Moonsoon Main Paon Ki Hifazat - Article No. 2172

Moonsoon Main Paon Ki Hifazat

مون سون میں پاؤں کی حفاظت - تحریر نمبر 2172

مون سون کے موسم ،یعنی بارش کے دنوں میں مرد،خاص طور پر خواتین پاؤں کی دیکھ بھال پر زیادہ توجہ نہیں دیتی ہیں اور جب دھیان دیتی ہیں، اُس وقت مسئلہ بڑھ چکا ہوتاہے۔

بدھ 2 اکتوبر 2019

نسرین شاہین
بارش خدا کی رحمت ہے۔پاکستان کے دیگر شہروں کی نسبت کراچی شہر میں بارش کم ہوتی ہے،لیکن جب بھی ہوتی ہے تو اہل کراچی خوب لطف اندوز ہوتے ہیں ،تاہم بارش کا موسم آپ کے پاؤں کے لیے پریشانی کا باعث ہو سکتا ہے۔اس دوران پاؤں کئی طرح کے مسائل سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ اس حوالے سے جو سب سے بڑی پریشانی لاحق ہو سکتی ہے،وہ پھپوندی کی وجہ سے ہونے والا تعدیہ(انفیکشن)ہے۔

یہ عموماً پاؤں کی گیلی جلد پر حملہ کرتاہے۔
یہ تعد یہ پاؤں کو متاثر کرتا ہے ،خاص طور پر جب آپ سارا دن جوتے پہنے رہتے ہیں ۔اس طرح پاؤں بیکٹیریا یعنی جراثیم سے متاثر ہوتے ہیں، کیونکہ ہمارے پاؤں گھنٹوں پسینے میں بھیگے رہتے ہیں اور بارش کے دنوں میں بارش کا اور سڑکوں پر جمع ہونے والا گندا پانی جوتوں میں گھس جاتا ہے،جس کے باعث پاؤں کی جلد متاثر ہونے لگتی ہے۔

(جاری ہے)


پھپوندی والا تعدیہ(FUNGAL INFECTION)پاؤں کے تلوؤں سے شروع ہوتا ہے اور پورا پاؤں سفید ہوجاتاہے۔پیروں میں تیز خارش ہونے لگتی ہے اور ان سے ناقابل برداشت بُو آنے لگتی ہے۔پاؤں کی یہ بُو اور تعدیہ بارشوں کے دنوں میں بہت پریشانی کا باعث ہوتے ہیں۔ اگر آپ بارشوں کے دنوں میں پاؤں کو ڈھانپ کر یہ سمجھیں کہ محفوظ ہو گئے ہیں تو ایسا نہیں ہے ۔اصل میں مرطوب موسم اور درجہ حرارت میں کمی پاؤں کی جلد کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے۔

مون سون کے موسم ،یعنی بارش کے دنوں میں مرد،خاص طور پر خواتین پاؤں کی دیکھ بھال پر زیادہ توجہ نہیں دیتی ہیں اور جب دھیان دیتی ہیں، اُس وقت مسئلہ بڑھ چکا ہوتاہے۔تھوڑی سی احتیاط اورتوجہ سے وہ اپنے پاؤں کو صحت مند رکھ سکتی ہیں۔دراصل پاؤں کی جلد گیلی ہو کر نرم ہو جاتی ہے اور ایسے میں پھپوندی کا آسان ہدف بن جاتی ہے۔اس کا نتیجہ جلد کی بیماریوں اور پاؤں کی تکلیف کی شکل میں سامنے آتاہے۔

پھپوندی والے تعدیے سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پاؤں کو ہر وقت خشک رکھا جائے۔اپنے ساتھ خشک کپڑے کے چند ٹکڑے رکھیں۔اس کے علاوہ دفتر میں کوئی ہوا دارچپل بھی رکھ لیں۔جب دفتر پہنچیں تو جوتے اتار کر پاؤں خشک کرکے چپل پہن لیں۔جب پاؤں میں گیلا پن محسوس کریں تو خشک کپڑے سے پاؤں پانچھ لیں۔جوتے اُتار نے سے یہ فائدہ ہوگا کہ آپ کے پاؤں کے اردگرد ہوا کا گزر ہونے لگے گا اور پاؤں خشک رہیں گے ۔
اس طرح پاؤں تعدیے سے محفوظ رہیں گے۔
پاؤں کی جلد کی لکیروں میں نمی اور پسینے کو خشک کرتے رہیں۔پاؤں پر ڈھیر سارا پاؤڈر لگائیں ۔ایسے لوگ جو اس تعدیے کا پہلے شکار ہو چکے ہیں ،وہ اس سلسلے میں خاص طور پر دستیاب دواملے پاؤڈر کا استعمال کریں۔اس کے علاوہ آپ اپنے پاؤں کا معائنہ بھی کرتے رہیں،کیونکہ بارشوں کے دنوں میں ان کو زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس سلسلے میں ذیل میں دی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے پاؤں کے تعدیے اور پاؤں کی دوسری تکالیف سے بچا جا سکتاہے۔
بارش کے گدلے پانی سے گزرنے کے بعد اپنے پاؤں کو دواملے صابن سے خوب اچھی طرح دھولیں اور بعدمیں نمک ملے پانی میں پاؤں کو چند منٹ کے لیے بھیگنے دیں۔پھر پاؤں کو خشک کرکے کھلی فضا میں رکھیں ،تاکہ پاؤں کے اردگرد ہوا کا گزرہو اور وہ خشک ہو جائیں۔
اپنے پاؤں کو کیڑے مکوڑوں سے دور رکھیں۔کوشش کریں کہ بارش کے پانی سے آپ کے پاؤں محفوظ رہیں ۔اگر ممکن نہ ہو اور بارش کے پانی سے پاؤں بھیگ جائیں تو اوپر والی ہدایت پر عمل کریں، تاکہ پاؤں آرام محسوس کریں اور جراثیم سے محفوظ رہیں۔پاؤں کو بُو سے محفوظ رکھنے کے لیے پاؤں کا مانع جراثیم اسپرے کریں۔بُو،بیکٹیریا اور پسینے کے غدود کا ردعمل(ری ایکشن)ہوتاہے۔
اگر آپ کے جوتے بارش یا پسینے سے گیلے ہو جائیں یا اُن میں ہوا کے گزر نے کی گنجایش نہ ہوتو ان میں بُوپیداہو گی۔
پاؤں کی بُو سے بچنے کے لیے اپنے پاؤں کو پندرہ بیس منٹ کے لیے صابن ملے نیم گرم پانی میں ڈالے رکھیں۔پھر ان کو مکمل طور پر خشک کرلیں ۔ابتداء تلوے سے کریں،اگر پانی میلا یا گندا ہوجائے تو پاؤں دھونے کے بعد چند منٹ تک انھیں صاف گرم پانی میں ڈالے رکھیں۔
پانی میں تین سے چار کپ”بیٹا ڈائن“(BETADINE)محلول شامل کرلیں۔ یہ بہت موٴثر محلول ہے ،جو تعدیے کا موجب بننے والے جراثیم کو ختم کر دیتا ہے۔اس محلول سے پاؤں دھونے کے بعد انھیں اچھی طرح خشک کرلیں۔
معیاری ومفید محلول کا استعمال کرکے پاؤں کو نرم اور ملائم رکھا جا سکتا ہے،مگر محلول کو پاؤں کی انگلیوں کے درمیان میں نہ لگائیں،ننگے پاؤں نہ چلیں اور چپٹے جوتے بھی نہ پہنیں۔
پھپوندی والے تعدیے سے بچنے کے لیے پاؤں صاف ستھرے اور خشک رکھیں۔ریت پر ننگے پاؤں نہ چلیں۔اپنے پاؤں کو ہفتے میں ایک بار گرم پانی میں بیس منٹ تک بھگوئیں۔اس سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے،پاؤں کو آرام ملتا ہے اور ان کی کھال بھی قدرتی حالت میں رہتی ہے۔
پاؤں کے نیچے بننے والے مردہ خلیات(سیلز)کو صاف کرنے کے لیے ہفتے میں ایک بار پاؤں کو خوب اچھی طرح رگڑ کر صاف کریں یا غسل کرتے وقت جھانو ے سے پاؤں ضرورصاف کریں۔
اس طرح آپ کے پاؤں مون سون کے موسم میں بھی صاف ستھرے رہیں گے۔اپنے پاؤں کے ناخنوں کو بھی وقتاً فوقتاً تراشتے رہیں۔ناخنوں کے کنارے کی کھال کو نوچنے کی کوشش نہ کریں۔اس سے جلد کی تہ متاثر ہوگی اور زخم ہونے کا خطرہ بھی رہے گا۔اس کے بجائے آپ معیاری کیوٹیکل کریم (CUTICLE CREAM)کا استعمال کریں۔ناخن کے نیچے جوگوشت ہوتا ہے،اس میں کوئی خرابی،پھپوندی سے ہونے والا تعدیہ اور اندر کی طرف ناخنوں کا بڑھنا وغیرہ کچھ وقت گزرنے کے ساتھ خود بہ خود ٹھیک ہو جاتاہے۔مگر کچھ جلدی مسائل ایسے ہوتے ہیں،جن کے لیے معالج سے رجوع کرنا بہت ضروری ہوتاہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Moonsoon Main Paon Ki Hifazat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.