Potli Bag - Special Articles For Women

پوٹلی بیگ - خواتین کیلئے مضامین

منگل 31 اگست 2021

Potli Bag
پوٹلی بیگ ایک روایتی طرز کا بیگ ہوتا ہے،جو کہ گولائی میں تیار کیا جاتا ہے۔اسے مختلف انداز کے مٹیریل جیسے مخمل،بنارسی،شیفون، کاٹن،سلک وغیرہ کے کپڑے سے تیار کیا جاتا ہے،اس پر نگینے،موتی،شیشے،ستارے،زری ورک،بیڈز ورک،دبکے سلمے کا کام،دھاگے کی کڑھائی غرض یہ ہے کہ مختلف طرح کی کڑھائی اور کام کرکے مزید خوبصورت بنایا جاتا ہے۔

ساتھ ہی اس میں خوبصورت سے ٹسلز لگائے جاتے ہیں،جن کی مدد سے اکثر پوٹلی بیگ کو بند کیا اور کھولا جاتا ہے۔کچھ پوٹلی بیگز میں اب زپ بھی لگائی جا رہی ہے۔پوٹلی بیگ کا فیشن صدیوں سے چل رہا ہے،وقت کے ساتھ ساتھ اس میں تبدیلی لائی جاتی رہی ہے۔جدید دور کے فیشن میں پوٹلی بیگ کو ڈھالنے میں ڈیزائنرز اہم کردار نبھاتے ہیں۔وہ جدید فیشن کے مطابق اس پر ڈیزائننگ کرکے اسے مارکیٹ میں متعارف کرواتے ہیں،تاکہ یہ خواتین کی توجہ حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

پہلے زمانے میں دادیاں،نانیاں سفید غرارے کے ساتھ اپنے ساتھ پوٹلی رکھتی تھیں،جن میں وہ چابیاں یا پان وغیرہ رکھتی تھیں،تاہم اب تو دلہن کے شراروں کے ساتھ بھی شادی کے دن پوٹلی بیگ نظر آتے ہیں،جو ان کے شرارے کے ہم رنگ و ڈیزائن ہوتے ہیں۔پاکستانی اداکارائیں بھی پوٹلی بیگ استعمال کرتی ہیں۔اس انداز کی پوٹلی بھی مارکیٹ میں مل جاتی ہیں تاہم ان کی قیمت زیادہ ہے ۔

لڑکیاں اپنی مرضی سے بھی ملبوسات کی میچنگ کی پوٹلی ڈیزائن کروا سکتی ہیں اور تقریبات میں ہاتھوں میں تھام سکتی ہیں۔
پوٹلی بیگ گفٹ دینے کیلئے بھی بہترین رہتے ہیں۔اس کے اندر چاکلیٹس یا خشک میوہ جات بھریں اور اپنی سہیلی کو تحفے میں دے دیں۔وہ اس انوکھے تحفے کو دیکھ کر یقینا خوش ہوں گی۔ساتھ ہی یہ پوٹلی بیگ وہ مختلف ملبوسات کے ساتھ ہاتھوں میں لے بھی سکیں گی۔

یہ بات بہت کم خواتین جانتی ہوں گی کہ پوٹلی بیگ کو برصغیر میں آیورودیک طریقہ علاج کے لئے استعمال میں لایا جاتا تھا،اس میں مختلف طرح کی جڑی بوٹیوں کو بھر دیا جاتا تھا اور پھر اس پوٹلی کی مدد سے مساج کیا جاتا تھا،تاکہ جسم کے اس حصے کا درد یا بیماری کا علاج کیا جا سکے ۔برصغیر میں ان بیگز کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتے ہوئے سفر میں ساتھ رکھا جاتا تھا۔

ان پوٹلی بیگز میں مختلف کھانے کی سوکھی اشیاء بھری جاتی تھیں تاکہ سفر کے دوران وہ استعمال میں لائی جا سکیں۔
اس کے علاوہ ان پوٹلی بیگز میں سونے،چاندی کے سکے بھی ڈال کر رکھے جاتے تھے اور انہیں پیسے اور سکے رکھنے کیلئے استعمال میں لایا جاتا تھا۔پہلے زمانے میں برصغیر میں تجارت کیلئے پوٹلی کا استعمال کیا جاتا تھا۔خشک میوے کی پوٹلی،جڑی بوٹیوں کی پوٹلی، ادویات کی پوٹلی،مختلف مصالحوں کی پوٹلی وغیرہ۔

ان تمام پوٹلی بیگز کو تاجر ضرورت کے تحت خریدتے تھے اور پھر اپنے وطن لے جا کر یہ مصالحے،جڑی بوٹیوں،خشک میوے کی پوٹلیاں بیچتے تھے۔یوں یہ پوٹلی تجارتی مقاصد کیلئے استعمال میں لائی جاتی تھیں۔بچوں کی کئی کہانیوں میں پوٹلی کا ذکر آتا ہے۔ جس میں پوٹلی باب کی کہانی،علی بابا چالیس چور و دیگر مشہور ہیں۔
تاریخ اشاعت: 2021-08-31

Your Thoughts and Comments

Special Special Articles For Women article for women, read "Potli Bag" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.