Ap Ka Kitchen Sehat Or Khoobsorti Ka Zirya Hai - Article No. 2391

Ap Ka Kitchen Sehat Or Khoobsorti Ka Zirya Hai

آپ کا کچن صحت اور خوبصورتی کا ذریعہ ہے - تحریر نمبر 2391

اپنی جلد کو شاداب بنانے کے لئے آپ کو گھر سے باہر جا کر کاسمیٹکس خریدنے کی ضرورت نہیں ہے۔

پیر 27 جولائی 2020

صحت مند اور چمک دار جلد خوبصورتی کی سب سے نمایاں علامت ہے۔اپنی جلد کو شاداب بنانے کے لئے آپ کو گھر سے باہر جا کر کاسمیٹکس خریدنے کی ضرورت نہیں ہے۔آپ کے کچن میں ہی ایسا خزانہ چھپا ہوا ہے جو آپ کی جلد کو نکھار دے گا۔آئیے دیکھتے ہیں کہ آپ کے کچن میں ایسا کیا ہے جو آپ کو چند دنوں میں مزید خوب صورت بنا سکتاہے۔
نائٹ کریم
چار عدد بادام لے کر ان کو چھیل لیں۔
ایک اخروٹ کی گری لے لیں۔چند دانے مونگ پھلی لے کر ان سب کا باریک آمیزہ تیار کرلیں۔اب اس میں چار چمچ بالائی،دو چمچ کھیرے کا رس، ایک چمچ عرق گلاب شامل کرلیں۔ان سب کو اچھی طرح مکس کریں اور ایک بوتل میں رکھ لیں۔ روزانہ رات کو سونے سے قبل اس سے چہرے اور گردن پر مساج کریں۔آنکھوں کے چاروں اطراف بھی لگائیں۔

(جاری ہے)

اچھی طرح جلد میں جذب کریں پھر آدھے گھنٹے بعد ٹشو پیپر کی مدد سے نرمی سے صاف کرلیں۔


جھائیاں دور کرنے کے لئے
چہرے کی جھائیاں دور کرنے کے لئے سفید تلوں کو پیس لیں۔ان کو بھینس کے دودھ میں ملا کر رکھ لیں۔اس پیسٹ کو روز رات کو سوتے وقت چہرے پر لگائیں اور مساج کریں۔صبح اٹھ کر کسی اچھے صابن سے منہ دھولیں۔
ہونٹوں کے لئے
ہونٹوں کی قدرتی سرخی کے لئے زعفران کو دودھ میں ملا کر ہونٹوں پر لگائیں۔
پانچ منٹ بعد دھولیں۔گلوس گھر میں بھی بنایا جا سکتا ہے۔اس کے لئے ویکس ایک بڑا چمچ،بادام،کھوپرے اور پام کا تیل پانچ بڑے چمچ،رتن جوت،اورنج آئل اور کوئی خوشبو ایک ایک چمچ کی ضرورت ہے۔تیل کو اچھی طرح چھان لیں۔اب ویکس ڈالیں اور دوا بال دیں اور اب اس میں خوشبو ملالیں۔اس کو ٹھنڈا کرکے بوتل میں رکھ لیں۔
مرجھائی ہوئی جلد کے لئے
جلد مرجھا رہی ہو تو سمندری نمک سے جلد کا مساج مفید رہتا ہے۔
اس کے لئے پہلے جلد کو اچھی طرح سے نم کریں اس کے بعد دو چائے کے چمچ سمندری نمک لے کر اپنے چہرے کے ٹی زون ایریا پر لگا کر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں۔آنکھوں کے گرد لگانے سے گریز کریں۔دو منٹ بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔یہ عمل ہفتے میں ایک مرتبہ کریں۔رنگت سرخ وسفید کرنے کے لئے زیتون کے تیل میں زعفران اور لیموں کا رس ملا کر روزانہ رات کو سوتے وقت اپنے چہرے پر لگانا مفید ہے۔
صبح کسی اچھے صابن سے دھولیں۔کچھ دنوں میں فرق محسوس ہو گا۔چنے کی دال دودھ میں بھگولیں۔جب دال میں دودھ جذب ہو جائے تو دال کو پیس کر اُبٹن بنالیں۔یہ اُبٹن چہرے پر لگائیں خشک ہونے پر چہرہ سادہ پانی سے دھولیں۔چہرہ شاداب اور پر رونق ہو جائے گا۔
اسکن فوڈ
اسکن فوڈ کے لئے ضرورت ہوتی ہے تین بڑے چمچ ویکس،آٹھ بڑے چمچ بادام کا تیل اور کوئی بھی مناسب اور معیاری پرفیوم آدھا چمچ،ویکس اور تیل کو ابال لیں۔
بعد میں اس میں چھ چمچ پانی ملا کر جوش دیں۔پھر اس میں خوشبو ڈالیں۔ٹھنڈا کرکے بوتل میں ڈال دیں۔
تھروٹ موئسچرائزنگ ماسک
کھانے کا ایک چمچ لینولین،کھانے کا ایک چمچ گلیسرین،کھانے کا ایک چمچ گندم کا جرم آئل،چائے کا ایک چمچ چھتہ کاموم،وٹامن اے اور ڈی کا ایک کیپسول اور چھ قطرے لیونڈر آئل۔ان تمام اجزاء کو پگھلا کر ملا لیں۔ڈبل بوائیلر میں رکھ کر گرم کریں اور ہلاتی جائیں یہاں تک کہ ان سب کا آمیزہ تیار ہو جائے۔ٹھنڈا ہونے پر بوتل میں بھرلیں اور فریج میں رکھیں۔استعمال کرتے وقت تھوڑا سا پیسٹ دونوں ہاتھوں کی انگلیوں میں لگا کر گردن پر نیچے سے اوپر کی طرف مساج کریں۔ہفتہ میں دو مرتبہ دس منٹ کے لئے یہ عمل کریں۔

Browse More Women Beauty - Khoobsurti

Special Women Beauty - Khoobsurti article for women, read "Ap Ka Kitchen Sehat Or Khoobsorti Ka Zirya Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.