبر 2194

چند سال پہلے ایک لڑکی نے بڑے التجائیہ انداز میں مجھے کہا تھا”حیم صاحب کیا میری مونچھوں کے بال ختم ہو سکتے ہیں

بدھ 30 اکتوبر 2019

قارئین!یہ موضوع جس کا میں نے انتخاب کیا ہے ایک انتہائی حساس اور دلچسپ موضوع ہے اور میں کوشش کروں گا کہ اس کو دلچسپ پیرائے میں بیان کروں۔میرے ساتھ ساتھ چلنے کے لیے تھوڑی دیر کے لیے آپ کو میرا معمول بننا ہو گا۔اس موضوع سے اصول بحث کے دوران تھوڑا سا تحریر میں کھر دراپن آبھی جائے تو پیرا چھوڑ نہیں دینا بلکہ اس موضوع کی گہرائی میں میرے ساتھ اترنے کی کوشش کرنی ہے۔


چند سال پہلے ایک لڑکی نے بڑے التجائیہ انداز میں مجھے کہا تھا”حیم صاحب کیا میری مونچھوں کے بال ختم ہو سکتے ہیں؟“
میں نے معذوری ظاہر کی تھی کیونکہ اُس وقت میں میدان طب کا اناڑی کھلاڑی تھااور میرے خیال میں اس مسئلے کا کوئی حل نہیں تھا۔پھر بعد میں کچھ تجربات ہوئے جن سے میرے لیے تحقیق کی راہ کھلی۔

(جاری ہے)

اگر اُن تجربات کو بیان کروں تو بات بہت لمبی ہو جائے گی۔

مختصراً عرض کئے دیتاہوں۔کہ میں نے جب گرم خشک مزاج والی خواتین کا علاج کیا تو اُن کے غیر ضروری بال ختم ہو گئے اور جن کے بال غیر فطری نہیں تھے اُن کی کلائیوں اور پنڈلیوں وغیرہ کے بال بھی کم ہوگئے ۔قارئین کی تسلی کے لیے میں ایک لڑکی کا کیس نمونے کے طور پر پیش کرتاہوں جس میں غیر فطری بالوں کے تمام کیس سموئے جاسکتے ہیں۔اُس لڑکی کی مونچھیں بھی تھیں۔
اس کی داڑھی کے کچھ تو پتلے پتلے بال ایسے تھے جن کو وہ قینچی سے کاٹ لیا کرتی تھی اور باقی تمام چہرے پر لوئیاں تھیں۔یہی صورت اس کے سینے کی تھی۔اُس نے بتایا کہ سینے بلکہ پورے پیٹ پر بھورے رنگ کی لوئیاں ہیں اور سترہ اٹھارہ کے قریب سینے پر کالے بال بھی ہیں۔اس کے علاوہ اس کی کلائیوں،رانوں اور پنڈلیوں پر بھی بہت گھنے بال تھے۔اُس کا ماہواری کے درد کا علاج کیا تو بال غائب ہو گئے۔

میری اہلیہ محترمہ کے معدہ میں مسلسل درد رہنے لگا جو مزاجاً گرمی خشکی سے تھا۔جب میں نے اُس کا علاج گرم تر غذاؤں اور دواؤں سے کیا تو اس کے جسم پر بال بھی کم ہو گئے۔مجھے خاندانی منصوبہ بندی کے ٹیکوں پر تجربہ کرنا تھا۔میں نے اہلیہ محترمہ کو قربانی کا بکرا بنایا جس پر وہ بخوشی راضی ہو گئی۔اس نے دو دفعہ انجکشن لگوائے اور چار ماہ کے اندر اندر موٹی ہونے لگی اس کے ساتھ ساتھ اس کی مونچھوں والی جگہ پر سبزی آنے لگی اور رخساروں پر 1/2ملی میٹر لمبائی کے ہزاروں بال اُگ گئے جو بظاہر نظر نہیں آتے تھے مگر قریب سے دیکھنے پر محسوس کئے جاسکتے تھے۔
کلائیوں اور پنڈلیوں پر بھی بال زیادہ ہونے لگے۔ایک ماہ تک میں نے اُس کا علاج گرم تر غذاؤں اور دواؤں سے کیا جس سے اُس کا موٹاپا بھی ختم ہو گیا بال بھی غائب ہو گئے اور ٹیکے کا اثر بھی ختم ہو گیا۔
کسی بھی شے کی نشوونما کے لیے دوباتیں بنیادی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ایک اُس شے کی ذاتی استعداد اور دوسرے وہ عوامل وعناصر جو اُس کی نشوونما میں ممدومعاون ثابت ہوتے ہیں۔
انسانی جسم کی فطری یا غیر فطری نشوونما میں جو عوامل وعناصر کا رفرما ہوتے ہیں وہ تین ہیں۔
1کیفیاتی2 مادی3 نفسیاتی
اس مضمون میں چونکہ بحث غیر فطری بالوں سے متعلق ہے تو سب سے پہلے ضروری معلوم ہوتاہے جس جنگ آزادی کے نتیجے میں بال غیر فطری انداز میں اُگتے ہیں اُس کے اسباب وواقعات سے بحث کی جائے ۔اورجب اسباب کو ختم کر دیاجا ئے تو بال اپنی موت آپ مر جائیں گے۔
لہٰذا پہلے ایک نظر خواتین کی جسمانی ساخت اور مزاج پر ڈال لی جائے۔
ہم دیکھتے ہیں کہ کوئی عورت گوری ہے تو کوئی سانولی ۔کسی کے بال ناگن کی طرح بل کھاتے ہیں تو کسی بے چاری کا پراندہ بالوں میں اٹکتا بھی نہیں ۔کسی کا اوپر کا دھڑ لاغر ہوتا ہے تو کسی کا نچلا دھڑ ۔کسی کی گردن چھوٹی ہوتی ہے تو کسی کی گردن کی صراحی سے تشبیہ دی جاتی ہے ،اس طرح کے ہزاروں تفرقے جو خواتین کے درمیان رشک وحسد کا باعث ہیں۔
میں اُن کی وجہ تسمیہ ایک سادہ سی مثال سے واضح کرتاہوں۔
ایک کسان ایک قطعہ زمین میں گندم بوتا ہے جس میں گندم کی نشوونما کے لیے تمام ضروری عناصر وعوامل مساوی طور پر موجود ہیں۔جب گندم پک کر تیار ہو جاتی ہے تو کسی بیج سے اُگنے والے پودے میں تیس سٹے نکلتے ہیں اور ہرسٹے میں سوسودانہ ہوتاہے۔ایک دوسرے پودے میں 5سٹے نکلتے ہیں اور ہرسٹے میں پچاس پچاس دانے ہوتے ہیں ۔
کسی بیج سے اُگنے والے پودے کا صرف ایک ہی سٹہ ہوتا ہے اور وہ بھی ہوتاہے کہ اُس سے اُگنے والا پودا بھی سبز ہوتاہے جبکہ پوری فصل پک کر تیار ہو چکی ہوتی ہے ۔یعنی ساخت کے سلسلے میں بنیادی چیز کسی شے کی اپنی ذاتی استعداد ہے۔
اگر بیجوں کی ذاتی استعداد مختلف ہونے کے ساتھ ساتھ زمین کی زر خیزی بھی یکساں نہ ہو اور روشنی پانی ہوا وغیرہ کا تناسب بھی مساوی نہ ہوتو پودوں میں ساخت کے لحاظ سے رشک وحسد اور بڑھ جائے گا۔یعنی ساخت کے سلسلے میں دوسری بنیادی چیز عوامل وعناصر ہیں۔ضمناً یہ بھی بتاتاچلوں کہ جب زمین کمزور ہوتو کسان اُس میں کھا د ڈالتا ہے ۔اور جب زمین زیادہ طاقتور ہواور فصل کو چھکا دیتی ہوتو کسان زمین کی قوت کو کم کرنے کے لیے اُس میں باجرہ بو دیتاہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Khawateen K Gair Fitri Baal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.