Venti Box Aap Ki Khoubsurti Ke Lawazmaat Ka Nigehbaan - Article No. 2040

Venti Box Aap Ki Khoubsurti Ke Lawazmaat Ka Nigehbaan

وینٹی باکس آپ کی خوبصورتی کے لوازمات کا نگہبان - تحریر نمبر 2040

میک اپ اور کاسمیٹکس کے بارے میں آپ کیا رجحانات رکھتی ہیں یہ اندازہ کاسمیٹکس باکس کو دیکھ کر باآسانی ہوجاتا ہے لہٰذا اپنے باکس میں وہی بیوٹی پروڈکٹ رکھیں جو آپ استعمال کرتی ہوں

جمعرات 18 اپریل 2019

میک اپ اور کاسمیٹکس کے بارے میں آپ کیا رجحانات رکھتی ہیں یہ اندازہ کاسمیٹکس باکس کو دیکھ کر باآسانی ہوجاتا ہے لہٰذا اپنے باکس میں وہی بیوٹی پروڈکٹ رکھیں جو آپ استعمال کرتی ہوں
اپنے میک اپ باکس کو ترتیب کے ساتھ اس طرح رکھیں کہ کوفت اور پریشانی کے بغیر باسہولت طور پر کم وقت میں بھی فوراً تیارہو سکیں۔
شاہانہ دلشاد
میک اپ مصنوعات کا استعمال ہر عمر‘طبقے اور طرزِ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین لازماً کرتی ہیں،
موقع کی مناسبت سے اس کا کم یا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے ان میں سے کچھ مصنوعات ایسی ہوتی ہیں جن کی تقریباً روزانہ ہی ضرورت ہوتی ہے ،جبکہ کچھ تقریبات وغیرہ میں استعمال کی جاتی ہیں۔


میک اپ سے متعلقہ اشیاء کا وقت ضرورت آپ کی دسترس میں ہونا نہایت اہم ہوتا ہے جس کے لیے ڈریسنگ ٹیبل کی درازاور شیلف کے علاوہ عام طور پر انہیں حفاظت سے رکھنے کے لیے وینٹی باکس یاکٹ بیگ میں بھی رکھا جاتا ہے ،آپ اپنے میک اپ اورا س کے لوازمات کے بارے میں کتنا جانتی ہیں اس کی عکاسی آپ کا یہ میک اپ باکس بخوبی کر دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

آپ کے باکس سے میک اپ کے متعلق آپ کے رجحانات معلوم ہونے کے علاوہ آپ کی سلیقہ مندی اور صفائی پسندی کی عادت بھی سامنے آتی ہے
۔


ہو سکتا ہے کہ آپ نے کبھی اپنے بیگ میں موجودمیک اپ مصنوعات کو بہت زیادہ اہمیت نہ دی ہو یا پھر ان میں سے اکثر چیزیں ابھی تک ویسی ہی پڑی ہوئی ہوں جیسا کہ کبھی آپ نے یونہی شاپنگ کے دوران پسند آنے پر خریدلی ہو اور بعد میں اسے استعمال کرنے کا خیال بھی نہ آیا ہو،یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جب خریدی ہوا س وقت تو پسند آئی ہو لیکن بعد میں کسی وجہ سے اس کا استعمال آپ کو موزوں نہ لگا ہو اور پھر وہ بس میک اپ باکس کی نذر ہو گئی ہو اور اس طرح آپ کا میک اپ باکس ایسے ڈبے میں تبدیل ہو چکا ہو جس میں کئی طرح اور رنگوں کی اشیاء کا ڈھیر پڑا ہواور خود آپ کو بھی اس بات کا اندازہ نہ ہو کہ اس میں کیا کیا چیز موجود ہے یا پھر جب ضرورت کے وقت آپ اس میں سے کچھ نکالنے کی کوشش کریں توخود آپ کے لیے اس چیز کو تلاش کرنا ایک مسئلہ بن جائے لہٰذا بہتر یہی ہے کہ اپنے میک اپ باکس یا کٹ بیگ کو درست طریقے سے ترتیب کے ساتھ اس طرح رکھیں کہ وقت ضرورت پریشانی سے بچنے کے ساتھ ساتھ آپ کی کاسمیٹکس صحیح حالت میں بھی رہیں۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ وقتاً فوقتاً اپنے میک اپ باکس کی صفائی اور ترتیب کریں جو پروڈکٹ بالکل استعمال نہیں ہوتی اور آپ کا اسے استعمال کرنے کا ارادہ بھی نہیں ہو،اسے بہتر ہو گا کہ کسی کو دے دیں ،چیزوں کی استعمال کی مدت لازمی مد نظر رکھیں اور اگر کوئی چیز ایکسپائر ہو چکی ہو یا اس کی ایکسپائری ڈیٹ قریب ہو اسے ہر گز استعمال نہ کریں کیونکہ یہ آپ کی جلد کے لیے بہت سے مسائل کی وجہ بن سکتی ہے ،ایسی چیزوں کو ڈسٹ بن میں ڈال دیں اور کوشش کریں کہ بیگ میں وہی سامان رکھیں یا ان میک اپ مصنوعات کی ہی جمع کریں جن کی حقیقتاً آپ کو ضرورت ہوتا کہ ان چیزوں کو آپ ترتیب سے رکھ سکیں ،غیر ضروری اشیاء کو میک اپ باکس سے نکال دیں ،اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ جب میک اپ باکس میں آپ چیزیں رکھیں تو استعمال کے وقت باآسانی ان کا حصول ممکن ہو اور آپ کو انہیں پورے باکس میں ڈھونڈنا نہ پڑے ۔
اس طرح آپ وقت بھی ضائع ہونے سے محفوظ رہے گا اور آپ کو فت کا شکار بھی نہیں ہو ں گا۔
اگر آپ اپنے میک اپ باکس ‘بیگ یادراز کو صحیح طریقے سے سلیقے کے ساتھ ترتیب سے رکھنے میں کامیاب ہو جائیں تو ان کا استعمال آپ کے لیے وقت ضرورت نہایت باسہولت ہو جائے گا جس کی بدولت آپ فریش نظر آتے ہوئے رکھ رکھاؤ کے ساتھ کم وقت میں فوراً تیار ہو سکیں گی۔

اب یقینا آپ کے ذہن میں یہ سوال ہو گا کہ وہ کون سی میک اپ مصنوعات ہیں جنہیں آپ کے باکس میں ضرور ہونا چاہیے،کس کے نہ ہونے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا اور کیا چیز بالکل ہی غیر ضروری ہے ؟چلیں ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ایک میک اپ باکس کسی بھی قسم کی تیاری خواہ وہ روزمرہ کی ہو یا کسی ترتکلف پارٹی کے لیے کس طرح آپ کے لیے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے اور اس میں کن بیوٹی پروڈکٹ اور دیگر لوازمات کی ضرورت ہو سکتی ہے جو آپ کو لازماً اپنے بیوٹی باکس میں رکھنے چاہیے۔

موئسچرائزر:(Moisturizer)
ہم سب یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ موئسچرائزر جلد کے لیے کتنا اہم ہے یہ جلد کو نرمی کے ساتھ تروتازگی کا احساس دلاتا ہے اور جلد کی قدرتی خوبصورتی بر قرار رکھنے میں نہایت معاون ہونے کے ساتھ مختلف نقصان دہ عناصر سے بھی بچانے میں اپنا کر دار ادا کرتا ہے ۔
آپ جو بھی موئسچرائزر استعمال کریں اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس میں دو اجزا کی موجودگی لازمی ہو جس میں سے ایک UVحفاظت یعنی (Ultraviolet Protection)پربیس کرتا ہو اس میں موجود اجزاء(UVA) The Aging Rays)اور(UVB) The Burning Rays)کی شیلڈ جلد کو مہیا کرے۔
SPFنمبر اس مقدار کو ظاہر کرتا ہے جس کے مطابق پروڈکٹ (UVB)کی حفاظتی تہہ مہیا کررہی ہو اس حوالے سے کم از کم 15 SPFپر مشتمل موئسچرائزر اپنے میک اپ باکس کا حصہ بنائیں اس کے ساتھ ساتھ (UVA)کی حفاظت کے حصول کے لیے ایسے موئسچرائزر کا انتخاب کریں جوکہ Avobenzone Titanium Dioxide Zine Oxide Mexorylمیں سے کسی ایک پر مشتمل ضرور ہو۔
دوسری چیز جو ایک موئسچرائزر کو اہم بناتی ہے خصوصاً ڈے ٹائم میں استعمال کے لیے وہ اینٹی اوکسیڈینٹس(Anti-Oxidants) جز مثلاًPanthenol‘وٹامنEاور وٹامن Cپر مشتمل ہو نا ضروری ہے ۔
یہ آپ کی جلد کو ماحولیاتی آلودگی کے باعث پہنچنے والے نقصان سے بچاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ سن اسکرین اپنا کام بہتر طور پر سر انجام دے سکے۔موئسچرائزر آپ کی جلد کو صرف حفاظتی تہہ ہی مہیا نہیں کرتا بلکہ روزمرہ کے میک اپ کے لیے جلد کو قدرتی بیس بھی فراہم کرتا ہے ۔
فاؤنڈیشن سے پہلے موئسچرائزر کا استعمال جلد کی تروتازگی برقرار رکھتاہے۔

فاؤنڈیشن :(Foundation)
فاؤنڈیشن جلد کو میک اپ کے لیے ہموار اور داغ دھبوں سے پاک بنانے میں اہم کر دار ادا کرتا ہے بالکل اسی طرح جیسے پینٹنگ سے پہلے ایک صاف کینوس ضروری ہوتا ہے یہ جلد کی رنگت کویکساں کرتے ہوئے چہرے پر موجود لائنز‘ڈارک سرکلز اور دوسرے داغ دھبوں کو چھپا دیتاہے۔
اگر آپ کی عمر 35-55سال کے اندر ہے اور آپ کی جلد آئلی یاڈرائی ہے اور جلد کی رنگت ہلکی گہری ہے تو فاؤنڈیشن کا استعمال آپ کے لیے لازمی ہے ،لیکن اس کے بہتر نتائج کا دارمدار اس بات پر ہے کہ آپ درست شیڈ،جوکہ آپ کی جلد سے ہم آہنگ ہو اس کا انتخاب کریں۔
اس کے لیے فاؤنڈیشن خریدتے وقت شاپ سے باہر آکر دن کی روشنی میں چہرے پر اپلائی کریں اور رزلٹ دیکھیں تاکہ درست شیڈ کا انتخاب کر سکیں ۔منرل میک اپ لیکوئیڈیا پاؤڈر پر مشتمل بھی ہو سکتا ہے اسے ترجیح دیں یہ آپ کی جلد کو قدرتی تاثر دیتے ہوئے جلد کے مسامات کو بند بھی نہیں کرتا اور ایکنی وغیرہ کے نشانات بھی غائب ہو کر جلد کو ہموار تاثر دیتے ہیں۔

آج کل اکثر فاؤنڈیشن سن پروٹیکشن دیتے ہوئے جلد کے لیے زیادہ موزوں رہتے ہیں لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ فاؤنڈیشن کا استعمال روزانہ سن اسکرین کے طور پر کریں، اسے جلد پر ہر وقت لگائے رکھنا جلد کی صحت کے لیے بہتر نہیں ہے یہ کبھی بھی سن سکرین لوشن یا کریم کا متبادل نہیں ہو سکتا ہے ۔آپ فاؤنڈیشن کریم کو آئی شیڈو پرائمر (Primer)کے طور پر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔
فاؤنڈیشن کے اوپر پاؤڈر کا استعمال بہت زیادہ بالکل بھی نہ کریں یہ چہرے پر منصوعی تاثر لاتے ہوئے فائن لائنز کو نمایاں کردے گا اور ایسا محسوس ہو گا کہ بہت زیادہ میک اپ استعمال کیا گیا ہے ۔
کیک فاؤنڈیشن کی نسبت لیکوئیڈ کا استعمال باسہولت رہتا ہے اس کی مناسب مقدار جلد کی فائن لائن کو کور کرتے ہوے بہتر تاثر دیتی ہیں لیکن اگر آپ کی جلد آئلی نہ ہوتب اس کا استعمال بہتر رہتا ہے، نارمل جلد سے خشک جلد تک منرل بیس فاؤنڈیشن فوراً ہموار اور ہم رنگ جلد بنا دیتا ہے اسے اسفنج کی مدد سے کم حصے سے پھیلاتے ہوئے نرمی کے ساتھ پورے چہرے پر یکساں طور پر لگانا چاہیے۔

کنسیلر:(Concealer)
آپ کے میک اپ باکس میں اس کا ہونا لازمی ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کی عمر 16سال ہے یا 60سال آپ کو اس کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
یہ چہرے پر موجود نشانات‘آنکھوں کے گرد موجود حلقے اور جھائیاں وغیرہ چھپانے کے لیے بہت کار آمد ہے ۔یہ مختلف شیڈ میں مارکیٹ میں دستیاب ہے اس کا انتخاب اپنے جلد کی رنگت کے مطابق کریں۔

میک اپ برش:(Makeup Brushes)
کوئی بھی اچھا آرٹسٹ برش کی اس اہمیت کو نظر انداز نہیں کر سکتا جو اس کی پینٹنگ کو خوبصورت بناتی ہے ۔
بالکل اسی طرح میک اپ میں بھی برشز کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
ایک اچھا لپ برش آپ کی پسندیدہ لپ اسٹک کو خوبصورتی کے ساتھ ہونٹوں پر اس طرح اپلائی کر سکتا ہے کہ وہ دیر تک نفاست کے ساتھ جمی رہے ۔
بالکل اسی طرح آئی لائنربرش‘آئی شیڈو برش‘بلشر برش وغیرہ نہایت اہم ہیں۔
انہیں لیتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ یہ قدرتی فائبر کے بنے ہوئے ہوں اور یکساں طور پر اپنی شیپ کے مطابق ہموار‘نرم اور لچکدار ہوں انہیں حفاظت سے اس طرح رکھیں کہ یہ خراب نہ ہو سکیں اور ان کے ریشے نہ ٹوٹیں ،اگر برشز کو لاپرواہی سے رکھا جائے تو اس کے ریشے جھڑ جاتے ہیں اور پھر مطلوبہ رزلٹ حاصل کرنے کے لیے یہ بیکارہو جاتے ہیں۔

آئی لائنر:(Eye Liner)
آئی لائنر میک اپ میں لپ اسٹک کے بعد سب سے زیادہ مقبول کا سمیٹک پروڈکٹ ہے یہ آپ کی آنکھوں کو جادوئی تاثر عطا کرتا ہے اور ان کی دلکشی میں اضافہ کرتا ہے ۔اس کا آپ کے میک اپ باکس میں موجود ہونا بہت ضروری ہے۔
بڑی اور کشادہ آنکھوں کے لیے آئی لائنر کو حفاظت کے ساتھ اس طرح لگائیں کہ اوپری پپوٹوں پر پلکوں کے ساتھ اندرونی کنارے سے بیرونی کنارے تک لاکر لائن کو ہلکی سی موٹائی دیتے ہوئے باہر کی جانب لائیں ،اس بات کا خیال رکھیں کہ لائنر پھیلے نہ کیونکہ اس کے لیے نہایت مہارت درکار ہوتی ہے ۔
آئی لائنر لیکوئیڈ کے علاوہ کیک اور پینسل میں بھی دستیاب ہے ان میں سے اپنی سہولت کے مطابق کسی ایک کا انتخاب کریں ۔ویسے تو آئی لائنر بلیک کے علاوہ نیلے اور براؤن کلر میں بھی دستیاب ہیں لیکن عام طور پر
بلیک آئی لائنر کو ہی زیادہ پسندیدگی حاصل ہے۔
مسکارا:(Mascara)
پلکوں کو گھنا تاثر دینے کے لیے مسکارا استعمال کیا جاتا ہے اسے لگانے سے پلکوں کو بھاری پن حاصل ہوتا ہے لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ مسکارے کا بہترین رزلت حاصل کرنے کے لیے اس کے برش کا بھی اہم کردار ہوتا ہے ۔
بہت زیادہ گولائی والے برش کی نسبت ہلکا چپٹا برش زیادہ موٴثر طریقے سے پلکوں پر مسکارے کاکوٹ کرتا ہے ۔
اس حوالے سے برش کا درست استعمال بھی نہایت اہمیت رکھتا ہے ۔مسکارا براؤن‘بلیک‘بلو‘پرپل اور دیگر شیڈز میں بھی دستیاب ہے لیکن سب سے زیادہ براؤن اور بلیک کلر کے مسکارے کو پسندیدگی حاصل ہے۔
آئی شیڈوز:(Eye Shadow)
اس کی ایک وسیع رینج مارکیٹ میں عام دستیاب ہے لیکن بہت زیادہ رنگوں کی آئی شیڈوکِٹ عموماً بیکار ہی جاتی ہے اور ان میں سے اکثر کلرز کو استعمال بھی نہیں کیا جاتا۔
ایسے شیڈ جو آپ زیادہ استعمال کرتی ہوں اور چند ایک ڈے میک اپ اور نائٹ میک اپ کے لحاظ سے منتخب کریں ،آنکھوں کو قوس وقزح کا تاثر دینے سے گریز کریں ایک یادورنگوں کا لباس اور موقع کے لحاظ سے استعمال موزوں رہتا ہے ۔
آپ گولڈن‘سلور اور کاپر ہائی لائٹرز کا بھی اپنے میک اپ باکس میں اضافہ کرسکتی ہیں۔
بلشر:(Blusher)
بلشر کا استعمال پورے چہرے کو خوبصورتی اور شادابی کا تاثر دیتا ہے ۔
سوفٹ تاثر کے لے گلابی شیڈز بہترین ہیں جبکہ براؤن اور پیچ کلرز کے شیڈز پر مشتمل بلشر کا بھی آپ اپنی رنگت اور شخصیت کے مطابق انتخاب کر سکتی ہیں ۔بلشر کے استعمال سے چہرے کو ملنے والی رعنائی اس کی موجودگی آپ کے میک اپ باکس میں لازمی بناتی ہے۔
پرفیکٹ لپ اسٹک:(Lipstick)
بیوٹی کاسمیٹکس میں لپ اسٹک کو سب سے اہم حیثیت حاصل ہے یہ تمام کاسمیٹک مصنوعات میں سب سے زیادہ مقبول ہے ۔
ایک خوبصورت لپ کلر آپ کی پوری شخصیت کو تبدیل کرتے ہوئے سحر انگیزی عطا کرتا ہے ۔آپ اپنے پسندیدہ رنگوں کی لپ اسٹک کاکلیکشن جو آپ کی شخصیت پر سوٹ بھی کرتا ہو یقینا اپنے میک اپ باکس میں بنا سکتی ہیں ۔گلوسی لپ اسٹک کے علاوہ میٹ لپ اسٹک کا استعمال بھی عام ہے آپ الگ سے شفاف لپ گلوس بھی استعمال کر سکتی ہیں ۔اس کے علاوہ لپ پینسل بھی میک اپ باکس میں موجود ہونی ضروری ہے۔

نیل کیرکٹ:
اپنے ہاتھ اور پاؤں کی جلد کے ساتھ ساتھ ناخنوں کا بھی خیال رکھیں ۔جب بھی میک اپ پروڈکٹس کی بات آتی ہے تو عموماً خواتین کافوکس ان کے چہرے کی جانب ہوتا ہے،لیکن اپنے ناخنوں کو نظر انداز بالکل نہ کریں ۔بیوٹی ماہرین کے مطابق آپ کے چہرے کے ساتھ آپ کے ہاتھ بھی نوٹس میں ضرور آتے ہیں اپنے ناخنوں کو صاف اور تراشیدہ حالت میں رکھیں اگر ناخن بڑھے ہوئے ہیں تو صفائی کے ساتھ ان کی شیپ کو بھی بہترین حالت میں بر قرا ر رکھیں اور حسب پسند نیل پالش کا استعمال کریں اور نیل پاش ریمور بھی ساتھ میں رکھنا نہ بھولیں ۔

ہفتے میں ایک بار مینی اور پیڈی کیور ضروری کریں اور اس کے لیے میک اپ باکس میں نیل کیرکٹ ضرور رکھیں اس میں نیل کٹر‘کلیپر ‘بفر‘فائلر‘برش‘پاؤں صاف کرنے کا پتھر اور اینٹی بیکٹریل سوپ لیکوئیڈ بھی رکھا جا سکتا ہے ۔اگر میک اپ باکس اتنا بڑا نہ ہو کہ آپ یہ کٹ اس میں رکھیں تب بھی حفاظت سے ایک جگہ اس کٹ کو ضرور رکھیں مثلاً ڈرسینگ ٹیبل کی دراز یا شیلف میں تاکہ وقت ضرورت ان کا استعمال
باآسانی کر سکیں ۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Venti Box Aap Ki Khoubsurti Ke Lawazmaat Ka Nigehbaan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.