Haryali Layeen Ghar Sajayeen - Article No. 2513

Haryali Layeen Ghar Sajayeen

ہریالی لائیں گھر سجائیں - تحریر نمبر 2513

لکڑی کے صندوق نما سانچے بنا کر بھی ان میں پھول اور پودے لگائے جا سکتے ہیں

منگل 19 جنوری 2021

راحیلہ مغل
آج کی افراتفری اور تیز رفتاری والے زمانے میں بہت ہی کم وقت مل پاتا ہے کہ ہم کسی باغ کی سیر کو جائیں یاہر ے بھرے پارک میں چہل قدمی کریں اور لمبی و گہری سانسیں لے کر تازہ ہوا کو اپنے اندر اتاریں۔اس کے علاوہ ہم میں سے اکثر افراد کے پاس گھر میں اتنی جگہ نہیں ہوتی جہاں ہم باغبانی کا شوق پورا کر سکیں۔
آج ہم آپ سے کچھ ایسے آئیڈیاز شیئر کرنے جا رہے ہیں جن کے ذریعے اپارٹمنٹس یا مکان میں چھوٹی جگہ کو بھی باغیچے کے لئے کارآمد بنایا جا سکتا ہے اور آپ ان اچھوتے طرز کے باغیچوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بالکنی میں گملے
اگر اپارٹمنٹ میں جگہ کی کمی کا سامنا ہے تو پھر اس کی بالکنی کے ایک حصے کو جڑی بوٹیوں اور پودوں کے لئے وقف کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

گملے میں لگے پودے بہت منفرد طرز کے ہوں تو قدرتی روشنی میں یہ مزید دلکش دکھائی دیتے ہیں۔ان گملوں کے ڈھیر سے ایک طرف آپ کی بالکنی ہری بھری لگے گی تو دوسری طرف آپ کا باغبانی کا شوق بھی پورا ہو گا۔یہی نہیں،اس مختصر جگہ کو منفرد دکھانے میں ہری بھری سجی ہوئی دیوار بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
کونے میں باغیچہ
سادہ اور خوبصورت چیزوں کو استعمال کرنے کا بھی اپنا ہی منفرد انداز ہوتا ہے،اسی طرح ٹرے میں مختلف پودے لگائے جا سکتے ہیں۔
اگر گھر کا کوئی کونا خالی ہے تو اس جگہ بازار میں دستیاب بڑی ٹرے رکھی جا سکتی ہے یا پھر اس مقصد کے لئے کوئی کو نا خالی بھی کیا جا سکتا ہے۔اس ٹرے کو فرش اور لکڑی کے ڈیک کے ساتھ سجایا جا سکتا ہے اور لکڑی کی ایک بینچ یا کوئی کشن کو بھی ساتھ رکھا جا سکتا ہے۔آپ اگر اس ٹرے پر کوئی عمدہ سا رنگ بھی کر لیں تو یہ مزید دیدہ زیب معلوم ہو گی۔
ٹرالیوں میں کیاریاں
آج کے زمانے میں ہر چیز کا حل موجود ہے،اسی لئے گھبرایئے مت کیونکہ چھوٹی جگہوں پر باغبانی کا شوق پورا کرنے کے لئے مارکیٹ میں ٹرے پر مبنی ٹرالیاں بھی دستیاب ہیں۔
یہ ٹرالیاں دو سے تین خانوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔سب سے اوپر پودے اور دوسرے پر باغبانی کا سامان با آسانی رکھاجا سکتا ہے۔ان ٹرالیوں کے ذریعے ایک طرف آپ باغبانی کا شوق پورا کر سکیں گے تو دوسری طرف آپ اپنے گھر کو منفرد انداز دے پائیں گے۔
لٹکے ہوئے گملے
چھوٹے گملوں کو چھت پر بھی لٹکایا جا سکتا ہے۔کوشش کریں کہ ان گملوں میں ایسے پودے لگائیں جن میں زیادہ سے زیادہ خوشبودار اور رنگین پھول لگتے ہوں تاکہ آپ انہیں دیکھ کر خود بھی لطف اندوز ہوں اور باہر کی جانب سے بھی دیکھنے میں ایک خوبصورت تاثر ملے۔
گملوں کو مختلف رنگوں سے رنگ دیا جائے تو یہ اور بھی خوبصورت نظر آتے ہیں۔
راہداری میں پودے
آپ کا یا مہمانوں کا استقبال کرنے کے لئے”ہربل ویلکم“ایک منفرد آئیڈیا ہے۔پودینہ،روز میری اور نیاز بو جیسے پودوں کا استعمال گھر کے داخلی حصے اور راہداری کے لئے بہترین ہے۔ان جگہوں پر ایسے پودوں کا انتخاب آپ کے گھر کو ہرا بھرا اور بڑا دکھانے میں معاون ثابت ہو گا۔

منی پلانٹ
منی پلانٹ ایک آرائشی بیل ہے،جو پانی اور مٹی دونوں میں با آسانی اگائی جا سکتی ہے۔اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر نہ کوئی پھل لگتا ہے اور نہ پھول۔لیکن اگر یہ جنگل میں اُگی ہو تو اس پر بہت دیر بعد پھول لگ ہی جاتے ہیں اور ایسا ہونا بہت نایاب ہے۔
لکڑی کے سانچے
لکڑی کے صندوق نما سانچے بنا کر بھی ان میں پھول اور پودے لگائے جا سکتے ہیں اور اگر ان کے نیچے پہیے لگا دیے جائیں تو انہیں اِدھر سے اُدھر حرکت دینے میں آسانی ہو گی اور انہیں دھوپ بھی لگائی جا سکے گی۔

Browse More Gardening Tips and Tricks for Women

Special Gardening Tips and Tricks for Women article for women, read "Haryali Layeen Ghar Sajayeen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.