Wrist Watches Or Rangeen Chashmey - Article No. 2413

Wrist Watches Or Rangeen Chashmey

رسٹ واچز اور رنگین چشمے - تحریر نمبر 2413

خواتین ہر طرح کے جدید ترین فیشن سے باخبر رہتی ہیں

بدھ 2 ستمبر 2020

راحیلہ مغل
فیشن چاہے نت نئے کپڑوں کا ہو یا جوتوں کا میک اپ کا ہو یا ہیئر اسٹائل کا خواتین ہر طرح کے جدید ترین فیشن سے باخبر رہتی ہیں۔کپڑوں میں کون سا رنگ اچھا لگتا ہے یا کپڑوں کی ڈیزائننگ کیسی ہونی چاہیے؟کسی لباس کے ساتھ کون سے رنگ کے جوتے اچھے لگیں گے اور زیورات کیسے ہونے چاہییں؟یہ سب خواتین کی دلچسپی اور ان کی ضرورت بھی ہے۔
اب تو فیشن کے انداز ہی بدل گئے ہیں۔اگر دھوپ میں خواتین کو باہر نکلنا ہوتا ہے تو اس کے حساب سے میچنگ کا چشمہ لگانا ضروری سمجھتی ہیں۔خیر،یہ فیشن ہی نہیں ایک ضرورت بھی ہے کہ اس کے ذریعے سورج کی تیز روشنی سے آنکھوں کی حفاظت کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ رسٹ واچ(گھڑی)بھی خواتین کے فیشن کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔اور اکثر ماڈرن خواتین اور طالبات میچنگ رسٹ واچز کے ساتھ نظر آتی ہیں۔

(جاری ہے)


دراصل گرمی کے موسم میں جب سورج پوری آب وتاب کے ساتھ چاروں طرح اپنی چمکیلی کرنیں بکھیر رہا ہو اور دھوپ کی شدت سے آپ کی آنکھیں بند ہوئی جاتی ہو تو ایسے میں گھر سے باہر جاتے وقت ایک عدد عمدہ سن گلاس یعنی دھوپ کا چشمہ باعث رحمت ثابت ہوتا ہے لیکن جب ذکر ہو خواتین کا بلکہ خاص طور سے لڑکیوں کا تو ان کی ضرورت کی چھوٹی سے چھوٹی چیز بھی فیشن و اسٹائل سے خالی نہیں ہوتی۔
سو، دھوپ کا چشمہ موسم کی اشد ضرورت سہی لیکن یہ فیشن اور اسٹائل بھی ہے سن گلاسز کا فیشن بھی ملبوسات اور زیورات کی مانند آئے دن بدلتا رہتا ہے اور یوں خواتین کی آنکھوں کو فرحت پہنچانے والے یہ چشمے ان کے چہرے کی رونق بڑھانے کا بھی سبب بنتے ہیں موسم گرما میں بڑے سائز اور شوخ رنگوں پر مشتمل سن گلاسز فیشن میں ان ہوں گے تاکہ جب آپ انہیں اپنی آنکھوں پر لگائیں تو آپ کو دنیا حسین رنگین نظر آئے۔
سو آپ بھی شوخ رنگ اور مختلف ساخت والے ان چشموں کو ضرور آزمائیں جو اپنی انفرادیت کے باعث آپ کی شان میں یقینا اضافہ کریں گے رنگین فریم ان چشموں کے فریم ہی نہیں بلکہ شیشے بھی دلکش سے سجے ہیں۔دھوپ کا چشمہ اگر لباس کی مناسبت سے لگایا جائے تو آپ کی شخصیت مزید دلکش نظر آئے گی لیکن اس بات کا خیال رکھنا ہر گز نہ بھولیں کہ سن گلاسز ہمیشہ اچھی کوالٹی کے خریدیں کیونکہ یہ آپ کی آنکھوں کو سورج کی مضر شعاعوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

ویسے تو گھڑیاں صرف ٹائم دیکھنے کے لئے استعمال کی جاتی ہیں،لیکن دور حاضر میں ان کا استعمال ضرورت سے کہیں زیادہ فیشن کے طور پر نظر آتا ہے۔مردوں اور ملازمت پیشہ عورتوں کے لئے تو رسٹ واچ کا استعمال فیشن سے زیادہ ضرورت ہے۔ان کا زیادہ تر وقت دفتر اور دفتری کاموں کی غرض سے باہر دوسرے کلائنٹ کے پاس اور سڑکوں پر سفر کرتے ہوئے بھی گزرتا ہے اور اس دوران ان کو ٹائم کا خیال رکھنا پڑتاہے۔

تاہم گھروں میں رہنے والی عورتیں اسے صرف بازار اور تقریبات میں شرکت کے لئے جاتے وقت استعمال کرتی ہیں۔تاہم اب وہ اس حوالے سے خاص اہتمام کرتی ہیں اور انہی کے شوق اور دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے بازار میں نت نئے ڈیزائن اور رنگوں کی رسٹ واچز دستیاب ہیں۔
رسٹ واچ ایک عرصے تک مردوں کی شخصیت کا خاص حصہ سمجھی جاتی تھیں،لیکن تاریخ کے اوراق پلنے سے معلوم ہوتا ہے کہ بیسویں صدی سے قبل یہ صرف خواتین کے استعمال میں ہی تھیں اور ان کے فیشن کا اہم جزو سمجھی جاتی تھیں۔
خواتین ان گھڑیوں کو آرائش و زیبائش کی غرض سے استعمال کرتی تھیں۔پھر آہستہ آہستہ خواتین کا یہ فیشن مردوں میں مقبولیت حاصل کرنے لگا اور ان کی ضرورت بن گیا۔بہر حال گھڑیوں کا فیشن کبھی ایک جیسا نہیں رہا۔اس میں وقت کے ساتھ ساتھ بے شمار تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں۔گھڑیوں کے بدلتے ہوئے فیشن نے مختلف کمپنیوں کو نت نئے ڈیزائن کی واچز بنانے کی جانب مائل کیا جس کے بعد ہر قسم اور ہر ساخت کی گھڑیاں متعارف کروائی گئیں اور ان کا استعمال بطور فیشن کیا جانے لگا۔
ان گھڑیوں کی قیمتیں ہزاروں سے لاکھوں روپے تک ہیں۔
پہلے دور میں رسٹ واچ عام دھات سے اور ایک مخصوص ڈیزائن میں تیار کی جاتی تھیں۔خواتین کے لئے تیار کردہ ڈیزائن کے اسٹریپس قدرے نازک ہوتے تھے لیکن سجاوٹ کے اعتبار سے یہ انتہائی خوب صورت معلوم ہوتے تھے۔یہ گھڑیاں وقت دیکھنے سے زیادہ نمائشی ہوتی تھیں۔ایک زمانہ تھا جب رسٹ واچز صرف امیر خواتین کی کلائی میں نظر آتی تھیں۔
مگر پھر مختلف برانڈ سامنے آئے اور قیمت کے اعتبار سے بھی یہ ہر ایک کی دسترس میں آگئیں۔ملازمت پیشہ خواتین کے علاوہ گھروں میں رہنے والی عورتیں کسی تقریب اور محفل کی مناسبت سے گھڑیاں پہننے لگیں۔گھڑیاں عام بھی ہوتی ہیں اور کرسٹل گھڑیاں،اسٹن لیس اسٹیل واچز کے علاوہ بہت سی خواتین گولڈ پینڈ گھڑیاں بھی استعمال کرتی ہیں،جب کہ بہت سی گھڑیاں ایسی بھی ہیں جن میں ہیرے جڑے ہوتے ہیں۔اس کے علاوہ دیگر دھاتوں سے خوب صورت اور دیدہ زیب ڈیزائن کی گھڑیاں بنائی جاتی ہیں جو خواتین پہننا پسند کرتی ہیں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Wrist Watches Or Rangeen Chashmey" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.