Chamakdar Ghanne Or Lambe Baal - Sab Ki Pasand - Article No. 2162

Chamakdar Ghanne Or Lambe Baal - Sab Ki Pasand

چمک دار،گھنے اور لمبے بال۔سب کی پسند - تحریر نمبر 2162

ہر عورت کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بال چمک دار ،گھنے اور لمبے ہوں۔

منگل 17 ستمبر 2019

امبر سلیم
ہر عورت کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بال چمک دار ،گھنے اور لمبے ہوں۔مرد حضرات بھی گھنے اور خوبصورت بالوں کے خواہاں ہوتے ہیں۔بہت سے افراد اپنی جلد کی حفاظت کرتے ہیں،لیکن بالوں کی طرف سے غفلت برتتے ہیں،نتیجتاً جلد فارغ البال ہو جاتے ہیں۔آپ کی جلد لاکھ چمک دار اور لباس بے حد قیمتی ہو،لیکن اگر بال خوش نما نہیں ہیں تو آپ کی شخصیت میں کوئی کشش نہیں ہوگی۔

اگر آپ صحت مند بال چاہتے ہیں تو اس کے لیے اپنی غذا پر توجہ دینا ہو گی ۔دو شکایات عام ہیں کہ میرے سر کے بال گرتے ہیں یا یہ کہ میرے بالوں کا رنگ ختم ہو چکا ہے اور اب یہ سفید ہو گئے ہیں ۔آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ ان دونوں شکایات پر قابو پا یا جا سکتا ہے ،بشر طے کہ آپ اس معاملے میں ٹھیک وقت پر اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

آپ کے بالوں کی صحت مندی اور جو غذا آپ کھاتے ہیں،اس میں ایک خاص نسبت ہے۔

ماہرین سے معلوم کیجیے کہ بال گرنے یا بالوں کا رنگ خراب ہونے پرکیا کرنا چاہیے؟
اوائل عمری میں اگر بالوں کا رنگ خراب ہو جائے تو شرمندگی ہوتی ہے ،مجبوراً انھیں رنگنا پڑتا ہے۔ایسی بہت سی غذائیں ہیں،جنھیں کھا کر آپ اس عیب کو چھپا سکتے ہیں۔ان غذاؤں سے رنگ پیدا کرنے والے غدود صحت یاب ہو جاتے ہیں ۔سفید بالوں کو چھپانے کے لیے کھمبیاں (مشرومز)کھائیں ،ان سے یہ غدود فعال ہو جاتے ہیں اور بالوں کی سفیدی ختم ہو جاتی ہے ۔
سفید بالوں کے علاج کے لیے چین میں کھمبیاں کھائی جاتی ہیں۔
اوائل عمری میں بالوں میں سفیدی کی بڑی وجہ تانبے اور فولک ایسڈ کی کمی ہوتی ہے۔گائے کی کلیجی میں تانبا اور جست(زنک)خوب ہوتاہے۔یہ دونوں معدنیات(منرلز)اوائل عمری میں کھائی جائیں تو بال
سفید نہیں ہوتے۔ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ ہفتے میں تین دن گائے کی کلیجی کھائیں۔بالوں کا رنگ تانبے کی کمی سے اُڑ جاتاہے،لہٰذا اخروٹ کھانے چاہییں۔
تانبے سے ”میلانن“(MELANIN)نامی ایک سیاہ مادہ پیدا ہوتا ہے،جس سے بالوں میں رنگ آجاتا ہے۔بہتر ہو گا کہ بالوں کو رنگوانے کے لیے حجام کی دکان پر جانے کے بجائے روز ایک مٹھی اخروٹ کی گری کھالیا کریں۔
جسم میں حیاتین ب12 (وٹامن بی12)کی کمی سے بھی ابتدائی عمر میں بال سفیدہو جاتے ہیں اور دوسری بیماریاں بھی لاحق ہو جاتی ہیں۔اگر آپ دودھ پییں،مرغی کا گوشت اور انڈے کھائیں تو حیاتین ب 12کی کمی دور ہو جائے گی۔
فولک ایسڈ کی کمی دور کرنے کے لیے آپ روزانہ سبزیاں کھائیں۔سبزیاں فولک ایسڈ حاصل کرنے کا قدرتی ذریعہ ہیں۔اس کے علاوہ ان سے حیاتین ب 12اورب6بھی حاصل ہوتی ہیں۔جہاں تک ممکن ہو،غذا کے ساتھ کچی سبزیاں کھائیں۔یہ زیادہ فائدہ مند ہو تی ہیں۔
بیریاں(BERRIES)،خاص طور پر نیلی بیریاں بالوں میں سفیدی نہیں آنے دیتیں۔ان میں حیا تین ج،حیاتین ب کمپلیکس ،جست ،تانبا اور آیوڈین ہوتی ہے۔
چنانچہ انھیں کھانے سے یہ اجزاء بڑھ جاتے ہیں،کیونکہ ان کی کمی سے بالوں کا رنگ اُڑجا تا ہے۔بیریاں روزانہ کھانے سے بھی میلانن پیدا ہوتاہے،جس سے بالوں کی سفید ختم ہو جاتی ہے۔امینو ایسڈ بالوں کا رنگ واپس لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔مسور کی دال سے سرخ خلیے بڑھ جاتے ہیں،جن سے ہمیں حیاتین ب9اور ب 12حاصل ہوتی ہیں۔
آپ جو کچھ بھی کھاتے ہیں ،اس کا اثر آپ کے چہرے اور بالوں پر پڑتا ہے،اس لیے متوازن غذا کھائیے۔
متوازن سے مرادوہ غذاہے،جس میں لحمیات(پروٹینز)،حیاتین ج اور الف،اومیگا۔3شحمی تیزاب اور فولاد پا یا جاتاہو۔صحت بخش غذائیں کھانے سے آپ کے بال نرم وملائم اور خوب صورت ہو
جاتے ہیں ،ٹوٹتے نہیں ہیں اور ان میں خشکی بھی پیدا نہیں ہوتی۔ذیل میں چند ایسی غذاؤں کے نام دیے جارہے ہیں،جن کے کھانے سے آپ کے بال صحت مند رہتے ہیں۔
گاجر میں کیروٹین(CAROTENE)کی کافی مقدار ہوتی ہے،جس سے بال نہیں گرتے۔
گاجر کچی کھانے یا اس کارس پینے سے بال مضبوط اور گھنے رہتے ہیں اور گرتے نہیں ہیں۔
دہی میں لحمیات ہوتی ہیں،لہٰذا یہ مانع تکسید(ANTIOXIDANT)ہے،اس لیے یہ بالوں کی افزائش کرتا اور انھیں دل کش رکھتاہے۔آپ دہی کو بالوں اور کھال کی غذا کہہ سکتے ہیں۔
پالک میں حیاتین الف اور ج خوب ہوتی ہیں ۔اس میں فولاد بھی ہوتا ہے،جس سے بال لمبے،چمکیلے اور جاذب نظر ہوجاتے ہیں۔

اسٹرابیری پابندی سے کھانے سے بھی بال گرنا بند ہو جاتے ہیں ،اس لیے کہ اس میں حیاتین ج کافی مقدار میں ہوتی ہے،لہٰذا یہ بالوں کو ٹوٹنے سے بچاتی ہے۔
اگرجسم میں حیاتین ب کی مقدار کم ہوجائے تو بال گرنے لگتے ہیں ۔انڈے میں لحمیات ،حیاتین ب اور فولاد ہوتاہے۔اگر ایک انڈاروز کھایا جائے تو بال چمک دار اور لمبے ہو جاتے ہیں ۔انڈا بالوں کو بے رنگ اور خشک نہیں ہونے دیتا۔

Browse More Hair Color, Hair Dye and Bleaching

Special Hair Color, Hair Dye and Bleaching article for women, read "Chamakdar Ghanne Or Lambe Baal - Sab Ki Pasand" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.