Khawateen Yeh Ramzan Kaise Guzarain - Article No. 2349

Khawateen Yeh Ramzan Kaise Guzarain

خواتین یہ رمضان کیسے گزاریں - تحریر نمبر 2349

اس بار گھر کی صفائی کے ساتھ ساتھ اپنے دل کی صفائی بھی کریں

منگل 5 مئی 2020

راحیلہ مغل
جوں ہی رمضان المبارک کا آغاز ہوتاہے ہر مسلم گھرانے میں روحانی خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے ۔یوں محسوس ہوتاہے کہ ایک الگ ہی تبدیلی چاروں طرف پھیل گئی ہے ۔ماحول میں عجب طمانیت پھیل جاتی اور فضا میں انوکھی خوشبو رچ بس جاتی ہے ۔خواتین مرد اور بچے سب ہی اس مہینے کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں اور اس کا استقبال دل کی گہرائیوں سے کرتے ہیں ۔
اس بابرکت مہینے کی محبت وعقیدت مسلمانوں کے لئے ہمیشہ سے ہی بے مثال رہی ہے ۔اس ماہ میں ہر گھر میں خواتین کا کردار پہلے سے زیادہ اہم ہو جا تا ہے ۔سحر وافطار کا خصوصی اہتمام کرنا ،گھر والوں کو سحری کے وقت جگانا ،بچوں کو نماز اور قرآن پاک کی تلاوت کا پابند بنانا، محلے میں افطاری بھیجنے کا اہتمام کرنا، رشتے داروں کو افطار کے لئے مدعو کرنا وغیرہ ،یہ ساری ذمے داریاں خواتین ہی ادا کرتی ہیں۔

(جاری ہے)


افطاری سے سحری تک اہل خانہ کی فرمائش پر قسم قسم کا پکوان اور اسے ان کے سامنے پیش کرنے تک خواتین کو نہ صرف ہر فرد کی پسند کا خیال رکھنا پڑتا ہے بلکہ انھیں اپنے بجٹ کی بھی فکر رہتی ہے ۔ہر روز وہ اس مشکل اور کڑے امتحان سے گزرتی ہیں اور اس موقع پر انتہائی مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی بھر پور کوشش میں ہلکان ہوئی جاتی ہیں ۔اسی مصروفیت اور مسائل کو دیکھتے ہوئے اپنی ماں جی سے پوچھا کہ سمجھ نہیں آرہی رمضان میں کس طرح سب کام مینج کروں ،روزے بھی ہیں، کام والی بھی نہیں آرہی ،سحری افطاری کی تیاری بھی کرنی ہوتی ہے ،عبادت بھی کرنی ہے ،تو اُنھوں نے کچھ خوبصورت مشورے دئیے جنھیں اپنی خواتین قارئین کے ساتھ شیئر کرنا چاہوں گی کیونکہ کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بیماری لائف روٹین کافی حد تک بدل چکی ہے ۔
بچے بڑے سب گھروں میں محصور ہیں ،کام بند ہیں ،کچھ لوگ گھروں میں بیٹھ کر آن لائن کام کر رہے ہیں، روٹین اُن کی بھی ڈسٹرب ہے اور رمضان کا آغاز ہو چکا ہے ۔
ماں جی بڑے حساس دل کی سادہ دل خاتون ہیں کہنے لگیں بیٹا جی !اتنا رحمتوں بھرا مہینہ ہے ،اتنے میلے کچیلے ،آلودہ دل کے ساتھ روزے رکھو گی تو رمضان کا مقصد کبھی بھی نہیں پاسکو گی؟
میرا مشورہ ہے کہ اس بار گھر کی صفائی کے ساتھ ساتھ اپنے دل کی صفائی بھی کرلو۔
بات اتنی مشکل تو نہیں تھی مگر اتنی آسان بھی نہ تھی میں نے پوچھا گھر کی صفائی تو سمجھ میں آتی ہے مگر دل کی صفائی کیسے کروں؟ماں جی بولیں بہت آسان ہے اگر تمہارے دل میں کسی کے لئے ذرا سی بھی نفرت ہے اس کو ختم کردو۔ کسی کی کامیابی دیکھ کر جلن محسوس ہوتی ہوتو اللہ سے توبہ کرو اور اس پر رشک کرو۔ کسی بہن بھائی عزیز نے تمہارا دل توڑا ،تمہاری حق تلفی کی ہے تو اسے معاف کردو۔
ناراض بہن بھائیوں میں صلح کرادو ، ایک دوسرے کی غیبت کرنا چھوڑ دو ،اگر تم نے کسی کا دل دکھایا ہے تو اس کے پاس جا کر اس سے معافی مانگو۔ لوگوں کی کامیابی میں روزے اٹکا نا چھوڑ دو، دوسروں کی خوشی میں خوش ہونا سیکھو۔ بات بات پر لڑنے کی عادی ہوتو اپنے لہجے میں نرمی اور منہاش پیدا کرلو ۔جب اپنی الہاریاں صاف کرنے لگو تو ضرورت سے زائد کپڑے نکال کر کسی ضرورت مند کو دے دو۔
ماں جی ذر اسے توقف کے بعد پھر بولیں اسی طرح اپنے مال کو بھی صاف کر سکتی ہو!راشن خرید نے جاؤ تو کچھ لے آؤ ۔اپنے اردگرد ان لوگوں پر نظر دوڑاؤ جن کی غیرت انہیں کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانے دیتی ۔ان کی خاموشی سے مدد کرو تاکہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔
اُنھوں نے جو کہا سچ کہا واقعی بہت سے کام ایسے ہوتے ہیں جن پر پیسے نہیں لگتے مگر وہ دُگنا منافع دے جاتے ہیں اس لئے جہاں تک ہو سکے ہم دوسروں میں خیر اور آسانیاں بانٹنی چاہئے ۔
ہمیں چاہئے کوئی بیمار ہوتو اس کے پاس جا کر بیٹھ جائیں اس سے اچھی اچھی باتیں کریں اس کا حوصلہ بڑھے گا تو یہ نیکی کروڑوں خرچ کرنے سے بہتر ہے ۔کسی غریب کے بچے کو پڑھنے میں مدد کردیں ،کسی بچے کا رشتہ نہیں ہو رہا اس کے لئے کوشش کریں ۔کسی کو ملازمت نہیں مل رہی اس کے لئے روزگار کا انتظام کروا دیں اور کچھ نہیں تو کسی دکھی انسان کے پاس بیٹھ کر اس کی داستان ہی سن لیں تاکہ اس کے دل کا بوجھ ہلکا ہو سکے۔

غرضیکہ ہزاروں طریقے ہیں دل کو صاف کرنے ،روح کو پاک کرنے اور معاشرے کو بہتر بنانے کے جو ہم رمضان میں کر سکتے ہیں ۔مزہ تو تب ہے کہ اس ماہ مبارک میں نہ کوئی بھوکا رہے نہ بے لباس ۔امیر غریب سب عید منائیں اور یہ مقصد حاصل کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ان کاموں کے ساتھ اپنے ضروری کام بھی نمٹاتے جائیں وہ بھی اپنی جگہ اہم ہیں۔

اس میں شک نہیں کہ ماہ رمضان نیکیوں کا موسم بہار ہے ۔یہ عبادات کے ذریعے قرب خداوندی اور اصلاح باطن کا موقع دیتاہے ،رمضان المبارک میں مختلف عبادات میں نماز بہت قیمتی ہے لیکن ایسا بھی نہیں ہونا چاہئے کہ آپ نماز میں بھی ذہنی طور پر کچن میں موجود رہیں۔ یاد رکھیں رمضان چٹ پٹے پکوانوں یا مشروبات کا مہینہ نہیں ہے ۔افطار اور سحری سادہ بھی ہو سکتی ہے اور عورت کا وہ سارا وقت عبادات سے گزر سکتاہے جو اس پر فرض ہے اور اس کی آخرت سنوارنے کے لئے بھی ضروری ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Khawateen Yeh Ramzan Kaise Guzarain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.