Tapti Dhoop Main Thande Chashme - Article No. 2362

Tapti Dhoop Main Thande Chashme

تپتی دھوپ میں ٹھنڈے چشمے - تحریر نمبر 2362

آنکھیں چہرے کا حسن ہیں ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے

پیر 8 جون 2020

راحیلہ مغل
ہر موسم کا فیشن الگ ہوتا ہے ، موسم سرما میں اُونی سوئیٹر اور شالوں کا چلن دیکھا جاتا ہے تو موسم گرما میں چھتریوں ‘ہئیٹ اور سن گلاسز کا فیشن عروج پر ہوتا ہے اسی طرح بارش میں رین کوٹس کا رجحان زیادہ دکھائی دیتا ہے ۔اسی طرح سن گلاسز فیشن کے ساتھ شوق بھی ہے ۔سن گلاسز لگانے سے چہرے کی دلکشی میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔
جھلسا دینے والی گرمیوں میں سن گلاسز کا استعمال موزوں رہتا ہے ۔بڑھتی ہوئی شدید گرمی اور اس کی بے تحاشا شدت سے جہاں سارا جسم ہی متاثر ہوتا ہے ،وہاں ہماری نازک آنکھیں اس کا اثر سب سے زیادہ لیتی ہیں اور اگر عین دوپہر کے وقت آپ کو گھر سے باہر نکلنا پڑ جائے ،یا کسی ضروری کام سے مارکیٹ جانا پڑ جائے تو آپ کی جلد اور آنکھیں گرمی کی اس عدت اور شدت سے جھلس کر رہ جاتی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس طوفانی گرمی کا مکمل علاج یا تریاق تو ممکن ہی نہیں ہے ،لیکن سن بلاک کا استعمال جہاں آپ کی جلد کو تحفظ دینا ہے ،وہاں سن گلاسز یا دھوپ کے چشموں کا استعمال آپ کی آنکھوں کو تراوٹ اور ٹھنڈک بخشتا ہے ۔بلا شبہ ہماری آنکھیں قدرت کا انمول تحفہ ہیں جن کی حفاظت نہ صرف ضروری ہے ،بلکہ یہ ان کی نزاکت کا حق بھی ہے۔
دراصل آنکھیں چہرے کا حسن ہیں ،اس ایک نعمت سے نہ صرف یہ کہ ہمیں پوری دنیا دکھائی دیتی ہے بلکہ اس دنیا کی ساری خوبصورتی بھی ہم دیکھ سکتے ہیں۔
چونکہ موسم گرما میں سورج کی برہمی اپنے عروج پر ہوتی ہے ۔گھر سے باہر نکلیں تو تیز دھوپ ہماری جلد کو جھلسا کر رکھ دیتی ہے، سورج کی یہ شعاعیں ہماری آنکھوں کے لئے بہت زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں اس لئے آنکھوں کو دُھول، دھوپ اور گردو غبار سے محفوظ رکھنا ضروری ہے ۔اس لئے گرمیوں میں گھر سے باہر نکلنے سے پہلے سن گلاسز کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔
سن گلاسز گرمیوں میں پہننا بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔اس سے نہ صرف ہم فیشن میں شامل ہو جاتے ہیں بلکہ ہماری آنکھوں کی حفاظت بھی بھر پور طریقے سے ہو جاتی ہے کیونکہ یہ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں کو روکنے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔الٹراوائلٹ شعاعوں سے آنکھوں کی بیماریاں جنم لینے کاخطرہ ہوتا ہے جن سے بینائی تک جا سکتی ہے۔
اس لئے ہلکی دھوپ میں ہلکے کلر کے گلاسز استعمال کئے جانے چاہئے ۔
ڈبل شیڈ کے گلاسز بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں ۔جب کبھی سن گلاسز خریدنا ہوتو معیاری کمپنی کے ہی خریدیں ۔سڑک اور قومی شاہراہوں پر فروخت ہونے والے سن گلاسز کا استعمال قطعی نہ کریں ۔یہ آنکھوں کی صحت کے لئے مناسب نہیں رہتے ۔گلاسز کے استعمال اور اس کی خریدی بھی ایک فن ہے جس سے ہر کوئی واقف نہیں ہوتا ۔اپنے چہرے اور ہیر اسٹائل کو مد نظر رکھتے ہوئے گلاسز کا انتخاب کرنا چاہیے ۔
اس سیزن میں انتہائی خوبصورت فریم اور ہمہ کلرز گلاسز بازار میں دستیاب ہیں۔ فی زمانہ‘ اسموکی گرے اور بلیک کلرز کے گلاسز کا چلن عام ہے۔سن گلاسز سے آنکھوں کو جہاں ٹھنڈک ملتی ہے وہیں دھوپ سے آنکھوں کی حفاظت بھی ہوتی ہے ۔ہمارے ہاں اگر چہ لوگ سن گلاسز کو فیشن کے طور پر بہت شوق سے استعمال کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ آنکھوں کے ماہرین بھی دھوپ ،گردوغبار اور سورج کی خطر ناک شعاعوں سے آنکھوں کو محفوظ رکھنے کیلئے سن گلاسز کا استعمال کرتے ہیں ۔
آپ گھریلو خاتون ہوں یا ملازمت پیشہ گھر سے باہر نکلتے وقت سن گلاسز کا استعمال ضرور کریں ۔سن گلاسز خریدتے وقت اپنے چہرے کی ساخت کو مد نظر رکھیں ۔اگر چہ سن گلاسز ایک ضرورت ہے لیکن ان کے انتخاب میں تھوڑی سی احتیاط آپ کی شخصیت کو دلکش بنا سکتی ہے ۔سن گلاسز خریدتے وقت اس بات کا خیال بھی رکھیں کہ اس کے فریم کا رنگ نہ بہت زیادہ ہلکا ہو ،نہ بہت زیادہ گہرا کیونکہ تیز رنگوں کے گلاسز سے کم دکھائی دیتاہے جبکہ ہلکے رنگوں کے گلاسز سے آنکھوں کا دھوپ سے مناسب انداز میں بچاؤ ممکن نہیں ہوتا ۔
سن گلاسز نہ صرف آپ کی آنکھوں کی حفاظت پر مامور رہتے ہیں بلکہ آپ کی شخصیت کو پرکشش بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
دراصل سورج کے تیور دیکھتے ہی اس سے بچنے کی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں اور اس ضمن میں مردوزن سن گلاسز کی خریداری کے لئے بازار کا رخ کرتے ہیں ۔اب فیشن کی بڑھتی ہوئی دوڑ میں سن گلاسز بھی خواتین میں فیشن کے مطابق منتخب کیے جاتے ہیں۔
لباس ،جیولری اور سینڈنر کے ساتھ ساتھ اب خواتین سن گلاسز بھی میچنگ استعمال کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں ۔بازار میں فیشن کے مطابق مختلف طرح کے چشمے دستیاب ہیں جن میں چوکور ،مستطیل ،بیضوی اور گول چشمے ہماری خواتین اور مردوں میں مقبول عام ہیں ۔ان دنوں نسبتاً بڑے بڑے شیشوں کے سن گلاسز خواتین میں ان ہیں۔ بیش تر خواتین اسی طرح کے سن گلاسز میں نظر آتی ہیں حتیٰ کہ نمبر والے چشموں کے فریم بھی بڑے بڑے اور چوڑے چوڑے منتخب کیے جا رہے ہیں ،حالانکہ یہ بڑے بڑے فریم ہر چہرے پر موزوں نہیں لگتے ۔
خواتین کو چاہئے کہ چشمہ خریدتے وقت مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھیں۔
چہرہ اور فریم
گول چہرے والی خواتین کے لئے بڑے شیشوں والا فریم درست نہیں ،کیوں کہ اس سے چہرے کا مجموعی تاثر اچھا نہیں رہتا، ان کے لئے مستطیل چشمہ اچھا تاثر دے گا ۔بیضوی چہرے پر ہر طرح کا چشمہ سوٹ کرتا ہے ،ایسے چہرے ”فوٹو جینک“بھی کہلاتے ہیں ۔
تیکھے نقوش والے چہرے پر بھی ہر چشمہ سوٹ کرتا ہے۔
بہتر انتخاب
ہمیشہ بہتر انتخاب کے لئے اپنی شخصیت، جسامت، عمر اور مقام ومرتبے کو مد نظر رکھیے ،کہیں فیشن کے چکر میں اپنی شخصیت کو مسخ کرکے اپنا مذاق نہ بنا لیجیے گا ۔چشمہ ہمیشہ معیاری کمپنی کا منتخب کریں۔
احتیاطی تدابیر
فریم سٹیل کے بجائے معیاری پلاسٹک کا ہوتو بہتر ہے ،کیونکہ پلاسٹک کا فریم چہرے پر نشان نہیں چھوڑتا ،اور اس کے ساتھ ہی وزن میں ہلکا چشمہ چنیں ،تاکہ استعمال میں آسانی رہے ۔
اس کے علاوہ چشمہ جب بھی اتار کر رکھنا مقصود ہوتو اسے کمانی کے سہارے رکھیں ،تاکہ شیشوں پر اسکریچڑ نہ پڑیں ،صرف اپنا چشمہ استعمال کریں خیال رہے کہ نہ کسی اور کا چشمہ خود پہنیں اور نہ اپنا چشمہ کسی اور کو پہننے کے لئے دیں ۔اس طرح کرنے سے آنکھوں کی بیماریاں جراثیم کی صورت میں ایک سے دوسرے کو منتقل ہو جاتی ہیں۔چشموں کی صفائی بھی ازحد ضروری ہے ،اس ضمن میں بازار میں مختلف قسم کے چشموں کی صفائی کے محلول دستیاب ہیں جن کے استعمال سے چشمے نہ صرف چمک جاتے ہیں بلکہ نئے جیسے ہو جاتے ہیں۔
بہر حال سن گلاسز اور چشموں کا انتخاب اور استعمال ،صفائی واحتیاط بہت توجہ طلب ہے ،اسے کوئی آسان کام نہیں سمجھنا چاہیے ۔آنکھوں جیسی نعمت اور قیمتی چیز کی حفاظت کیجیے ۔گھر آنے کے بعد صاف اور ٹھنڈے پانی سے بار بار آنکھیں دھوئیں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Tapti Dhoop Main Thande Chashme" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.