Working Women Zehanat Ke Sath PurAitmad Andaz - Article No. 2603

Working Women Zehanat Ke Sath PurAitmad Andaz

ورکنگ ویمن ذہانت کے ساتھ پُراعتماد انداز - تحریر نمبر 2603

مسائل کو خود پر مسلط کرنے کے بجائے ذرا سی کوشش‘محنت و توجہ سے آپ گھر ہو یا دفتر ہر جگہ خوبصورت و باوقار نظر آسکتی ہیں

جمعہ 28 مئی 2021

کام کرنے والی خواتین کس طرح اپنی خوبصورتی کا خیال رکھ سکتی ہیں۔دفتر‘پریشانیاں‘فائلوں کے انبار‘فون کی گھنٹیاں‘نہ جانے کتنی الجھنیں اور دوسری طرف گھر کے کام وہاں بھی ایک پہاڑ‘یہاں بھی ایک پہاڑ۔آپ کسی نہ کسی طرح اس افراتفری میں گھر اور دفتر کے درمیان توازن قائم کر لیتی ہیں لیکن مصیبت یہ ہے کہ آپ خود اپنے لئے وقت نہیں نکال پاتیں۔
آپ کی صحت اور خوبصورتی دونوں آہستہ آہستہ آپ کا ساتھ چھوڑتی چلی جاتی ہیں اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ آپ وہ نقصان کر بیٹھتی ہیں جس کا کسی طرح ازالہ نہیں ہو سکتا۔اس لئے آپ کو ہفتے میں ایک دن صرف اور صرف اپنے لئے ضرور نکالنا ہے جب آپ آرام کریں گی اور اپنی صحت اور اپنی خوبصورتی کی طرف توجہ دیں گی۔
اگر آپ نے ہفتے میں ایک دن بھی اپنے لئے نکال لیا تو پھر آپ کی خوبصورتی اور صحت آپ کا ساتھ دیتی رہے گی اور آپ اس طرح خود کو سنبھالے رکھنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

یہ چھٹی کا دن ہو سکتا ہے۔اس لئے ایک بھرپور نیند لینے کے بعد بیدار ہو جائیں۔عام دنوں میں تو یہ ہوتا ہے کہ آپ کو دفتر جانا پڑتا ہے گھر کے کام کاج نمٹانے پڑتے ہیں لیکن چھٹی والے دن آپ کو اتنی جلدی نہیں ہوتی۔آپ آرام آرام سے ناشتہ کریں اور ایک اچھا باتھ لینے کے لئے تیار ہو جائیں۔آج کا دن آپ کے اپنے لئے ہے۔آپ کو مکمل طور پر اپنی طرف دھیان دینا ہے۔
آپ کو دوسرے معاملات میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
سب سے پہلے مینی کیور اور پیڈی کیور کریں۔اپنے ہاتھوں اور ٹانگوں کو صاف کریں۔اس کے بعد ویکسنگ کے ذریعے ہاتھوں اور ٹانگوں کے غیر ضروری بالوں سے نجات پا لیں۔پھر باتھ ٹب میں لیٹ کر پانی میں کولون شامل کرکے بہت اچھا باتھ لیں۔جسم پر پاؤڈر اور بغلوں میں ڈیوڈرنٹ چھڑک لیں تاکہ پسینے کی بو محسوس نہ ہو۔
آپ اپنے بالوں کو بھی دھو سکتی ہیں کیونکہ آپ کے پاس ان میں روزانہ برش کرنے اور مساج کرنے کا وقت نہیں ہوتا۔اس دن آپ اپنے بالوں پر مکمل توجہ دے سکتی ہیں۔ان کاموں سے فارغ ہو کر ڈھیلا ڈھالا لباس پہن لیں کیونکہ کام والے دنوں میں آپ فٹنگ والے لباس پہنا کرتی ہیں‘جبکہ یہ دن ڈھیلے ڈھالے کپڑوں کا ہے۔لنچ کے بعد آپ کچھ دیر سو جائیں ‘کیونکہ مسلسل کام کے چھ دنوں کے بعد آپ کو اس طرح آرام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
شام کا وقت تفریح کا ہے۔اپنے دوستوں کے پاس جائیں یا انہیں گھر پر بلا لیں۔ہلکا پھلکا کھیل کھیلیں اور خوب تفریح کریں۔اس کے بعد رات کا کھانا جلدی کھا کر جلدی بستر پر چلی جائیں کیونکہ اگلی صبح سے آپ کو پھر کام پر جانا ہے زندگی کے وہی معمولات پھر سے شروع ہو جائیں گے۔ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں اور میک اپ اتار دیں۔
جب آپ ہفتے کے چھ دن باہر رہتی ہیں تو گرد اور میل کچیل آپ کی جلد کو نقصان پہنچایا کرتے ہیں۔
اس لئے آپ کو اپنی جلد پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اپنے پرس میں ایک چھوٹا آئینہ‘کمپیکٹ‘لپ اسٹک اور برش وغیرہ ضرور رکھا کریں۔لنچ ٹائم میں اپنے چہرے کو صاف کر لیا کریں۔برش کریں اور کمپیکٹ استعمال کریں۔اس طرح شام کو دفتر سے روانہ ہوتے ہوئے بھی کریں آپ تروتازہ رہیں گی۔کام کرنے والی خواتین کا میک اپ ہلکا ہونا چاہیے گہرا میک اپ آپ کی شخصیت کو بے کشش بنا سکتا ہے۔
جب کہ ہلکے میک اپ میں آپ دلکش دکھائی دیتیں ہیں اور جہاں تک ہیئر اسٹائل کا تعلق ہے تو وقت کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ اس کو بھی تبدیل کرتی رہیں لیکن ایسی تبدیلی نہ ہو کہ دفتر میں آپ کے بال آپ کے لئے پرابلم بن جائیں۔
ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے بالوں کو کھلا رکھنے کی عادی ہوں لیکن یہ بتائیں کہ کیا اس طرح آپ اپنے جھولتے ہوئے بالوں کے ساتھ دفتر کا کام بخوبی انجام دے سکتی ہیں؟اس لئے ایسے ہیئر اسٹائل کا انتخاب کریں جو آپ کے بالوں کو فکس کر دے۔
اگر آپ کے بال چھوٹے ہیں تو پھر کوئی پرابلم نہیں ہے۔آپ انہیں کلپ لگا لیں یا باندھ لیں یا باہر جاتے ہوئے اگر ہیئر بینڈ لگا لیں تو زیادہ بہتر ہے۔آپ کسی پارٹی یا شادی کی کسی تقریب میں جاتے ہوئے کسی بھی ہیئر اسٹائل کا انتخاب کر سکتی ہیں۔باہر آپ کو موسم کی حدت سے پسینہ آیا کرتا ہے۔اس لئے اپنے پرس میں کولون کی خوشبو سے بھیگا ہوا رومال رکھ لیا کریں اور وقفے وقفے سے اس رومال کو چہرے پر پھیر لیا کریں۔
آپ کی تازگی برقرار رہے گی۔آپ کو اپنی روزمرہ زندگی میں ہر جگہ چاہے دفتر ہو یا گھر اسمارٹ دکھائی دینا ہے۔آپ نے خود ایسی اسمارٹ خواتین کو ضرور دیکھا ہو گا کہ جن کو دیکھ کے دل خوش ہو جاتا ہے۔آپ بھی ذرا سی توجہ سے ویسی ہی بن سکتی ہیں۔
اچھی صحت کا راز یہ بھی ہے کہ اپنے ہونٹوں پر ہمیشہ ایک نرم اور خوش گوار سی مسکراہٹ سجائے رکھیں تاکہ لوگ آپ کی تعریف کریں۔
آپ کے قریب آنا چاہیں۔یاد رکھیں جس کی تیوریاں ہر وقت چڑھی رہتی ہوں اور ہونٹوں پر مسکراہٹ نہ ہو لوگ اس سے کترایا کرتے ہیں۔آپ کا طرز زندگی اور رویہ بہت نفیس اور مہذب ہونا چاہیے۔آپ اپنی عزت کرانا چاہتی ہیں تو اس کا آسان فارمولا یہ ہے کہ دوسرے کو عزت دیں۔آپ کا رویہ ہر ایک کے ساتھ مہربان ہونا چاہیے چاہے وہ باس ہو یا چپڑاسی یعنی آپ سب کو عزت دیں۔

اپنے لباس سادہ لیکن پُرکشش رکھیں۔آپ کے مہذب اور سلیقے کے لباس سے لوگ آپ کے ذوق کا اندازہ لگا لیتے ہیں۔لباس کا انتخاب موسم کی مناسبت سے کریں۔ایسی بہت سی خواتین ہیں جو سردیوں میں بری طرح کانپتیں تو رہتی ہیں لیکن گرم کپڑے استعمال نہیں کرتیں اور وہ اپنے لئے مصیبتیں پیدا کر لیتی ہیں اور انہیں تنقیدی نگاہوں سے بھی دیکھا جاتا ہے۔
اسی لئے کپڑے ہمیشہ موسم کے لحاظ سے پہنیں چاہے گرمی ہو،سردی ہو یا برسات کا موسم ہو۔اس طرح باہر آپ نارمل رہیں گی اور آپ کی کارکردگی بھی برقرار رہے گی۔ایک بات اور گھر کے مسائل دفتر نہ لے جائیں اور اسی طرح دفتر کے مسائل گھر نہ لایا کریں۔جو جہاں ہے اسے وہیں رہنے دیں۔اس سے نقصان یہ ہوتا ہے کہ دوسرے بھی آپ کے مسائل سن سن کر پریشان ہوتے رہتے ہیں اور فائدہ کچھ نہیں ہوتا۔

پریشانیاں صحت کے لئے مفید نہیں ہیں۔یہ آپ کی صحت کو برباد کر دیتی ہیں۔اس لئے مسائل پر پریشان ہونے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنے کی عادت ڈالیں۔اس طرح آپ خود کو صحت مند رکھ سکیں گی۔آپ کا رویہ خوش گوار ہونا چاہیے تاکہ لوگ آپ سے بات کرنے میں خوشی محسوس کریں۔خود سوچیں آپ دفتر میں کا م کر رہی ہیں آٹھ گھنٹوں تک آپ کو رہنا ہے تو ماحول خوش گوار ہو گا تو آپ کو اچھا لگے گا ورنہ آپ اپنے سخت رویے کی وجہ سے تنہا ہو کر رہ جائیں گی۔
دوسروں کی ہمدرد بنیں‘ان کے دکھ درد بانٹنے کی کوشش کریں۔میں ایک بار پھر یہ مشورہ دے رہی ہوں کہ باہر جاتے ہوئے اپنے پرس میں کمپیکٹ ضرور رکھا کریں تاکہ تازہ دم ہوتی رہیں۔اگر آپ نے اپنے چہرے اور گردن پر میچنگ فاؤنڈیشن کیا ہوا ہے تو باہر کی دھوپ آپ پر زیادہ اثر انداز نہیں ہو گی۔آپ اپنی آنکھوں پر کریمی آئی شیڈ بھی استعمال کر سکتی ہیں۔سورج کی براہ راست تمازت سے بچنے کے لئے گلاسز اور چھتری ضرور استعمال کریں۔ہمیشہ لپ اسٹک کا نیچرل شیڈ لگایا کریں یہ آپ پر اچھا لگے گا گہرا شیڈ بے ڈھنگا دکھائی دیتا ہے۔ خاص طور پر دن کے وقت آپ اپنی ذرا سی کوششوں اور توجہ سے ہر جگہ خوبصورت اور صحت مند رہ سکتی ہیں چاہے گھر ہو یا دفتر۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Working Women Zehanat Ke Sath PurAitmad Andaz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.