Baghbani KareeN - Article No. 2697

Baghbani KareeN

باغبانی کریں - تحریر نمبر 2697

باغبانی،ایک دلچسپ،خوشگوار اور مفید مشغلہ ہے

بدھ 29 ستمبر 2021

نسرین شاہین
باغبانی،ایک دلچسپ،خوشگوار اور مفید مشغلہ ہے۔اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ باغبانی کی ابتداء کیسے کی جائے تو آئیے آپ کی رہنمائی کر دیتے ہیں۔اگر آپ کے گھر میں کچی زمین ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے،لیکن کچی زمین نہ ہو تو گملے سے بھی کام چلایا جا سکتا ہے۔یا پھر گھر کے باہر ایسی جگہ جہاں پودا لگایا جا سکے تو اس کا انتخاب کر لیں۔
اگر آپ فلیٹ میں رہتے ہیں تو گملے کا انتخاب ہی مناسب ہے۔اس کے بعد اپنے شوق کا آغاز کر دیں۔
سب سے پہلے تو آپ کو پودوں،ان کی نشوونما،موسم اور مٹی کے بارے میں پوری معلومات ہونی چاہیے،یعنی آپ کو معلوم ہو کہ آپ جس جگہ پودا لگانا چاہیں،وہاں کی مٹی کس قسم کے پھول،پودوں کو قبول کرتی ہے اور کس موسم میں کون سے پودوں کی افزائش کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

جس جگہ آپ کو پودے لگانے ہیں وہاں دھوپ کا گزر ہونا بھی ضروری ہے اور پانی بھی مناسب مقدار میں دیا جائے۔
پودے ہمیشہ اچھی نرسری سے خریدیں۔پودے خریدتے وقت صحت مند پودوں کا انتخاب کریں جن میں کلیاں ہوں،تاکہ ان کے کھلنے تک آپ ان کے نظارے سے لطف اندوز ہوں۔مرجھائے ہوئے پودے ہر گز نہ خریدیں اور وہ پودے بھی نہ لیں جن کے پھول پوری طرح کھلے ہوئے ہوں،کیونکہ وہ پھول چند دنوں میں مرجھا جائیں گے۔
آپ پودوں کے بارے میں نرسری کے تجربے کار مالی سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
پودے لگانے کے لئے زمین کا ہموار ہونا بھی ضروری ہے پھر کھاد شامل کرکے بیج بو دیں یا پودا لگا دیں،حسب ضرورت پانی دے کر اس کے بڑھنے کا انتظار کریں اور اس کی دیکھ بھال کرتے رہیں۔اگر پودا مرجھا رہا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ آپ نے اسے نظر انداز کر دیا ہے۔ پودوں کی صحیح نشوونما اور دیکھ بھال کے لئے ہفتے میں ایک دن ضرور مقرر کر لیں۔
ہر ہفتے ان کی تراش خراش کے ساتھ مرجھائی شاخوں اور پتوں کو ان سے علیحدہ کر دیں۔روزانہ پانی کا چھڑکاؤ ضروری ہے۔
موسم کے پھولوں کی تین قسمیں ہوتی ہیں۔سردی کے پھول،گرمی کے پھول اور برسات کے پھول۔ان تینوں میں سردی کے پھول کی بے شمار اقسام ہیں اور موسم سرما میں ہر باغ ان پھولوں کی وجہ سے خوبصورت اور بھرپور دکھائی دیتا ہے۔ان موسمی پھولوں میں سب سے آسان افزائش برساتی پھولوں کی ہوا کرتی ہے۔
ایک بار جب ان پھولوں کے پودے جڑ پکڑ لیں تو برسات خود ہی ان کی آبیاری کرتی ہے۔ صرف ایک بات کا خیال رکھیں کہ ان پودوں کی جڑوں کی مٹی بُھربُھری نہ ہو۔
پودوں کی آبیاری کا فن دلچسپی اور لگن سے آتا ہے۔اس کے بعد آپ پودوں کی ضروریات کو بہت اچھی طرح جان لیتے ہیں۔بہت سے پودوں کو برسات یا سردیوں کے موسم میں زیادہ پانی کی ضرورت نہیں ہوا کرتی،جب کہ گرمیوں میں انھیں نسبتاً زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔

آپ جب یہ اندازہ لگا سکیں کہ پودوں کو پانی کی ضرورت ہے بھی یا نہیں تو اس کے لئے چند دن انتظار کریں۔اگر پودوں کو پانی کی ضرورت ہو گی تو پتے مرجھانے لگیں گے۔باہر یا آسمان تلے لگے ہوئے پودوں کو پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے،کیونکہ وہ سورج کی شعاعوں کی زد میں رہتے ہیں۔وہ پودے جنھیں گھر کے ٹھنڈے ماحول میں رکھا جاتا ہے انھیں پانی کی ضرورت کم پڑتی ہے۔

باریک سطح والے پتوں کے پودوں کو پانی کی ضرورت کم ہوا کرتی ہے،کیونکہ ایسے باریک پتے ہوا سے نمی حاصل کرتے رہتے ہیں۔ پتوں کو رطوبت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ان کو رطوبت پہنچانے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ پودوں کو مٹی یا جڑ سمیت پانی سے بھری ہوئی کسی ٹرے نما برتن میں اس طرح رکھ دیں کہ ان کا پانی سے براہِ راست رابطہ نہ ہو۔وہ صرف نمی حاصل کرتے رہیں۔
ہفتے میں ایک بار پتوں سے گرد و غبار بھی صاف کرتے رہنا چاہیے۔اس طرح پودوں کو زندہ رکھا جا سکتا ہے۔
جس طرح ہر جاندار کو پانی کے ساتھ ساتھ غذا کی بھی ضرورت ہوتی ہے،اسی طرح پودوں کو بھی ہوا کرتی ہے۔ان کے لئے پانی کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی غذا،یعنی کھاد کا بھی خیال رکھیں۔کھاد استعمال کرنے میں بھی احتیاط بہت ضروری ہے۔اس کا زیادہ استعمال نقصان پہنچا سکتا ہے۔
جس طرح زیادہ کھانے سے بدہضمی ہو جاتی ہے۔بڑھتے ہوئے پودوں کو اپنی بھرپور نشوونما کے لئے اس کی بہت ضرورت ہوا کرتی ہے،لیکن روزانہ نہیں،بلکہ پندرہ دنوں میں ایک بار۔
پودوں کی ظاہری بناؤ سنگھار یعنی تراش خراش پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ہر ہفتے یا پندرہ دنوں کے بعد ان کی تراش خراش کر لیا کریں ۔آپ کو پودوں کی ساخت اور ان کی بڑھتی ہوئی غیر ضروری شاخوں سے خود ہی اندازہ ہو جائے گا کہ انھیں تراش خراش کی کتنی ضرورت ہے۔
بہت معمولی سی تراش خراش ان کے لئے مناسب ہو گی۔یہ بھی ایک دلچسپ عمل ہے۔
ایک گملے سے پودے کو دوسرے گملے میں منتقل کرنے کا عمل بہت احتیاط چاہتا ہے۔اگر آپ کو ایک گملے سے پودے کو دوسرے گملے میں منتقل کرنا ہو تو اس عمل کا سب سے بہتر وقت برسات کا ہے۔جب بہت سے پودے خودبخود جڑ پکڑ لیتے ہیں۔پودے کو ہوا،روشنی اور پانی کی ضرورت ہو گی۔اگر یہ سب انھیں مل رہا ہے تو انھیں کھلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
پودوں کی نگرانی سے ان کے کھلنے یا مرجھانے کا اندازہ ہو جاتا ہے۔
صحت مند اور شاداب پودا دیکھنے میں سر سبز،تازہ اور چمکدار دکھائی دیتا ہے۔جب کہ مرجھائے ہوئے پودے،زردی مائل اور سوکھے ہوئے ہوتے ہیں۔صحت مند اور شاداب پودوں کی شادابی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک آپ اس پر بھرپور توجہ دیں گے۔مرجھایا ہوا پودا یہ بتا رہا ہو گا کہ آپ نے اسے توجہ نہیں دی،اسے نظر انداز کر دیا ہے۔آپ پودوں سے پیار کریں۔یہ پودے آپ کے پیار کا اثر قبول کرکے آپ کے ماحول کو خوشگوار اور خوبصورت بنا دیں گے۔آپ پودے لگا کر دیکھیں۔

Browse More Gardening Tips and Tricks for Women

Special Gardening Tips and Tricks for Women article for women, read "Baghbani KareeN" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.