Khush Raheen Jawan Raheen - Article No. 2234

Khush Raheen Jawan Raheen

خوش رہیں جوان رہیں - تحریر نمبر 2234

بوٹوکس کے زہر میں خوبصورتی تلاش نہ کریں

جمعہ 13 دسمبر 2019

راحیلہ مغل
نوجوان اور خوبصورت نظر آنا ہر مرد وعورت کی خواہش ہے۔شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات تو ہمیشہ جوان اور خوبصورت نظر آنے کیلئے ایسے ایسے انجکشن لگواتے ہیں اور خوبصورت نظر آتے ہیں کہ عام آدمی کے دل میں بھی ان کی طرح نوجوان نظر آنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے لیکن یہ ٹریٹمنٹ کس قدر خطر ناک ہے آج ہم اس آرٹیکل میں آپ کو ان خطرات سے آگاہ کریں گے۔
وقت گزرنے کے ساتھ جیسے جیسے لوگوں میں شعور آرہا ہے عام خواتین خوبصورت نظر آنے کیلئے کئی طریقے آزما چکی ہیں۔پہلے رنگ گورا کرنے والی کریمیں استعمال کیں جس کے استعمال تک تو چہرہ فریش نظر آتاہے لیکن جیسے ہی استعمال ترک کیا جائے رنگت پہلے سے بھی زیادہ خراب نظر آتی ہے اور جلد بھی ڈھلک جاتی ہے۔

(جاری ہے)


اس صورتحال سے بچنے کیلئے اب خوشحال گھرانوں کی خواتین”بوٹوکس“انجکشن استعمال کررہی ہیں۔

دراصل خوبصورت نظر آنے کے جنون میں وہ یہ بات نظر انداز کرجاتی ہیں کہ”بوٹوکس “انجکشن کی صورت میں وہ ایک ایسا زہر اپنے جسم میں منتقل کررہی ہیں جو انہیں موت کے منہ تک لے جا سکتاہے۔
خوبصورت ‘فریش نظر آنے کیلئے اور جھریاں ختم کرنے کیلئے”بوٹوکس“دوا بہت محدود مقدار میں مخصوص مقامات پر استعمال کی جاتی ہے جب یہ دوانجیکٹ کی جاتی ہے تو یہ اعصاب سے عضلات تک پیغامات کی ترسیل روک دیتی ہے۔

جن عضلات کو دوا سے ہدف بنایا جاتاہے وہ سکڑنے کا عمل روک دیتے ہیں۔جن سے مخصوص عضلاتی حالات پر سکون ہو جاتے ہیں اور چہرے پر پڑی شکنیں سلوٹیں اور جھریاں دور ہو جاتی ہیں۔ان کے استعمال سے ہونٹوں کے اوپر‘آنکھوں کے کنارے اور بھنوؤں کے درمیان کی شکنیں اور سلوٹیں دور ہو جاتی ہیں۔اگر چہ بوٹوکس کا زہر زندگی کو خطرے میں ڈال دیتاہے ۔
لیکن اس کی کم تر خوراکوں کو محفوظ سمجھتے ہوئے استعمال کیا جاتاہے البتہ اس کے لئے ضروری ہے کسی مستند‘کوالیفائیڈ اور پیشہ ورڈرماٹولوجسٹ کی خدمات حاصل کی جائی۔کیونکہ اگر کسی ناتجربہ کارمعالج سے بوٹوکس کروالیا تو اس کے خطر ناک نتائج بھی بھگتنے پڑ سکتے ہیں مثلاًعضلات ڈھلک جائیں گے یا لٹک جائیں گے یا دیگر خطر ناک نتائج بھی سامنے آسکتے ہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ بوٹو کس کے انجکشنز آج پوری دنیا میں مقبول ہورہے ہیں اور سیلیبرٹیز کی ایک بہت بڑی تعداد اس سے استفادہ کررہی ہے۔لیکن اس کے جو سائیڈ انفیکشن ہوتے ہیں ان میں بخار‘سردرد‘سردی لگنا وغیرہ شامل ہے۔بعض اوقات جو انجکشن آنکھوں کے پاس لگوائے جاتے ہیں،اس کے استعمال سے پلکیں ڈھلک جاتی ہیں۔بھنویں غیر ہموار ہو جاتی ہیں۔
آنکھوں میں خشکی محسوس ہوتی ہے اور آنسو بھی بہنا شروع ہو سکتے ہیں۔اسی طرح اگر ہونٹوں کے پاس یہ انجکشن لگوائے جائیں تو منہ سے رال ٹپک سکتی ہے ۔ہونٹ مسکراہٹ کا تاثر دینے میں ناکام رہتے ہیں۔
وہ لوگ جو اپنے چہروں کو جھریوں سے دور رکھنے کے لئے تادیر جوان نظر آنے کی خواہش رکھتے ہیں انہیں سال میں3-2بار بوٹوکس انجکشنز لگوانے پڑتے ہیں اور جب یہ انجکشنز لگوانے ترک کرد ئیے جاتے ہیں تو چہرے پر شکنیں سلوٹیں دوبارہ شروع ہو جاتی ہیں اور بڑھاپا بڑی تیزی سے چہرے پر اثر دکھانا شروع کر دیتاہے۔
اس لئے ضروری ہے کہ اپنی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ایسی خوراک استعمال کریں جو آپ کو بیماری سے اور موٹاپے سے بچائے اور آپ تادیر جوان نظر آئیں۔اس کے علاوہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہر انسان نے بچپن سے جوانی اور جوانی سے بڑھاپے کا سفر طے کرنا ہے یہ قدر تی عمل ہے اس میں رکاوٹ ڈالنے سے بہتر ہے کہ اپنے آپ کو فطری اصولوں کے تحت پروان چڑھنے دیں خوش رہیں با اعتماد رہیں آپ خوب صورت نظر آئیں گے۔خوبصورتی کیلئے ان کریموں اور انجکشنز کا سہارا لینے کی بجائے اپنے لئے اچھی خوراک استعمال کریں اور قدرتی تبدیلی کو دل سے قبول کریں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Khush Raheen Jawan Raheen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.