Zaeef Khawateen Ke Masail - Article No. 2522

Zaeef Khawateen Ke Masail

ضعیف خواتین کے مسائل - تحریر نمبر 2522

ضعیف خواتین اپنے پیچیدہ اور بہ ظاہر نہ حل ہونے والے مسائل کو سلجھا سکتی ہیں

پیر 8 فروری 2021

زرینہ مشتاق
ضعیف خواتین گوناگوں مسائل میں اُلجھی ہوئی نظر آتی ہیں۔عمر کی وجہ سے ان کو مشکل حالات کا سامنا ہوتا ہے۔یہ ٹھیک ہے کہ بڑھتی ہوئی عمر پر تو قابو نہیں پایا جا سکتا،مگر ذرا سی توجہ سے ضعیف خواتین اپنے پیچیدہ اور بہ ظاہر نہ حل ہونے والے مسائل کو سلجھا سکتی ہیں۔خواتین کو چاہیے کہ شروع سے اپنی غذا کا مناسب خیال رکھیں۔
ایسی غذا کا انتخاب ضروری ہے،جو متوازن ہو اور بڑھاپے میں ان کے لئے مددگار و معاون ثابت ہو۔معمر خواتین کی غذا سادہ ہو تو معدے پر اضافی بوجھ نہیں پڑتا اور وہ بیماریوں سے بڑی حد تک محفوظ رہتی ہیں۔عمر رسیدہ خواتین میں ہڈیوں کی بوسیدگی (OSTEOPOROSIS) کی تکلیف عام ہے۔35 سال کی عمر کے بعد معالج کے مشورے سے کیلسیئم اور دوسری توانائی بخش غذاؤں کا کھانا یقینا مفید ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جسم کو جتنی زیادہ حرکت دی جائے گی،ہڈیاں اتنی ہی لچک دار اور مضبوط ہوں گی۔معالج کے مشورے سے ہلکی پھلکی ورزش یا تیز تیز چلنا اگر معمولات میں شامل ہو تو اس طرح کئی تکالیف جو بڑھاپے کی ساتھی ہوتی ہیں،دور رہیں گی۔
خواتین اور خصوصاً بزرگ خواتین کا وقت گھر کے اندر زیادہ گزرتا ہے۔وہ پلنگ پر بیٹھے بیٹھے سبزی ترکاری بنا دیتی ہیں۔
بعض اوقات نظر کی کمزوری اور ہاتھ میں رعشے کے سبب یہ بھی نہیں ہوتا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین اپنا کچھ وقت صبح کی تازہ ہوا میں گزاریں۔سردیوں میں تھوڑی دیر دھوپ میں بیٹھنا صحت و توانائی کے لئے مفید ہے۔اس سے جسم کو حیاتین د(وٹامن ڈی)ملتی ہے۔ایک تحقیق کے مطابق جو خواتین غسل آفتابی کرتی ہیں،وہ ان خواتین کے مقابلے میں جو بند جگہوں میں رہتی ہیں،ہڈیوں کی بوسیدگی کا بہت کم شکار ہوتی ہیں۔

سماجی اعتبار سے خواتین کا بنیادی مسئلہ جنریش گیپ ہے۔اکثر معمر خواتین موجودہ زمانے کا ساتھ دینے سے قاصر ہوتی ہیں۔مطالعہ نہ ہونے کے سبب نئی معلومات سے محروم ہوتی ہیں۔ان کا اپنا طرز عمل ان کے لئے اہم اور عزیز ہوتا ہے،جب کہ مرد پھر بھی نئے زمانے سے روشناس ہوتے ہیں۔نتیجے کے طور پر ان کے بچے پیار سے اور بہو ناک بھوں چڑھا کر ان کے مشورے رد کر دیتی ہے۔
یہ شدید رد عمل ان کو مختلف ذہنی،جسمانی اور نفسیاتی امراض میں مبتلا کر دیتا ہے۔
فرصت،جی ہاں یہ معمر خواتین کی سب سے بڑی دشمن ہے۔یہ صحیح ہے کہ عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کی سر گرمیاں محدود ہو جاتی ہیں، کیونکہ ایک تو ان کے قوا مضمحل ہوتے جاتے ہیں،دوسرے کام کرنے والے افراد میں بہوؤں اور بیٹیوں کی صورت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں طویل مدت پر محیط یکساں مصروفیات ان کو تھکا دیتی ہیں،لہٰذا اب وہ آرام کرنا چاہتی ہیں،لیکن ضرورت سے زیادہ آرام ان کی صحت کے لئے مفید نہیں ہوتا۔

ایسی خواتین کو چاہیے کہ یکساں گھریلو مصروفیات ترک کر دیں اور کسی نئے مشغلے میں دلچسپی لینا شروع کر دیں۔اس طرح ان کی توانائی بحال رہے گی اور وہ معاشرے کا عضو معطل بھی نہیں بنیں گی۔یہ سرگرمیاں کئی قسم کی ہو سکتی ہیں،مثلاً باغ بانی،نظر اجازت دے تو سلائی کڑھائی، بے کار اشیاء کی مدد سے کار آمد چیزیں بنانا،غریب و نادار بچوں کو پڑھانا،معیاری ادب کا مطالعہ اور گھر کے چھوٹے موٹے امور میں ہاتھ بٹانا وغیرہ وغیرہ۔
بے کاری،نفسیاتی امراض کا بھی سبب بنتی ہے۔اکثر مشاہدے میں آیا ہے کہ نفسیاتی امراض جسمانی عوارض کا سبب بنتے ہیں۔ ایسی خواتین کا ایک مسئلہ وہم بھی ہوتا ہے۔یہ بیماریوں کو اپنے اوپر مسلط کر لیتی ہیں۔جب کسی بھی قسم کی بیماری کا تذکرہ سنتی ہیں تو خود کو اس میں مبتلا سمجھتی ہیں۔
بوڑھے اور بچے میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔بچہ بھی توجہ کے لئے مختلف حرکتیں کرتا ہے،چاہے ان سے اس کو نقصان ہی کیوں نہ پہنچے۔
اسی طرح بعض بوڑھے بھی حصول توجہ کے لئے خود کو بیمار کہتے ہیں۔ان سے بھی ایسے اعمال سرزد ہوتے ہیں،جو آخر کار ذہنی دباؤ اور خلفشار کا سبب بنتے ہیں۔منفی سوچ اور تنہائی کی وجہ سے رفتہ رفتہ معمر خواتین معاشرے سے کٹتی جاتی ہیں۔سب ان کو اپنے دشمن نظر آتے ہیں۔اضمحلال و افسردگی (ڈپریشن) کی کیفیت ان پر اکثر مسلط رہتی ہے۔ضعیف خواتین کو متحرک و توانا رکھنے میں ان کے لواحقین کو چاہیے کہ ان کی مدد کریں ۔
ان کو زندگی میں دلچسپی لینے کے لئے ماحول فراہم کریں۔بزرگ خواتین کو بھی چاہیے کہ اپنی جسمانی،ذہنی اور نفسیاتی بیماریوں کے تدارک کے لئے عملی زندگی سے کنارہ کش ہونے کے بجائے اس میں حتی المقدور شامل رہیں۔یہ ان کے لئے بھی مفید ہو گا اور ان کے اہل خانہ کے لئے بھی سکون و طمانیت کا سبب بنے گا۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Zaeef Khawateen Ke Masail" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.