Arq E Ghulab - Women Beauty - Khoobsurti

عرق گلاب - خوبصورتی

منگل اگست

Arq E Ghulab
گلاب کو عموماً خوشبو کے حوالے سے جانا جاتا ہے لیکن حسن و صحت کے لئے فائدے بھی کچھ کم حیرت انگیز نہیں۔گلاب کی پتیوں سے عرق نکالا جاتا ہے جو ”عرق گلاب“ (روز واٹر) کہلاتا ہے۔عرق گلاب اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کی بناء پر جلد کے خلیات کو توانا اور صحت مند بنانے میں مفید ہے۔یہ جلد کے ٹشوز کی افزائش میں معاون ہے۔عرق گلاب کو باقاعدگی سے استعمال کرکے جلد پر پڑنے والی جھریوں کا خاتمہ بھی ممکن ہے۔

عرق گلاب بالوں کی متعدد بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔روکھے بالوں اور سر میں خشکی سے چھٹکارا پانے کے لئے عرق گلاب کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔عرق گلاب رنگ گورا کرنے میں بھی معاون ہے۔چہرے کو تروتازہ رکھنے کے لئے عرق گلاب لگانے سے جلد کی اوپری سطح پر موجود مردہ خلیوں (ڈیڈ سیلز) کا خاتمہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)


عرق گلاب چہرے سے سوزش کو ختم کرتا ہے اور جلد کو تروتازہ بناتا ہے،ماہرین کہتے ہیں کہ عرق گلاب خشک اور چکنی جلد دونوں کے لئے مفید ہے۔

عرق گلاب کو کولنگ ایجنٹ کا نام بھی دیا جاتا ہے کیونکہ یہ جلد کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔آشوب چشم کا علاج بھی عرق گلاب سے کیا جاتا ہے ۔اس کے چند قطرے نہ صرف آنکھوں کی جلن کو دور کرتے ہیں بلکہ گرد و غبار کو بھی نکال باہر کرتے ہیں۔آنکھوں کے گرد پڑنے والے سیاہ حلقوں کو بھی عرق گلاب کے استعمال سے دور کیا جا سکتا ہے۔
عرق گلاب کے جلد سے متعلق فوائد
اگر جلد خشک ہے یا پھر کسی وجہ سے جلد پر خشکی ہو گئی ہے تو روزانہ چہرے پر عرق گلاب کا اسپرے کرنا مفید ہے۔

اگرچہرہ بے رونق لگ رہا ہے تو چہرے پر عرق گلاب سے ٹوننگ کر سکتے ہیں۔اس سے چہرہ چمک اُٹھے گا۔چہرے پرکیل مہاسوں کا حل بھی عرق گلاب کی صورت میں موجود ہے۔لیموں کا رس اور عرق گلاب کی مساوی مقداریں آپس میں ملا کر چہرے پر روزانہ آدھے سے ایک گھنٹے تک لگائے رکھنے سے کیل مہاسوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔عرق گلاب کے ذریعے چہرہ پر کیل،مہاسے یا ایکنی سے نجات مل سکتی ہے۔

اس کے لئے کھیرے کے رس میں عرق لیموں اور عرق گلاب ملاکر لگانا مفید ہے۔ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ گرمیوں کے موسم میں اگر عرق گلاب کو فریج میں رکھ دیں تو اس سے زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔عرق گلاب کو خوشبو کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اس سے ڈپریشن جیسی بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔اگر سر میں درد ہے تو ٹھنڈا عرق گلاب لے کر اس میں روئی بھگو کر اس روئی سے مساج کیا جائے۔

عرق گلاب کو ابتدائی طبی امداد کے طور پر زخم پر بھی لگایا جاتا ہے۔
جلد کی خارش سے نجات
عرق گلاب کے اندر ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو کہ سوجن اور خارش سے آرام پہنچاتے ہیں۔عرق گلاب سے خارش کی وجہ سے جلد پر پڑنے والے سرخ نشانات کا بھی خاتمہ ہو سکتا ہے۔
گلے کی خراش
عرق گلاب گلے کی خرابی میں بھی آرام پہنچاتا ہے۔

گلے کے درد کی صورت میں عرق گلاب کو پینا اور اس سے غرارے کرنا مفید بتایا جاتا ہے۔
زخموں کو جلد ٹھیک کرتا ہے
جلد پر پڑنے والے جلنے اور زخموں کے نشانات عرق گلاب سے دور ہو سکتے ہیں۔عرق گلاب پرانے خلیات کا خاتمہ کرکے نئے خلیات کے بننے میں مدد دیتا ہے۔
خوش گوار موڈ
عرق گلاب کے اندر ایسے اجزاء موجود ہیں جو کہ ڈپریشن کا خاتمہ کرتے ہیں اداسی دور کرنے کے لئے مفیدہیں۔


جلد کی سرخی میں مفید
عرق گلاب کو خواتین خوب صورتی میں اضافے کے لئے استعمال کرتی رہی ہیں اس سے نہ صرف رنگت صاف ہوتی ہے بلکہ جلد کے فیشل یا ماسک وغیرہ لگانے کے بعد جلد پر ہونے والی سرخی کو بھی عرق گلاب کم کرتاہے۔
بالوں کی خشکی میں مفید
عرق گلاب کو سر کے لئے تیار کیے گئے کسی بھی ماسک میں شامل کرنے سے اس سے بہتر اثرات مرتب ہوتے ہیں ایک جانب تو خشکی کا خاتمہ ہوتا ہے اور دوسری جانب بال چمک دار اور مضبوط ہوتے ہیں۔


آنکھوں کی تھکن
آنکھوں کی تھکن کو دور کرتا ہے زیادہ دیر تک جاگتے رہنے کے سبب یا زیادہ دیر تک اسکرین کے سامنے بیٹھ کر کام کرنے سے آنکھوں میں تھکن کے سبب سوجن ہو جاتی ہے ۔اس تھکن اور سوجن کے خاتمے کے لئے عرق گلاب مفید ہے۔
تاریخ اشاعت: 2020-08-25

Your Thoughts and Comments

Special Women Beauty - Khoobsurti article for women, read "Arq E Ghulab" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.