Pakain Dil Se Khayeen Mill Ke - Article No. 2533

Pakain Dil Se Khayeen Mill Ke

پکائیں دل سے کھائیں مل کے - تحریر نمبر 2533

اچھا کھانا پکانے کے لئے سب سے اہم یہ ہے کہ کھانا دل سے پکائیں

جمعرات 25 فروری 2021

سارہ عمر
کھانا پینا ایک بنیادی ضرورت ہے۔روزمرہ زندگی میں تین وقت کھانا عموماً ہر انسان کی خوراک کا حصہ ہے۔کھانا اچھا بنا ہو تو بھوک سے بڑھ کر کھا لیا جاتا ہے۔آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ اچھا کھانا کیسے بنایا جاتا ہے۔یہ مشورے خصوصاً ان خواتین کے لئے ہیں جو کہ کھانا پکانے کے فن سے نابلد ہیں۔اچھا کھانا پکانے کے لئے سب سے اہم یہ ہے کہ کھانا دل سے پکائیں اور اپنا دل اس میں ڈال دیں۔
ارے نہیں․․․آپ کو اصل میں دل نکال کے نہیں ڈالنا مگر بہت محنت اور محبت سے دل لگا کر پکانا ہے کہتے ہیں جو بھی کام دل سے کیا جائے اس کا اثر ضرور نمایاں ہوتا ہے۔کھانا بناتے ہوئے بھی اسے سر سے اتارنے والے کام کی طرح نہ کریں بلکہ توجہ اور محبت سے کریں۔
اچھا کھانا بنانے کے لئے بہترین رہنمائی بھی اہم جز ہے یہ رہنمائی کسی بھی قسم کی ہو سکتی ہے مثلاً اپنی والدہ یا دادی نانی سے پوچھنا،یا پھر کسی کتاب کی تراکیب کو دیکھ کر اسے اختیار کرنا یا پھر یوٹیوب پہ موجود چینل سے ویڈیوز دیکھنا۔

(جاری ہے)

پہلے زمانے میں یہ رہنمائی گھر تک ہی محدود تھی مگر اب ایک کلک پہ ایک کھانے کی کئی ہزار تراکیب موجود ہیں جس سے نہ صرف خواتین بلکہ پردیس میں رہنے والے مرد حضرات بھی خوب فیض یاب ہو رہے ہیں۔دنیا جتنی بھی ترقی کر جائے دوسروں کے تجربات کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ہر گھر میں کھانے پکانے کے کچھ الگ اور مختلف اصول ہوتے ہیں جن سے ہٹ کر پکائے جانے کو پسند نہیں کیا جاتا جیسے کہ کچھ گھروں میں بزرگوں کی وجہ سے کھانے میں شوربہ زیادہ رکھا جاتا ہے تاکہ انہیں روٹی ڈبو کر کھانے میں سہولت رہے اسی وجہ سے گوشت وغیرہ کو زیادہ گھلایا جاتا ہے لیکن اگر آپ اس طرح کے ماحول میں بھنا ہوا کھڑا کھڑا گوشت بنا لیں تو بے شک وہ جتنا بھی لذیذ ہو آپ کو ان بزرگوں کا دشمن ہی تصور کیا جائے گا اور گھر والے لازمی اس میں مین میخ نکالیں گے۔

اس لئے بہترین حل یہی ہے کہ گھر کی خواتین سے گھر میں پکنے والے کھانے کے متعلق معلومات لے لی جائیں جیسا کہ شوربہ زیادہ رکھا جائے یا کم،گوشت کتنا گھلایا جائے،مرچیں اور نمک زیادہ رکھا جائے یا کم۔وہ تمام خواتین جو نیا نیا کھانا سیکھ رہی ہوں اس کے لئے بہت ضروری ہے کہ تجربہ جہاں سے ملے وہ لے لیا جائے۔جیسے ایک ہی طرح کے چاول اگر دس خواتین کو ابالنے کے لئے دئیے جائیں تو وہ دس کی دس اپنے مطابق پکائیں گی کسی کے چاول کھلے کھلے اور دانہ دانہ الگ ہو گا جبکہ کسی کے چاول جڑ جائیں گے اور کوئی ان کی کھچڑی ہی بنا ڈالے گی جبکہ سب سے پھوہر کے چاول پیندے سے چپکے ہوئے ہوں گے۔
کھانا پکانے کے لئے اشیاء کا تناسب اور وقت کا لازمی خیال رکھا جائے۔تھوڑے کھانے کو پکنے میں کم وقت درکار ہے جبکہ زیادہ کھانے کے لئے زیادہ وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ بہتر طور پر پک سکے۔ کھانا پکاتے ہوئے کچن سے نکل جانا یا دیگر کاموں میں مصروف ہو جانا نہ صرف خطرناک ہے بلکہ اکثر اوقات جلنے کی بو ہی کچن میں واپس لے کر آتی ہے۔تین چار کاموں کو ایک ساتھ کرنے والی خواتین کی ہانڈیاں آئے روز جلتی رہتی ہیں۔
اس لئے بہترین حل یہی ہے کہ کھانا پکنے کے دوران کچن میں ہی موجود رہا جائے یعنی کھانا پک رہا ہو تو برتن دھو لیے جائیں،کچن صاف کر لیا جائے،فریج اور اوون کی صفائی کر لی جائے اور سب کام مکمل ہو چکے ہیں تو کچن میں ہی کرسی ڈال کر کسی کتاب کا مطالعہ کر لیا جائے۔اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ تھوڑی تھوڑی دیر بعد کھانے کو دیکھ سکتے ہیں اور کھانا کبھی جلے گا نہیں۔

وہ تمام خواتین جو کچھ بھی نیا پکانے کی شوقین ہیں انہیں چاہیے کوئی بھی کھانا بنانے سے پہلے ترکیب کو پورا اور بغور پڑھیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ تمام اشیاء گھر میں موجود ہیں اور اس میں کسی بھی چیز کی کمی نہیں۔
اس کے علاوہ کبھی بھی کسی دعوت کے لئے کوئی ترکیب پہلی بار مت بنائیں۔دعوت میں ہمیشہ وہی تراکیب استعمال کریں جو کہ پہلے سے آزمائی ہوئی ہوں کیونکہ بعض اوقات تعریف کروانے کے چکر میں بہت ساری عزت افزائی بھی ہو سکتی ہے۔
سو پہلے کسی بھی دن اس نئی ترکیب کو آزمایا جائے کہ آیا وہ دس لوگوں کے آگے رکھے جانے کے قابل ہے بھی یا نہیں۔
یہ چھوٹی چھوٹی سی باتیں اگر کھانا پکاتے ہوئے ذہن نشین کر لی جائیں تو امید ہے آپ بہت اچھا اور لذیذ کھانا بنانے کے قابل ہو جائیں گی ۔اب انتظار نہ کریں بلکہ کچن میں جا کر گھر والوں کو حیرت میں مبتلا کرنے کی تیاری کریں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Pakain Dil Se Khayeen Mill Ke" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.