Khawateen Ka Zaiwer - Article No. 2020

Khawateen Ka Zaiwer

خواتین کا زیور - تحریر نمبر 2020

زیور ساز ․․شفق حبیب روایت اور جدت کا بھر پور اظہار کرتی ہیں

جمعرات 28 مارچ 2019

درخشاں فاروقی
”خوبصورت چیزیں جس طرح کسی بھی خاتون کو متاثر کر سکتی ہیں مجھے بھی کرتی تھیں ۔زیور کے لئے تو کہا ہی جاتا ہے یہ عورت کی کمزوری ہے ۔زیور کسی ملک کے ہوں مجھے متاثر کرتے تھے ۔خاص کر بیرونی ملکوں کی ثقافتوں سے آشنا ہونے کے لئے بے چین رہتی تھی ۔پھر میں نے سوچا کہ باقاعدہ یہ فن سیکھنا چاہئے چنانچہ تر بیتی ادارہ Lord& TaylorجوPearls Galoreکے لیبل کے ساتھ کام کررہا تھا۔

میں نے باقاعدہ زیور بنانا سیکھنے، واشنگٹن DCمیں پہلی باقاعدہ نمائش 1982ء میں کرائی ۔جس کی پذیرائی نے حوصلے بلند کئے۔“
”آپ کے تخلیق کردہ ڈیزائن کی جمالیاتی خصوصیت اور پہچان کیا ہو سکتی ہے ؟“
”میرے ڈیزائن میں مختلف روایات اور ثقافتیں ایک دوسرے میں ضم ہوتی نظر آئیں گی ۔

(جاری ہے)

یہ مکمل طور پر مغربی نہیں لیکن جنوبی ایشیائی ثقافت سے میل کھاتے ہیں اور انہیں مغربی طرز کے ملبوسات کے ساتھ بھی پہنا جاتا ہے ۔

زیور سازی نہایت چیلنجنگ کام ہے ۔ہر چند ماہ بعد ڈیزائن پرانا ہو جاتا ہے یا لوگوں کے دل سے اتر جاتا ہے ۔میں ہر آن نئے رجحانات پر غور کرتی رہتی ہوں ۔ہر بار بہترین چاہ رکھتے ہوئے اچھے سے اچھا تخیل آزماتی ہوں تاکہ اپنے مداحوں اور کلائنٹس کی تو قعات پر پوری اترتی رہو۔
”اگر کوئی آرڈر کرتا ہے تو ذہن میں کیا تصور ہوتا ہے کہ جس کے لئے زیور ڈئزائن کریں؟“
”میرے ذہن میں مخصوص خاتون کا خاکہ تیار ہوتا ہے ورنہ عام طور پر تو جو بھی خاتون پہنے خوبصورت ،
منفرد اور عمدہ ذوق کی دلدادہ ہو ،اتنا کافی ہے ویسے چھوٹا منہ بڑی بات نہ ہو تو اتنا کہہ دوں کہ میرے زیور پہن کر کوئی خاتون بد نما کبھی نہیں لگ سکتی ۔

”آپ کے ڈیزائن جب کاپی ہوتے ہیں تو کیا محسوس کرتی ہیں ،دکھ تو ہوتا ہو گا؟“
”زیور ایسی چیز ہیں کہ کاپی ہوتے ہی ہیں لیکن وہ باریکی سے کاپی نہیں ہوسکتے تا وقتیکہ کوئی بہت ہی مشاق ڈیزائنر یا جیولر نہ ہو پہلے میں اس بات کو بہت محسوس کرتی تھی ۔دکھ بھی ہوتا تھا لیکن مجھے کسی اور ڈیزائنر نے سمجھایا کہ دل چھوٹا نہ کیا کرو میں تو اس وقت سے ڈرتی ہوں جب میرے ڈیزائن کاپی کرنا لوگ بند کردیں گے ۔
یہ بات میرے دل کو لگی کہ واقعی جس کی شہرت اور معیار ی کام ہو گا لوگ اسی کے ڈیزائن تو کاپی کریں گے۔“
”آپ کتنے کیرٹ گولڈ اور کس قسم کے نگینوں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتی ہیں؟“
”میں 22Ktگولڈ ہی میں کام کرتی ہوں ۔میرے زیور ہاتھوں سے بنائے جاتے ہیں اس لئے بھی افرادی قوت بڑھ جاتی ہے پھر اصلی موتی اور قیمتی نگینے بھی استعمال کرتی ہوں اور یہ نگینے جینوئن ہوتے ہیں ۔
رنگوں کایہ ہے کہ یہ ہمارے کلائنٹس کی عام پسندناپسند اور رجحان کے مطابق انتخاب کئے جاتے ہیں۔“
”زیور کا کوئی ایسا رجحان جسے آپ خود بھی بہت پسند کرتی ہوں ؟“
”مجھے لڑیوں والے نیکلس اور نولکھا قسم کے زیور زیادہ بھاتے ہیں ۔بریسلیٹ ،انگوٹھیاں چوکرز اور ماتھا پٹیاں بھی بہت اچھی لگتی ہیں ۔“
”شوبز کی دنیا کی کوئی ایسی شخصیت جو زیور کا بہت اعلیٰ ذوق رکھتی ہو؟“
”ایلز بتھ ٹیلر اور مادام نور جہاں دونوں ہی اعلیٰ ذوق رکھنے والی خواتین تھیں ۔
انہیں ہیروں ،نگینوں اور موتیوں کی پہچان بھی تھی ۔ایلز بتھ ٹیلر نے کلو پترا میں بہت شاندار زیور پہنا ہے اور مادام نے ٹیلی ویژن پر ہمیشہ اچھا زیور پہنا ہے ۔“
”آپ اپنی فیملی اور بچوں کے ساتھ کام اور وقت کی تقسیم کیسے کرتی ہیں جبکہ سنا ہے کہ آپ کو دنیا گھومنے کا بھی بڑا شوق ہے ۔“
”میں اکثر اپنی فیملی کو بھی اپنے ساتھ رکھتی ہوں مگر بسا اوقات ایسا ممکن نہیں ہوتا لیکن کام کرنے والی خواتین اپنی بصیرت اور سمجھداری سے کام اور گھر کو توازن رکھ کر چلا ہی لیتی ہیں ۔
میری فیملی کو کبھی مجھ سے شکایت نہیں ہوئی ۔میں ترکی ‘مصر‘ مشرق وسطیٰ اور یورپ کی سیر وسیاحت کر چکی اور اس کے ساتھ ساتھ وہاں کے زیورات سے متعلق جانکا ری بھی حاصل ہو جاتی ہے ۔پھر بھی میں روایتی ٹچ ضروردیتی ہوں۔“
”یوم خواتین کے موقع پر آپ کیسا محسوس کرتی ہیں؟“
”اپنے اندر تو انائی پاتی ہوں اور زیادہ حوصلہ محسوس کرتی ہوں یوں جانئے کہ نئی امنگ کے ساتھ اپنے کام میں جت جاتی ہوں ۔“
”آنے والے نئے زیورات سے متعلق کیا کچھ کہنا چاہیں گی؟“
”میرا نیا برائڈل کلیکشن Heirloomsکے عنوان سے تکمیل پا چکا ہے ۔میرا کام سوشل میڈیا کے ذریعے عوام الناس میں جانا پہچانا جاتا ہے ۔اب میں نئے افق تلاش کرنے کی مہم پر جارہی ہوں۔“

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Khawateen Ka Zaiwer" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.