Baghbani Ke Hairat Angez Fawaid - Article No. 3088

Baghbani Ke Hairat Angez Fawaid

باغبانی کے حیرت انگیز فوائد - تحریر نمبر 3088

پھولوں،پودوں اور سبزیوں سے آراستہ ہرا بھرا گھر نہ صرف کسی بھی سادہ اور عام سی جگہ کا حُسن بڑھاتا ہے بلکہ اس کے ارد گرد رہنے والے لوگوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے

منگل 7 مارچ 2023

پھولوں،پودوں اور سبزیوں سے آراستہ ہرا بھرا گھر نہ صرف کسی بھی سادہ اور عام سی جگہ کا حُسن بڑھاتا ہے بلکہ اس کے ارد گرد رہنے والے لوگوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔اسی لئے ماہرین باغبانی کو صحت مند مشغلہ اور تعمیری سرگرمی قرار دیتے ہیں۔تحقیق کے مطابق وہ بچے جو باغبانی کا مشغلہ اپناتے ہیں،ان کی دماغی و جسمانی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور باغبانی ان کی اخلاقی تربیت میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
باغبانی فطرت سے آپ کے تعلق کو مضبوط کرتی ہے۔اگر آپ باغبانی کا شوق نہیں رکھتے تو امید ہے کہ اس تحریر میں بتائے گئے باغبانی کے حیرت انگیز فوائد کے مطالعے کے بعد آپ ضرور باغبانی کا ارادہ کر لیں گے۔
وزن میں کمی کا باعث:
دنیا بھر میں لوگوں کی بڑی تعداد کیلوریز کم کرنے کے لئے کئی کئی گھنٹے جم میں گزار دیتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ باغبانی ایک ایسی متوازن ورزش ہے،جس کے ذریعے جسم کی کیلوریز بھی کم ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

تحقیق کے مطابق ایک گھنٹہ ورزش کرنے سے 330 کیلوریز گھٹائی جا سکتی ہیں۔ماہرین کا یہاں تک ماننا ہے کہ ہفتے میں تین سے پانچ بار 30 سے 45 منٹ کی باغبانی وزن کم کرنے کی اچھی حکمت عملی ہے۔
احساس ذمہ داری کا جذبہ:
باغبانی احساس ذمہ داری کے جذبے کو پروان چڑھانے کا سبب بنتی ہے گھر میں لگے پھول پودوں کی دیکھ بھال کرنے اور انھیں باقاعدگی سے پانی دینے سے گھر کے افراد میں احساس ذمہ داری کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔
جب بچے بچپن سے ہی اپنے بڑوں کو گھر میں لگے پودوں کی دیکھ بھال اور ان کی حفاظت کرتا دیکھتے ہیں تو یہ جذبہ ان کے اندر بھی پروان چڑھتا ہے،جو ساری زندگی ان کے ساتھ رہتا ہے اور وہ زندگی کے ہر معاملے میں اس کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
دل کے امراض:
باغبانی دل کے امراض سے بچاؤ اور اس بیماری میں مبتلا افراد کے لئے ایک بہترین تھراپی ہے۔
ایک مطالعے کے نتائج کے مطابق اگر بچوں کو کاشتکاری اور باغبانی میں شامل کیا جائے تو وہ کھانے میں سبزیوں اور پھلوں میں دلچسپی لینے لگتے ہیں،ان کا یہ معمول انھیں بلڈ پریشر،کینسر،امراضِ قلب اور موٹاپے سے بچاتا ہے۔این آئی ایچ کے ایک سائنسدان ڈاکٹر شارلوٹ پراٹ کہتے ہیں کہ باغ اور کھیتوں میں کام کرنے سے دماغی،جسمانی اور ذہنی صحت بہتر رہتی ہے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

وٹامن ڈی کا ذریعہ:
کھلی فضا میں کام کرنے کو وٹامن ڈی حاصل کرنے کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے،باغبانی بھی انہی سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔اٹلی میں ہونے والی ایک تحقیق کے دوران محققین نے یہ ثابت کیا کہ سورج کی روشنی ہر عمر کے افراد کے لئے وٹامن ڈی حاصل کرنے کا سب سے اہم ذریعہ ہے۔وٹامن ڈی کیلشیم کی سطح میں اضافہ کرتا ہے،جو ہماری ہڈیوں کے لئے نہایت ضروری ہے اور اس کے حصول کا ایک بہترین ذریعہ سورج ہے۔
طبی سائنس کے مطابق ہمارا جسم دھوپ میں تیزی سے وٹامن ڈی تیار کرتا ہے۔اس قدرتی ذریعے کے علاوہ مخصوص غذاؤں سے بھی وٹامن ڈی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
مزاج کو تبدیل کرنے والی مشق:
باغبانی کا سارا عمل مثلاً پودوں کے لئے جگہ کی کھدائی کرنا،انھیں لگانا،کانٹ چھانٹ کرنا اور سبزی کی کاشت وغیرہ مزاج کو بہتر بنانے کی ایک قسم کی ورزش ہے۔
برطانوی رپورٹ کے مطابق گھر کے باغیچے کو درست کرنے اور پودوں کی دیکھ بھال کے لئے دیے گئے صرف 30 منٹ،جم کو دیے جانے والے طویل وقت سے بہتر ہیں۔
ڈپریشن اور ذہنی دباؤ میں کمی:
ماہرین کے مطابق اگر آپ ذہنی تناؤ کا شکار ہیں تو باغبانی شروع کر دیں کیونکہ اس کی وجہ سے آپ کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔آسٹریلیا میں کی گئی تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ گھاس کاٹتے ہوئے نکلنے والی خوشبو سے انسان تازہ دم اور پُرسکون رہتا ہے،لہٰذا باغبانی کو اپنی عادت بنا لیں۔

Browse More Gardening Tips and Tricks for Women

Special Gardening Tips and Tricks for Women article for women, read "Baghbani Ke Hairat Angez Fawaid" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.