Mala Aur Guloband Ke Naye Rang Nayi Chab - Article No. 2963

Mala Aur Guloband Ke Naye Rang Nayi Chab

مالا اور گلوبند کے نئے رنگ نئی چھب - تحریر نمبر 2963

آپ کے بناؤ سنگھار کے انداز میں تبدیلی کی خاطر آپ کے لئے خوبصورت زیور گلوبند اور مالا کا انتخاب کیا ہے

جمعہ 2 ستمبر 2022

راحیلہ مغل
مجھے آسرا بھی نہیں کسی کی دعاؤں کا
مجھے خوف آتا ہے،یوں بھی وقتِ زوال سے
یشب اپنے آپ سے مل کے کتنا بھلا لگا
مجھے فرصتیں ہی نہیں ملیں کئی سال سے
تو واقعی کبھی خود سے بھی مل لیا جائے،تو بہت اچھا لگتا ہے کہ اس بہانے جب اپنا جائزہ لیں،تو جہاں شخصیت سازی میں مدد ملتی ہے،وہیں سجنے سنورنے کے انداز میں خوشگوار تبدیلی بھی لائی جا سکتی ہے۔
اسی لئے اس بار ہم نے آپ کے بناؤ سنگھار کے انداز میں تبدیلی کی خاطر آپ کے لئے خوبصورت زیور گلوبند اور مالا کا انتخاب کیا ہے۔کیونکہ زیور ایک ایسی چیز ہے جو زمانہ قدیم سے خواتین اپنے بناؤ سنگھار کے لئے استعمال کرتی چلی آ رہی ہیں۔زیورات کے ذریعے خواتین کے حسن کو چار چاند لگ جاتے ہیں اور ان کی دلکشی میں اضافہ بھی ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے وہ جیولری کے نئے ٹرینڈز پر بھی نظر رکھتی ہیں۔

یقینا آپ بھی جیولری میں نئے ٹرینڈز سے باخبر رہنا چاہتی ہیں۔تو گلوبند کے بارے میں جانئے،آج کل ان کا بہت فیشن ہے کیونکہ یہ گردن کے ساتھ فٹ ہو جاتا ہے اور گردن کو نمایاں اور خوبصورت بناتا ہے۔اس لئے آج کل ینگ خواتین اسے اپنے ڈریس کے ساتھ میچنگ کرکے پہن رہی ہیں۔یہ سونے،چاندی اور پلیٹینم کے علاوہ ویلوٹ،لیدر اور پلاسٹک میں بھی دستیاب ہیں اور لاہور کے ہر بازار میں مل رہے ہیں۔

گلوبند یا گلے کی مالا،گردن اور گلے کو ڈھانپتا ہوا یہ زیور 90ء کی دہائی میں مقبول تھا۔آپ نے ملکہ ترنم نور جہاں کو کئی ٹیلی ویژن پروگراموں میں انہیں اپنی ساڑھیوں کے ہم رنگ کپڑوں اور نگینہ جڑے گلوبند پہنے دیکھا ہو گا۔ادھر ذرا ماضی میں دیکھئے تو عرب گلوکارہ ام کلثوم کی گائیکی کے متوالے بھی ان کی شاندار جامہ زیبی اور گلوبند پہننے کے اسٹائل کو شائد ہی بھولے ہوں۔
تاہم یہ محض شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا کے ستاروں ہی کا چلن نہیں رہا۔پہلے کبھی مخمل،شنیل،ساٹن اور نائیلون کے کپڑے سے بنائے جاتے رہے،اب زیور سازی کی صنعت میں گلوبند کو سونے کی دھات سے بھی بنایا جانے لگا ہے۔
ظاہر ہے سونا ہر خاص و عام کی دسترس میں شامل نہیں رہا اور جرائم پیشہ افراد کی وارداتوں کے خوف سے بھی اکثر خواتین نے پہننا کم کر دیا ہے۔
وہ وقت بھی دور نہیں جب اصلی جیسے نظر آنے والے سونے کے رنگ کے گلوبند ماہر دستکاروں کے ہاتھوں سے تراشے ہوئے،ہماری مارکیٹوں میں دستیاب ہوں گے۔ہو سکتا ہے آپ نے کسی کو موتیوں میں پروئے ہوئے مہین تاروں کے ساتھ لچکدار گلوبند پہنے دیکھا ہو۔اسے آپ جدید مغربی تراش خراش کے ملبوسات کے ساتھ بھی استعمال کر سکتی ہیں۔
گلوبند اپنی کندہ کاری اور نقاشی کے باعث شخصیت کے ظاہری حسن کو نکھار بخشتا ہے۔
کچھ گلوبند باریک لڑیوں اور پتیوں سے آراستہ کئے گئے ہیں۔اس پر ہاتھ اور مشین کی کاریگری سے نفاست بھی جھلکتی ہے۔پرتکلف تقریبات یا اہم شادی کی رسومات ہوں تو قیمتی ملبوسات کے سات اسے پہنا جا سکتا ہے۔دراصل ہر خاتون جانتی ہے اور اگر نہیں جانتی تو اسے جاننا چاہئے کہ اسے کیسے اسٹائلش نظر آنا ہے۔اسی لئے تو ہم کہتے ہیں کہ زیور اور میک اپ کے انداز آپ کی پوشاک کا مان بڑھا دیا کرتے ہیں تو پہنیے،اوڑھیے اور خوبصورت نظر آئیے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Mala Aur Guloband Ke Naye Rang Nayi Chab" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.