Khusbu Lagao Jaan E Mehfil Ban Jao - Article No. 2203

Khusbu Lagao Jaan E Mehfil Ban Jao

خوشبو لگاؤ جان محفل بن جاؤ - تحریر نمبر 2203

پر فیوم زمانہ قدیم سے ہی انسان کے استعمال میں ہے کیونکہ اس کا استعمال باذوق ہونے کی گواہی دیتاہے۔

ہفتہ 9 نومبر 2019

زینب مغل
پر فیوم زمانہ قدیم سے ہی انسان کے استعمال میں ہے کیونکہ اس کا استعمال باذوق ہونے کی گواہی دیتاہے۔اس کو استعمال کرنے والا محفل میں توجہ کا مرکز بن جاتاہے۔پر فیوم کا استعمال نہ صرف باذوق ہونے کی علامت ہے بلکہ ہر فیشن کے ساتھ امارت اور شان وشوکت بھی بنتا جارہاہے۔پارٹیز یا فنکشن میں خواتین اپنی دل پسند خوشبو لگا کر جاتی ہیں اور دوسروں کی خوشبو پر کمنٹس کرنا اور اپنی خوشبو کے بارے میں بتانا پسند کرتی ہیں۔


پر فیوم کی تاریخ بہت قدیم ہے۔ہزاروں برس سے انسان پرفیوم استعمال کرتا آرہا ہے۔پر فیوم کا لفظ ایک لاطینی لفظ(Perfumem)سے نکلا ہے جس کے معنی ہیں دھویں کے ذریعے۔ایشیاء میں خوشبو کا فن مصری آرٹ سے بالکل مختلف ہے۔آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ کچھ پر فیومز کی تیاری میں کچھ بہت عجیب وغریب اشیاء بھی شامل ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)


مثلاً”جنگلی بلی کی بڑی آنت کے غدود،نیولے کے غدود،تمباکو،وہیل مچھلی کے پیٹ میں موجود عنبر اور کچھ خاص غدود،۔

مشک بھی ایک خاص قسم کے ہرن کا ناف کے غدود سے حاصل ہوتاہے۔مشہور ہالی ووڈ اداکارہ جنیفر لوپز کو اپنے نام کو برانڈڈپرفیوم بنوانے کا خیال اس طرح آیا کہ اس کو اپنے گھر کے لان کے پچھواڑے لگے درختوں اور مختلف پھولوں کے پودوں اور پتوں سے مل جل کر ایک انتہائی دلفریب مہک آتی تھی۔اس نے ماہر پر فیوم سازوں کو بلا کر وہ خوشبو سونگھائی اور بلا خران ماہرین نے بالکل ویسا ہی پرفیوم تیار کر لیا جو آج مارکیٹ میں جنیفرلوپز کے نام سے دستیاب ہے۔
اسی طرح مشہور گلوکارہ ماریا کیری نے اپنے نام کا پرفیوم ایم”M“مارکیٹ میں متعارف کروایاہے۔
برصغیر میں بھارت کا ایک شہر قنوج انتہاء شہرت کا حامل ہے۔قنوج کے عطر بہت مشہور ہیں۔یہ شہر صدیوں سے عطریات کا مرکز رہا ہے،جہاں کا شمامتہ العنبر اور گل بہت مشہور عطر ہے،دھند کا اصلی عطر دہن العود خالص ہے،جس کی تعریف پرانے دواین عرب میں ملتی ہے اور شیخ سعدی شیرازی رحمة اللہ علیہ نے اپنی کتابیں گلستاں وبوستاں میں بھی عودہندی کا ذکر کیا ہے،آج بھی خالص دہن العود بہت مہنگا ہے،دہن العود اور خشب العود دونوں ہندوستان کے صوبہ آسام میں وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں ۔
اس کا ایک درخت پکنے میں 25-20سال کا عرصہ لیتا ہے اور 50-40لاکھ میں فروخت ہوتا ہے،اجمل للعطور ،انفر للعطور،یہ دو کمپنیاں بہت مشہور ہیں۔دونوں کا دہن العود بہت مشہور ہے۔پوری دنیا میں اجمل للعطورات کے تقریباً4ہزار سے زائد شوروم ہے۔
مردوں کے پر فیومز میں سب سے زیادہ رجحان سی واٹر یا سمندری نمکین ہوا کی خوشبو کا شامل ہونا ہے۔یہ انتہائی تازگی کا احساس پیدا کرتاہے۔

ڈیویڈوف کاCOOL DAVIDOFF WATERکی بہترین مثال ہے۔خواتین کے پرفیومز میں سی واٹر کی خوشبو شامل نہیں کی جاتی لیکن ماریا کیری کے پر فیوم”ایم“”M“میں یہ خوشبو شامل ہے۔پرفیومز کی خوشبو کے لحاظ سے بھی ان کی اقسام ہوتی ہیں کہ جو کہ درج ذیل ہیں آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ آپ کو کیسا پر فیوم پسند کرنا ہے جیسا کہ سوپی۔(Soapy)یعنی صابن جیسی تازگی بخش مہک والا پاؤڈری‘۔
(Powden)یعنی پاؤڈر جیسی خوشبو والا اسپائسی۔(Spicy)اس میں عام طور پر دار چینی الائچی اور لونگ وغیرہ کی خوشبو نمایاں ہوتی ہے۔ووڈی۔(Woody)اس میں لکڑی جیسے کہ صندل اور دوسری خوشبو دار لکڑیوں کی خوشبو نمایاں ہوتی ہے۔
سٹرس۔(Citrus)کھٹی اور بھینی بھینی خوشبو جو عام طور پر لیموں اور مالٹے کے پھولوں سے کشیدکی جاتی ہے اور اکثر مردانہ پرفیومز کا لازمی جزوہے۔
،آج کل چاکلیٹ ،چائے اور کافی کی خوشبو والے نوٹس کے پرفیوم بھی دستیاب ہیں۔مثلاً ٹام فورڈ کا ”کیفے رو“بر بیری کا دابیٹ،باڈی شاپ کا چوکو مانیا،بلیک کافی وغیرہ سوندھی سوندھی مٹی کی خوشبو والا عطر”عطر گل“بھی کچھ لوگ پسند کرتے ہیں۔
خوشبو کو ہمیشہ جسم کی جلد پر لگانا چاہیے خاص طور پر بغلوں،گردن اور کلائی پر اس طرح خوشبو تادیر قائم ر ہتی ہے۔
اکثر لوگ اپنے لباس پر پر فیوم چھڑک لیتے ہیں جو جلد ہی اڑ جاتاہے اور مطلوبہ نتائج بھی نہیں مل پاتے۔
اب آپ کو دنیا کے کچھ مشہور پر فیوم کمپنیز کے نام بتاتے ہیں۔کیلون کلائن،ایسٹی لاڈر،ڈولچے اینڈ گبانا،گوچی ،پراڈا،بربیری ،کرسٹن ڈائر،ڈیویڈوف،ارمانی،ہرمز،ورساچے،شنیل،جین پال اور سینٹ لارینٹ وغیرہ۔۔۔
خواتین کی خوشبو کے انتخاب سے ان کی شخصیت اور سٹائل کا احساس ہوتاہے۔
خوشبو نو روز اول سے ہی خواتین کو اپنی اہمیت کا احساس کروارہی ہے۔مخصوص برانڈز خواتین کی گفتگو کا حصہ ہوتے ہیں اس حوالے سے ہم نے انار کلی بازار کا ایک وزٹ کیا وہاں پر فیوم کی خریدار ی کرتے ہوئے ایک خاتون غزالہ اسلم نے بتایا کہ مجھے خوشبو کے آس پاس رہنا بہت اچھا لگتا ہے اور میں ہروہ خوشبو خرید نا پسند کرتی ہوں ،جو بازار میں نئی نئی آتی ہیں۔

وہیں پر موجود صائمہ علی نے بتایاکہ پر فیوم خریدتے ہوئے اس کے ہلکے اور تیز ہونے کا احساس بھی کر لینا چاہئے کہ جو پر فیوم آپ خریدنے جارہی ہیں آپ کو اس کی شناخت ہے یا نہیں۔اس کے علاوہ آپ کو یہ بھی پتہ ہونا چاہئے کہ جو پرفیوم آپ نے خریدی ہے،اُس کا کوئی نقصان تو نہیں۔اس سے آپ کو الرجی تو نہیں ہوگی۔اگر آپ پہلی مرتبہ پر فیوم استعمال کررہی ہیں تو اسے چند گھنٹے کلائی پر لگا کر دیکھ لیں کہ اس سے آپ کو کسی قسم کی الرجی تو نہیں ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Khusbu Lagao Jaan E Mehfil Ban Jao" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.