Shadi Ke Baad Hojane Wala Depration - Article No. 1878

Shadi Ke Baad Hojane Wala Depration

شادی کے بعد ہوجانے والا ڈپریشن - تحریر نمبر 1878

شادی دو افراد کے مابین باندھا جانے والا وہ بندھن ہے جس میں لڑکا اور لڑکی دونوں تازندگی ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کا وعدہ کرتے ہیں ۔اچھے برے وقت میں ‘بیماری اور صحت یابی میں ‘زندگی کے ہر نشیب وفراز میں حتیٰ کہ موت انہیں ایک دوسرے سے جداکردے۔

پیر 24 ستمبر 2018

شادی دو افراد کے مابین باندھا جانے والا وہ بندھن ہے جس میں لڑکا اور لڑکی دونوں تازندگی ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کا وعدہ کرتے ہیں ۔اچھے برے وقت میں ‘بیماری اور صحت یابی میں ‘زندگی کے ہر نشیب وفراز میں حتیٰ کہ موت انہیں ایک دوسرے سے جداکردے۔یہ وہ ہے جو تمام رومانوی داستانوں میں ‘فیری ٹیلز میں فلموں میں ہمیں پڑھایا اور دکھایاجاتا ہے لیکن حقیقت قدرے مختلف ہے اور سچائی یہ ہے کہ لوگوں کے لیے یہ سمجھنا بے حد مشکل ہوتا ہے کہ وہ اس شادی سے کیا حاصل کررہے ہیں ؟ہم سب اس رشتے کے حوالے سے بہت سی تمنائیں ‘آرزووٴیں ‘اُمیدیں ‘خواب اور تو قعات رکھتے ہیں کہ یہ کیسا محسوس ہو گا؟ہم رومانوی فلمیں ‘ٹی وی شوز اور ڈرامے دیکھتے ہیں حتیٰ کہ دنیا میں ہونے والی مشہور شخصیات کی شادیوں پر اپنی تو جہ مرکوز رکھتے ہیں لیکن ہم اس بارے میں حقیقتاََ کچھ نہیں جان پاتے جب تک کہ ہم خود اس تجربے سے نہیں گزرتے‘اسی لیے یہاں ہم آپ کو ان غیر معمولی چیزوں کے بارے میں بتا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جن کے بارے میں شادی سے پہلے آپ کو کوئی کچھ نہیں بتا تا۔شادی کے ہلے گلے ‘گلیمر اور روشنیوں کی چکا چوند میں گم ہو کر اکثر نئے شادی شدہ جوڑے حقیقی زندگی کے مسائل کو فراموش کر دیتے ہیں اور جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ شادی کے کچھ عرصے کے بعد ہی انہیں اپنا فیصلہ غلط لگنے لگتا ہے اور وہ ڈپریشن میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔

میں نے اپنی ایک جاننے والی خاتون کو شادی کے کچھ عرصے کے بعد دیکھا تو وہ مجھے شدید ڈپریشن کا شکار نظر آئی‘وہ اداس اور نروس دکھائی دیتی تھی۔

”میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ شادی کا یہ مطلب ہوتا ہے شادی کے بعد میری زندگی مکمل طور پر تبدیل ہوکر رہ گئی ہے اس نے یا سیت زدہ لہجے میں مجھے بتایا ۔افسوس کا مقام یہ ہے کہ یہ کیس کوئی اپنی نوعیت کا انوکھا اورغیر معمولی کیس نہیں ہے ۔ایسے بہت سے افراد ہیں ۔جو اپنی شادی کے بعد ا س طرح کے احساسات میں مبتلا ہوجایا کرتے ہیں ۔سچائی یہ ہے کہ نئے شادی شدہ جوڑے شادی کو ایک یوٹو پیا (خیالی جنت) کی مانند سمجھتے ہیں خصوصاََ لڑکیوں کے نزدیک شادی خوبصورت ملبوسات ‘زیورات ‘فوٹو شوٹ اور ہنی مون کا نام ہوتی ہے اور شادی کے بعد حقیقی زندگی کا سامنا ان کے لیے بے حدد شوار ہو جاتا ہے اور وہ ڈپریشن میں مبتلا ہو جاتی ہیں اور ان کی کیفیت صرف ایک ذہنی کیفیت نہیں ہوتی ہے بلکہ اس کی علامات جسمانی بھی ہوسکتی ہیں جس میں حددرجہ تکان‘کھانے کی زائد اشتہار اور ڈپریشن شامل ہیں ۔
متعدد جوڑے شادی سے پہلے آپس میں اس کو ڈسکس نہیں کرتے ہیں کہ جب وہ شادی کریں گے تو اس کے بعد ان کی زندگی کیسی ہوگی‘عام طور پر وہ یہ فرض کرلیتے ہیں کہ شادی کے بعد ہر چیز خود بخود اپنی جگہ پر چلی جائے گی لیکن ایسا ہوتا نہیں ہے ۔آپ کو یہ یادرکھنے کی ضرورت ہے کہ شادی کی انگوٹھی نے آپ کو ”سوپر وائف “یا ”سوپر ہسبینڈ“نہیں بنا دیا ہے ۔
ہو سکتا ہے کہ آپ کے پارٹنر میں کچھ ایسی نا پسندیدہ عادات ہوں جو آپ کے لیے کوفت اور جھلاہٹ کا باعث بن جائیں ۔آپ دونوں کو اپنے رشتے کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کرنا ہوگی۔بڑے بوڑھے شادی کے بارے میں سچ کہہ گئے ہیں کہ ”شادی ایک بہت بڑا سمجھوتہ ہے ۔“اور آپ کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ شادی کا پہلا سال ہی سب سے مشکل سال ہوتا ہے اور کم سے کم تو قعات میں ہی شادی کی کامیابی کا رازچھپا ہے۔
(When Depressin Hurts Your Relation Ship) کا مصنفہ Shannon kolakowskiکہتی ہیں ۔”پوسٹ ویڈنگ ڈپریشن ایک حقیقت ہے ۔اس سے بچاؤ کے لیے نئے شادی شدہ جوڑوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کریں ۔ایک دوسرے کے لیے اپنی چاہت کو دل میں چھپا کر نہ رکھیں بلکہ اس کا اظہار کریں ۔ایک دوسرے کی ستائش کریں اور سب سے ضروری بات اپنے پارٹنر کو جیسا بھی وہ ہے قبول کریں ۔
اسے بدلتے کی خواہش تر ک کر دیں ۔بہترین چیز جو ہے وہ یہ کہ چیزوں کو اسی طرح سے قبول کریں جیسی کہ وہ ہیں کیونکہ قبول کرنا ہی وہ کلید ہے جس سے آپ اپنی تمام تر اداسی اور ڈپریشن سے مکمل طور پر آزاد ہو سکتی ہیں ۔یہ عادات نہ صرف آپ کے رشتے کو باہم مضبوطی سے جوڑے رکھیں گی بلکہ اداسی وڈپریشن کے لمحات میں آپ کو تھامیں رکھیں گی اور آپ جلد ہی اپنے اس فیز سے باہر نکل کر خوشیوں بھری زندگی گزار سکیں گی۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Shadi Ke Baad Hojane Wala Depration" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.