Zevrat Ka Intekhab Samajhdari Se Kareen - Special Articles For Women

زیورات کا انتخاب سمجھداری سے کریں - خواتین کیلئے مضامین

جمعہ اکتوبر

Zevrat Ka Intekhab Samajhdari Se Kareen
راحیلہ مغل
کہتے ہیں کہ کسی بادشاہ نے اپنی سلطنت میں ہر سو ہر کارے بھیج کر فرمان جاری کروا دیا کہ کل سے اس کی رعایا میں موجود کوئی بھی عورت ناتو کسی قسم کا زیور پہنے گی اور نہ ہی کسی قسم کا بناؤ سنگھار کرے گی۔اس فرمان پر عمل کیا ہونا تھا جس نے بھی سنا ہنس دیا کہ لگتا ہے بادشاہ کا دماغ جل گیا ہے۔عورت ہو اور وہ زیورات نہ پہنے اور بناؤ سنگھار نہ کرے یہ کیسے ہو سکتا ہے۔

دراصل سجنا سنورنا اور خوبصورت نظر آنا خواتین کا پیدائشی حق ہوتا ہے۔نئے زمانے میں جہاں ہر چیز میں جدت آچکی ہے وہیں خواتین اپنے بناؤ سنگھار میں جدت سے بھلا کیوں پیچھے رہیں اور جہاں بات آجائے بناؤ سنگھار کی تو زیورات کے بغیر تو ہر فیشن ادھورا معلوم ہوتا ہے۔ماضی میں سونے اور چاندی کے زیورات ہی خواتین کا اصل زیور مانے جاتے تھے لیکن وقت کے ساتھ مہنگائی نے خواتین کے لئے سونا چاندی کے زیورات خریدنا مشکل بنا دیا ہے اور اسی مشکل کے سبب بڑھی ہے مانگ مصنوعی زیورات کی۔

(جاری ہے)

چوڑیاں،کنگن،انگوٹھیاں،بندے،بالیاں،ہار،پازیب،یوں تو زیورات کی اقسام وہی پرانی ہیں لیکن جدید دور میں ڈیزائنز میں آنے والی جدت نے سجنے سنورنے کے تقاضوں کو غیر معمولی بنا دیا ہے۔سر سے لے کر پاؤں تک خواتین کے حسن کو کئی گنا بڑھاتے یہ زیورات کل بھی سجنے سنورنے کے لئے ضروری تھے۔اور آج بھی لازمی ہیں۔
دراصل یہ بات بھی سچ ہے کہ خواتین کتنا ہی اچھا لباس کیوں نہ زیب تن کر لیں کتنا ہی خوبصورت میک اپ کیوں نہ کر لیں جب تک زیورات کا تڑکا نہ لگے عورت کا حسن مکمل نہیں ہوتا۔

آج کے اس آرٹیکل میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ کس طرح لباس میں کس طرح زیورات زیب تن کریں کہ آپ کے حسن کو چار چاند لگ جائیں ۔یاد رکھیں آپ کے لباس کی شان و شوکت زیور سے نکھرتی ہے ۔جب بھی آپ کسی لباس کے ساتھ زیور کا انتخاب کریں تو لباس کے رنگ کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھیں کہ آپ کی قمیض کا گلہ کس Shapeکا بنا ہوا ہے کیونکہ ہر قسم کے گلے کے ساتھ ہر قسم کا زیور نہیں پہنا جاتا۔

فرض کریں کہ اگر آپ کے لباس کا گلہ چوکور ہے تو اس قسم کے لباس کے ساتھ لڑی والے ہار منتخب کریں تو اس کے ساتھ لڑی والا ہار بھی پہن سکتی ہیں ۔اس طرح آپ کا انداز شاہانہ لگے گا۔اگر آپ کے لباس کا گلہ گول ہے تو اس گلے کے ساتھ آپ جب چاہیں گلے کا زیور بن سکتی ہیں۔آپ لڑی والے ہار بھی پہن سکتی ہیں اور گلوبند بھی جو گردن کے ساتھ تک جاتے ہیں اور بہت خوبصورت لک دیتے ہیں۔


اگر آپ کے لباس کا گلا”وی“ہے تو بھی اب مطمئن ہو کر زیور کا انتخاب کر سکتی ہیں۔وی گلے کے ساتھ آپ لمبے اور مختصر لمبائی والے ہار دونوں پہن سکتی ہیں۔بس یہ خیا ل رکھیے گا کہ نیکلس کی لمبائی گلے کے ساتھ ہی ختم نہ ہو جائے بلکہ جو بھی زیور پہنیں وہ گلے کی گہرائی سے 2انچ اوپر تک ہو۔بعض خواتین ہائی نیک یعنی بین والے لباس پسند کرتی ہیں ۔

ایسے لباس کے زیور کا انتخاب آسان نہیں ہوتا لیکن آپ چاہیں تو اس کے ساتھ سمجھداری سے بہترین زیور منتخب کر سکتی ہیں۔اس گلے کے ساتھ موتی کی لڑی،لمبے ہار یا نو لکھا ہار جیسا کوئی ڈیزائن منتخب کریں اس طرح آپ کا لباس بھی بھرپور نظر آئے گا اور زیور کا مناسب انتخاب بھی سب کے دل جیت لے گا۔اس کے علاوہ تیار ہوتے وقت مندرجہ ذیل جیولری کا خیال رکھیں۔


چمکتی انگوٹھی
خوبصورت ہاتھوں میں اگر نگینے جڑی سنہری چمکتی انگوٹھی نہ ہو تو سجاوٹ ادھوری سی لگتی ہے۔
چوڑیاں
کلائیاں چوڑیوں کے بغیر سونی سونی سی لگتی ہیں۔بازار میں خوبصورت رنگوں سے مزین اور منقش چوڑیاں دستیاب ہیں۔روز مرہ کے استعمال کے لئے الگ نازک یا ڈیسنٹ ڈیزائنز میں دھاتی چوڑیوں اور کڑوں کا سیٹ مناسب قیمتوں میں موجود ہیں۔

شادی بیاہ،عید ،بقرہ عید سمیت دیگر تہوار کے لئے بھاری بھر کم ڈیزائنز دیکھتے ہی خواتین کی آنکھوں میں چمک آجاتی ہے!
کانوں کے بندے
چہرے کی خوبصورتی تو اُس وقت تک کھل کر ہی سامنے نہیں آتی جب تک کانوں میں بندے یا بالیاں نہ پہن لی جائیں۔بندے بھی کوئی ایسے ویسے سادہ سے نہیں۔بھاری یا ہلکے،ہر قسم کے نگینے جڑے بندے بھی مارکیٹ میں ان ہیں۔

جدید دور ہے،ایک سے بڑھ کر ایک نئے ڈیزائنز کے چھوٹے بڑے مختلف رنگوں کے موتیوں سے بنے جھمکے بھی لڑکیوں میں بے حد مقبول ہیں۔
نگینے جڑے کیچر اور نیکلس
اگر موڈ ہو مغربی ڈریسنگ کا تو نگینے جڑے کیچر سے اپنے بالوں کی پونی ٹیل باندھیں کہ اس کے ذریعے خواتین مزید پرکشش نظر آتی ہیں۔ مغربی یا مشرقی ۔۔لباس جیسا بھی ہو۔

کلرڈ موتیوں کے نیکلس خواتین کی شخصیت کو فوری اسٹائلش بنا دیتے ہیں۔کہیں تقریب میں جانا ہے اور بھاری زیورات کا دل نہ ہوتو میچنگ چوڑیوں سے ہی سوٹ کا رنگ بھی نکھر کر آجاتا ہے۔آج کل لمبے پینڈنٹ کے ساتھ ساتھ نت نئے ڈیزائنز کے ہار بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔مختلف دھاتوں پر دیدہ زیب رنگوں کے نگینوں سے سجے یہ ہار خواتین کو لمحوں میں ہی اسٹائلش بنا دیتے ہیں۔
تاریخ اشاعت: 2020-10-16

Your Thoughts and Comments

Special Special Articles For Women article for women, read "Zevrat Ka Intekhab Samajhdari Se Kareen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.