Gharon Ko Thanda Rakhne Wale Pode - Article No. 2858

Gharon Ko Thanda Rakhne Wale Pode

گھروں کو ٹھنڈا رکھنے والے پودے - تحریر نمبر 2858

پودے گھروں کو خوشنما بناتے ہیں لیکن کئی پودے صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ گھروں کو گرمی سے بھی بچاتے ہیں

منگل 19 اپریل 2022

شازیہ اسلم
درخت اور پودے اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے زندگی کیلئے ایک اہم نعمت ہیں اکثر لوگوں کو ہرے بھرے پودوں سے گھر کی سجاوٹ کرنا اچھا لگتا ہے لیکن اپنے گھروں میں پودے لگانے سے قبل یہ جان لیں کہ ہریالی فائدہ مند ہوتی ہے لیکن کچھ پودے انسانی صحت کیلئے نقصان دہ بھی ہوتے ہیں اور تو آج ہم آپ کو کچھ ایسے خاص پودوں کے بارے میں بتائیں گے جو آپ کے گھر کو خوبصورت اور صحت بخش بنانے کے ساتھ ساتھ گرمی سے بھی بچانے میں معاون ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر اُگنے والے درخت اور پھول پودے لگانے سے ہی شجرکاری سے فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے،آپ اپنے آنگن،چھت،بالکونی یا ٹیرس وغیرہ میں پھول پودے لگا سکتے ہیں۔
ایلو ویرا:
پودوں میں سب سے معروف اور مفید پودا ایلو ویرا ہے جس کو مقامی زبان میں گھیگوار بھی کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایلو ویرا کا پودا فضا کو جراثیموں سے پاک بنا کر اس کو صاف کرتا ہے اور کمرے کے درجہ حرارت کو بھی معتدل کرتا ہے اور رات بھر آکسیجن بھی خارج کرتا ہے۔

ایلو ویرا کے پودے سے کریم،جیل،مرہم وغیرہ بھی بنتے ہیں۔
ویپنگ فگ:
یہ پودا گرمی کی شدت کو کم کرکے فضا کو خوشبودار بناتا ہے،یہ پودا ایسی آلودگی سے نمٹتا ہے جو کارپینٹنگ اور فرنیچر سے خارج ہوتی ہے جیسے کہ فارمل ڈی ہائیڈ،بینزین اور ٹرائی کلوروتھائی لیں۔
آریکا پام:
یہ پودا ماحول کو تو صاف کرتا ہے اور اپنی خصوصیات کی بنا پر سانس کے مریضوں کے لئے بیحد مفید ثابت ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ وہ افراد جو دائمی نزلہ و زکام کا شکار رہتے ہیں ان کیلئے بھی یہ دوست پودے کا کردار ادا کرتا ہے۔
اسپائڈر پلانٹ:
اسی خاصیت سے ملتا جُلتا ایک پودا اسپائیڈر پلانٹ بھی ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ پودا دو سے تین دن کے اندر 90 فیصد تک فضا میں موجود ٹاکسن کو ختم کرکے اسے صاف ستھرا بنا دیتا ہے،یہ خاص طور پر ڈسٹ الرجی کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔

ڈوارف ڈیٹ پام:
یہ پودا آلودگی کا خاتمہ کرکے گھر کو ٹھنڈا کرتا ہے۔یہ بالخصوص کیمیائی مرکب زائلین کا خاتمہ کرتا ہے جو کہ ہائیڈروکاربن کی ہی ایک قسم ہے،اس پودے کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کی عمر طویل ہوتی ہے۔
بیبی ربڑ پلانٹ:
یہ پودا گھر کی گرمی کم کرنے اور کمروں کو ٹھنڈا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اس کے ساتھ ہی یہ پودا ہوا کو صاف کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے گھر میں لگائے جانے والے مشہور پودوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔تو گرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔آپ ابھی جائیں اور مذکورہ بالا پودوں میں کچھ پودے نرسری سے خرید لائیں تاکہ جب گرمیاں اپنے عروج پر ہوں تو آپ کو گھر میں بغیر اے سی کے بھی ٹھنڈک اور سکون کا احساس رہے۔

Browse More Gardening Tips and Tricks for Women

Special Gardening Tips and Tricks for Women article for women, read "Gharon Ko Thanda Rakhne Wale Pode" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.