Gher Ka Bagheecha - Article No. 2427

Gher Ka Bagheecha

گھر کا باغیچہ - تحریر نمبر 2427

خاتون خانہ کی گرہستی کا نمونہ سمجھا جاتا ہے

ہفتہ 19 ستمبر 2020

راحیلہ مغل
گھر خاتون خانہ کی گرہستی کا نمونہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ اگر گھر کی حالت بتر ہوگی تو اس کا ذمہ دار بھی خاتون خانہ ہی کو ٹھہرایا جائے گا اور صاف ستھرا سلیقے سے سجا ہواگھر مکینوں کی خوش ذوقی کا ثبوت سمجھا جاتا ہے اور سلیقے کی داد بھی سر براہ خاتون ہی کو دی جاتی ہے لیکن عموماً ایسا بھی ہوتا ہے کہ گھر کی صفائی ستھرائی تو نہایت دل جمعی سے کی جاتی ہے لیکن گھر کے کچھ حصوں کو غیراہم سمجھ کر انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے یا پھر خاص مواقع ہی پر گھر کے ان گوشوں کی صفائی کی جاتی ہے ،جیسے سٹور،گھر کا لان یا غسل خانہ۔
لیکن گھر کے یہ حصے بھی اسی طرح صفائی کے متقاضی ہیں جس طرح گھر کے دیگر کمرے،ڈرائنگ روم اور لاؤنج وغیرہ۔
لان ہمارے گھر کا وہ حصہ ہے جہاں بیرونی گیٹ سے داخل ہونے کے لئے سب سے پہلے نظر پڑتی ہے ۔

(جاری ہے)

دھول ،مٹی اور کچرے سے اٹا ہوا لان گھر کی مجموعی خوبصورتی کو مکمل طور پر زائل کر دیتا ہے ۔اس لئے گھر کے خوبصورت تاثر کو قائم رکھنے کے لئے لازمی ہے کہ لان کی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔

اگر آپ چاہیں تو معمولی وقت صرف کر کے خود بھی لان کو سر سبز بنا سکتی ہیں ،بس اس کے لئے تھوڑی دیر توجہ، محنت اور شوق کا ہونا لازمی ہے۔ماہرین آرائش لان کو گھر کا سب سے اہم حصہ تصور کرتے ہیں جو نہ صرف گھر کی بیرونی زیبائش میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ مختلف اقسام کے پھول پودوں کے ذریعے ہم اپنے باغبانی کے شوق کی تسکین بھی کر سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی ایک اجاڑ ویران لان کی مالک ہیں تو اپنے اندر باغبانی کے شوق کو پروان چڑھائیں۔
آپ خود دیکھیں گی کہ آپ کے گھر کا لان کس طرح ایک دلکش سر سبز گوشہ دکھائی دینے لگے گا۔ سب سے پہلے لان کی غیر ضروری بڑی گھاس کو باقاعدگی سے کٹوائیں ،خشک پتوں کو جمع نہ ہونے دیں ،روزانہ لان میں جھاڑو کی مدد سے صفائی کریں ،گھر کا غیر ضروری سامان لان میں نہ رکھتی جائیں ۔اب باری آتی ہے آرائش کو جو نہایت دلچسپ مرحلہ ہے ۔مختلف رنگوں کے گملے ،موسمی پھول پودے ،سجی ہوئی کیاریاں ،لان کا جھو لا اور میز کرسیاں اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں ۔

اس آرٹیکل میں ہم آپ کو لان کی افادیت بڑھانے کے لئے چند نسخے بتاتے ہیں جن پر عمل کرکے آپ لان کی دلکشی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔اگر آپ لان کے وسط میں لکڑی کی میز اور کرسیاں رکھنا چاہتی ہیں تو ان پر نیلے ،سبز یا پیلے رنگ کا پینٹ کروا سکتی ہیں ۔اگر لان کی دیوار کے ساتھ یہ میز کرسیاں رکھنا چاہیں تو دیوار پر متضاد رنگوں کی کوئی خوبصورت تصویر ضرور لگائی جا سکتی ہے ۔
یہ پینٹنگ لان کی خوبصورتی کو دوبالا کر دے گی اور ہر دیکھنے والے کو یہ نیا انداز بہت بھلا محسوس ہو گا۔گھریلو آرائش کے حوالے سے عموماً یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ گھر کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے قیمتی اشیاء کا استعمال ناگزیر ہے۔ حالانکہ یہ تاثر بالکل غلط ہے۔ گھر کے کسی بھی حصے کو ڈرامائی تاثر دینے کے لئے آپ کو بہت زیادہ پیسے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ صرف تخلیق سوچ کی ضرورت ہے ۔
اسی طرح لان کے کسی بھی حصے کو ڈرامائی تاثر دینے کے لئے صرف اپنی سوچ پر انحصار کریں،معمولی اشیاء بھی ایک نئے انداز میں استعمال میں لائی جا سکتی ہیں۔
کسی بھی کمرے کی کھڑکی اگر لان میں باہر کی جانب کھلتی ہے تو یہ بہت خوش آئند بات ہے ۔اس طرح تروتازہ ہوا اور پھولوں کی مدھر خوشبو آپ کے گھریلو ماحول کو بھی معطر رکھے گی ۔کھڑکی کے اطراف میں گنجائش کے لحاظ سے آپ مختلف پھولوں کے چھوٹے گملے سجا سکتی ہیں، گملے میں کھلے پھولوں کی رنگت کو مد نظر رکھتے ہوئے گملے پر بھی پینٹ کیا جائے تو یہ ایک اچھا اضافہ ہوگا ۔
اکثر گھروں میں کچن ،کمرے یا ٹی وی لاؤنج کا پچھلا دروازہ لان کی طرف کھلتا ہے ۔گھر کی یہ جگہ کم استعمال میں آتی ہے لیکن آپ اس جگہ کو بھی لان ہی کا ایک حصہ بنا سکتی ہیں جو عموماً نظر انداز کر دیا جاتا ہے ۔اس حصے کی دیوار پر نیا پینٹ کروائیں اور لکڑی کی کرسیاں بھی عقبی دروازے کے پاس رکھی جا سکتی ہیں۔ بازار میں تیار شدہ لکڑی کے گملے بھی یہاں سجائے جائیں تو لان کا یہ حصہ فراغت کے لمحات گزارنے کے لئے بہترین جگہ ثابت ہو سکتا ہے۔

بعض گھروں میں لان کا رقبہ کچھ زیادہ ہوتا ہے ،اس صورت حال میں ہر جانب پھول پودے کی کیاریاں لگانا بھی مناسب نہیں لگتا۔ لیکن آپ لان کے ایک حصے میں موسم کی مناسبت سے مختلف سبزیاں ضرور اُگا سکتی ہیں ۔موسمی سبزیاں اور پھلوں کے درخت آپ کے لان کی انفرادیت میں اضافے کا باعث بنیں گے اور گھر بیٹھے تازہ سبزیوں کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے ۔
لیموں ،ہری مرچیں ،ٹماٹر،دھنیا،پودینہ جیسی اشیاء اگر بروقت گھرپر ہی دستیاب ہوں تو کیا ہی بات ہے۔
مٹی کے گملوں سے بھی آپ لان کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔مثلاً آئل کلرز،سلور پیپر اور مختلف رنگوں کے کاغذ کے ٹکڑے عام گملوں کو منفرد بنا سکتے ہیں ۔معمولی سی توجہ اور سلیقہ سادہ سے لان کو ایک پر سکون فطری گوشے میں تبدیل کر سکتا ہے۔
گملوں میں پودے لگانے میں کچھ احتیاطی تدابیر کو بھی مد نظر رکھیں ۔مثلاً گملوں کے پیندے میں سوراخ ہونا لازم ہے تاکہ پانی گملے میں جمع نہ رہے اور ہوا بھی ملتی رہے ۔گملوں میں مٹی اس طرح ڈالیں کہ گملے میں پہلے چھوٹے پتھر رکھیں اور پھر مٹی ڈالیں ۔جب خوبصورت خوش رنگ پھولوں کے گملے لان کے اطراف میں ہر جگہ نظر آئیں گے تو اس سے تنوع کا ماحول پیدا ہو گا۔
اگر لان چھوٹا ہے تو بھی نت نئے پودے لگانا کچھ مشکل نہیں ،بات صرف ذوق و شوق کو استعمال کرنے کی ہے۔پھول پودوں،سبزی کے بغیر گھر کا لان اداس اور بے رنگ دکھائی دیتا ہے جس سے گھر کے بیرونی در و دیوار کی خوبصورتی بھی دھندلا سی جاتی ہے ۔آپ بھی لان کو دلکش گوشے میں تبدیل کیجیے اور دیکھیے کہ سبزہ زار سے سجا لان آپ کے مجموعی مزاج پر بھی کتنے مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

Browse More Gardening Tips and Tricks for Women

Special Gardening Tips and Tricks for Women article for women, read "Gher Ka Bagheecha" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.