Nomolood Bachoon Ki Dekh Bhaal - Article No. 2457

Nomolood Bachoon Ki Dekh Bhaal

نومولود بچوں کی دیکھ بھال - تحریر نمبر 2457

گھر میں آنے والا ننھا رکن خاندان بھر کے لئے ڈھیروں خوشیاں لاتا ہے

پیر 2 نومبر 2020

گھر میں آنے والا ننھا رکن خاندان بھر کے لئے ڈھیروں خوشیاں لاتا ہے،سب لوگ اس کی دیکھ بھال اور پیار محبت کے لئے ہر لمحہ تیار رہتے ہیں۔چھوٹے بچے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بہت بڑی ذمہ داری ہے۔نوزائیدہ بچے چونکہ بہت نازک اور حساس ہوتے ہیں،اس لئے انہیں لٹانے،گود میں لینے ،دودھ پلانے،نہلانے اور کپڑے بدلنے تک بہت زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔

ننھے بچوں کی دیکھ بھال
خاندان کے نئے رکن کی دیکھ بھال میں زیادہ زور حفظان صحت پر دینا چاہیے۔بچے کے اردگرد کی جگہ اور چیزیں صاف ستھری ہونی چاہئیں ۔ماؤں کو خود بھی ہر وقت صاف ستھرا رہنے کی ضرورت ہے۔بچے کی مناسب دیکھ بھال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ اس کے کپڑے نرم و ملائم ہوں،ایسے نہ ہوں جس میں روئی یا دھاگے نکل رہے ہوں اور نہ ہی کپڑوں کو تیز خوشبو والے ڈٹرجنٹ سے دھویا جائے۔

(جاری ہے)

یہ سب چیزیں بچے کی حساس جلد پر الرجی کا باعث بن سکتی ہیں۔نومولود بچوں کی جلد پر پاؤڈر استعمال نہ کیا جائے۔اس کے بجائے اعلیٰ معیار کے بے بی آئل سے بچے کی جلد پر نرمی کے ساتھ مساج کیا جائے۔پاؤڈر کے ذرات اگر ناک،آنکھ یا منہ میں چلے جائیں تو بچے کے لئے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔بچوں کو نہلاتے وقت بھی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ان کے اعضا کو سختی سے نہ پکڑیں ،نہ ہی اس کے ہاتھ پاؤں کو ٹب سے ٹکرانے دیں کیونکہ ان کے اعضا نازک ہوتے ہیں اور اس طرح ان کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو سکتا ہے۔

جلد کی دیکھ بھال
نوزائیدہ بچے کی جلد نازک اور پتلی ہوتی ہے،اسی لئے اس کو سارا سال خاص حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے۔اس پر براہ راست سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعیں پڑنے نہ دیں،خاص طور پر گرمیوں میں اور احتیاط کریں۔گرمیوں میں اسے ہلکے کپڑے اور ٹوپی پہنائے رکھیں۔اگر بچے کو سن برن ہو جائے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔موسم سرما میں بچے کی جلد کو جس قدر ہو سکے گرم کپڑوں سے ڈھک کر رکھیں۔

ناخنوں کی دیکھ بھال
نوزائیدہ بچوں کے ناخن چھوٹے،نرم اور باریک ہوتے ہیں،اگر انہیں بروقت نہ تراشا جائے تو بچے کا ہاتھ لگنے سے اس کے چہرے پر خراش آسکتی ہے۔بچوں کے ناخن تیزی سے بڑھتے ہیں،اس لئے ان کے ناخن احتیاط کے ساتھ ہر ہفتے یا دس دن میں کاٹتے رہیں اور اس طرح کاٹیں کہ ان کی انگلی کو نقصان نہ پہنچے۔
دانتوں کی حفاظت
نوزائیدہ بچوں کی حفاظت ابتدا سے ہی کرنی چاہیے۔
اس کے لئے آپ ایک صاف کاٹن کا کپڑا لیں،جسے صاف پانی سے تر کرکے بچے کے مسوڑوں پر آرام سے پھیریں۔بچے کو فیڈ دینے کے بعد یہ عمل کرنے کی کوشش کیجیے۔بچوں کو چپ کروانے کے لئے اکثر ان کے منہ میں نپل یا فیڈر دے دی جاتی ہے،خیال رہے کہ اس سے بچوں کے آنے والے دانتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
نیند کا خیال
نومولود بچے شروع کے تین مہینوں میں روزانہ 15 سے 18 گھنٹے سوتے ہیں لیکن دن ہو یا رات ،ان کی نیند کا دورانیہ تین سے چار گھنٹے سے زیادہ کا نہیں ہوتا۔
بچے کی ان علامات کو دیکھئے جس سے پتہ چلے کہ اسے نیند آرہی ہے۔کیا وہ آنکھیں مسل رہا ہے،کان کھینچ رہا ہے یا اس کی آنکھوں کے گرد حلقے پڑ رہے ہیں۔اگر اس میں نیند کی کمی یا پھر دوسری علامت دیکھیں تو اسے سلانے کی کوشش کیجیے۔ہر وقت بچے میں نیند کی علامات کو دیکھتے رہیے۔بچے کو کمر کے بل سلائیے،سینے کے بل یا پہلو کے بل نہ لٹایئے۔ جب بچہ دو ہفتوں کا ہو جائے تو اسے دن اور رات کا فرق سمجھانے کی کوشش کر سکتی ہیں۔
دن میں جب وہ پوری طرح جاگ جائے تو اس کے ساتھ جتنا ہو سکے کھیلیں لیکن اس دوران کمرہ جتنا روشن رکھ سکتی ہوں،اسے روشن رکھیں۔رات میں جب اسے دودھ پلانے لگیں تو اس سے مت کھیلیں،اس طرح وہ جلد ہی سمجھ جائے گا کہ رات کا وقت سونے کے لئے ہوتا ہے۔یہ دیکھتے رہیے کہ بچے نے جو چادر اوڑھی ہے،وہ اس کے لئے بہت زیادہ ٹھنڈی یا گرم نہ ہو۔اگر بچے کو گرمی لگ رہی ہو تو اس کے اوپر سے چادر ہٹا دیں۔

Browse More Myths About Parenthood - Bachon Ki Parwarish Aur Ghalat Nazriat

Special Myths About Parenthood - Bachon Ki Parwarish Aur Ghalat Nazriat article for women, read "Nomolood Bachoon Ki Dekh Bhaal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.