Marhaba Ramzan - Article No. 3112

Marhaba Ramzan

مرحبا رمضان - تحریر نمبر 3112

اچھا شیڈول بھی اشد ضروری

منگل 11 اپریل 2023

راحیلہ مغل
رمضان المبارک کی عظمت و اہمیت سے ہم سبھی واقف ہیں۔اس ماہِ مقدس کی شان ہی نرالی ہے۔عظمتوں والے اس مہینہ میں عبادت کا ثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے،وہیں اللہ پاک کی رحمتوں اور برکتوں کا نزول ہوتا ہے۔خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس ماہِ مقدس کو پائیں اور اس کا حق ادا کرنے کی کوششیں کریں۔اس ماہِ مقدس کی شان کے پیش نظر ہر مسلمان مرد،عورت اور بچے کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عبادت کر کے اپنے رب کو راضی کر لے۔
خواتین چاہتی ہیں کہ اچھی طرح عبادت بھی ہو جائے اور گھریلو کام بھی بخوبی انجام دیے جائیں،اس کے لئے خواتین کو شیڈول بنا لینا چاہیے۔
بعض خواتین فجر کی نماز پڑھ کر اور تلاوت قرآن پاک سے فارغ ہو کر سوتی جاتی ہیں جو درست نہیں۔

(جاری ہے)

خواتین اگر رمضان المبارک میں اپنا ایک شیڈول بنا لیں تو وہ گھریلو کام کاج کی بخوبی انجام دہی کے ساتھ ہی عبادت بھی خشوع و خضوع سے کر سکیں گی۔

فجر کی نماز اور قرآن پاک کی تلاوت کے بعد سونے سے بہتر ہے کہ گھر کی صاف صفائی و کپڑوں کی ڈھلائی وغیرہ کا کام نمٹا دیا جائے۔اس سے فارغ ہونے کے بعد سبزیوں،فروٹس اور گوشت وغیرہ کو دھو کر رکھ دیں۔پھر نہانے کے بعد قرآن پاک کی تلاوت کیجیے اور ظہر کی نماز ادا کرنے کے بعد کچھ دیر سو جائیے۔ہلکی نیند لینے کے بعد عصر سے پہلے جب آپ بیدار ہوں گی تو اپنے آپ کو فریش محسوس کریں گی۔
آرام و سکون سے عصر کی نماز ادا کیجیے۔کھانے اور افطار کا انتظام کیجیے۔
دیکھنے میں آتا ہے کہ کچھ خواتین افطار میں بھی معقول انتظام کرتی ہیں اور کھانا بھی روزمرہ کے لحاظ سے بناتی ہیں ایسے میں کافی کھانا بچ جاتا ہے جو خراب ہو جاتا ہے۔افطار میں یا تو ہلکا پھلکا انتظام کیجیے یا پھر کھانے کے انتظام میں احتیاط برتئے،کیوں کہ روزہ رکھنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انسان اپنی بھوک اور پیٹ سے زیادہ کھائے۔
عشاء کی نماز و تراویح کی نماز سے فارغ ہونے کے بعد اپنے اوپر ظلم نہ کریں کیونکہ کچھ خواتین بلاوجہ سحری تک جاگتی رہتی ہیں،تھکان کی وجہ سے نہ وہ عبادت کر پاتی ہیں اور نہ ہی نیند لے پاتی ہیں۔
اکثرگھروں میں تو بچے بھی جاگتے نظر آتے ہیں جو کسی طور پر بھی مناسب نہیں ہے۔جس طرح ہم کسی تقریب میں جانے یا کسی سے ملنے ملانے یا کسی کی عیادت کرنے یا شاپنگ پر جانے کے لئے اپنے پورے دن کے شیڈول کو ایک دن کے لئے ری شیڈول کرتے ہیں اسی طرح رمضان المبارک میں پورے ایک ماہ میں اپنے شیڈول کو اس طرح ری شیڈول کیجیے کہ آپ کے آرام میں کسی طرح کا خلل نہ ہو،گھر کے کام کاج دیگر دنوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر طریقے سے انجام دیے جائیں،وہیں عبادت بھی خشوع و خضوع کے ساتھ کی جائے۔
ایک اہم بات اس ماہِ مقدس میں اپنے آس پاس محلے،پڑوس اور رشتہ داروں میں ایسے لوگوں کا خاص خیال رکھئے جو اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھے ہوئے ہیں۔اپنی حیثیت کے مطابق ان کی اس طرح مدد کیجیے کہ ان کی عزت نفس پر آنچ نہ آئے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Marhaba Ramzan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.