Jild Ki Hifaazat Saadgi Kay Sath - Article No. 1190

Jild Ki Hifaazat Saadgi Kay Sath

جلد کی حفاظت سادگی کے ساتھ - تحریر نمبر 1190

ہماری جلد ہمارے لیے اہم اور انمول ذمہ داری نبھاتی ہے اسی لیے ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم اس کی بھر پور خاطر داری کریں اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی عمر کی چوری کا اعتراف آپ کی جلد نہ کرے تو ایک بھر پور سنگھاری معمول اپنائیں اور جلد کی نگھداشت ونشوونما پر خصوصی توجہ دیں

ہفتہ 9 مئی 2015

افشین حسین بلگرامی:
آپ کی جلد آپ کے لئے نئے نئے چیلنجزیا یوں کہہ لیں کہ مشکلات کے دروا کرتی رہتی ہے اور آپ اپنے صبر کو آزما نے کے سو سو جتن اٹھاتی ہیں۔ کبھی یہ الرجی سے متاثر ہوا کرتی ہے تو کبھی ایکنی وپمپلز اور سورج کی تمازت سے جھلسی ہوئی نظر آنے لگتی ہے اور آپ اپنے اردگر د پھیلے ملیح و خوبصورت جلد کے حامل چہروں کو دیکھ کر اپنی جلد کو بھی شگفتگی ونزاکت فراہم کرنے کے سلسلے میں مختلف سنگھاری سرگرمیوں میں مصروف ہو جایا کرتی ہیں۔

جلد ہمارے جسم کا سب سے بڑا و اہم عضو ہے ہے اس کے ذمے قدرت نے کام بھی بے تحاشہ لگا ئے ہوئے ہیں اولاََ تو اس نے ہمارے پورے جسمانی اعضا کو حفاظتی پرت کے طور پ ڈکھے رکھنے کی اہم ذمہ داری نبھائی ہے ماحولیاتی آلودگی و گردوغبار کے انتہائی ننھے اور نادیدہ ذرات کے جسم میں دخول کی راہ میں حائل ہوتی ہے اور سب سے بڑھ کر ایک تھرموسٹیٹ کی صورت میں ہمیں موسم کی سردی وگرمی کی شدت سے بچانے اور ہمارے جسمانی درجہ حرارت کو معتدل رکھنے میں بھی کلیدی کردارادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

جب ہماری جلد ہمارے لئے اس قدر اہم اور انمول ذمہ داری نبھاتی ہے تو ہمارا بھی فرض ہے کہ اس کی ناز برداری اٹھانے میں کوئی کسر نہ باقی رہنے دیں اور اس کی خاطر داری اسی طرح کریں جیسے کہ کسی وی وی آئی پی گیسٹ کی خاطر ومدارات کی جاتی ہیں۔ ارے ارے اس میں گھبرانے کی کوئی بات نہیں اسکن کی آوٴ بھگت کرنے کے لئے آپ کو کسی خاص اہتمام کی ضرورت نہیں ہے بس صرف اس کی نگہداشت و حفاظت کے حوالے سے چندکلیدی نکتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے یومیہ سنگھاری معمول میں چند تبدیلیاں پیدا کرتے ہوئے اپنی جلد کی حفاظت ونگہداشت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اس حوالے سے سب سے اہم وناگزیر نقطہ آپ کی جلد کی خصوصی صفائی یا کلینزنگ کا ہے۔ روزانہ غسل کرنا نہ صرف حفظانِ صحت کے اصولوں پر پورا اترنے کے لحاظ سے بہترین ہے بلکہ یہ آپ کی جلد کی صفائی وخوبصورتی کے حوالے سے بھی ایک اہم حیثیت رکھتا ہے خاص طور پر اگر آپ معتدل وگرم آب وہوا کے حامل خطے میں بستے ہیں اور جس سے پسنے کے کثیر اخراج کے مسئلے سے بھی دوچار ہیں کیونکہ اس صورت میں بیکٹریا جلد کے زیریں حصوں میں پنپ کربدبو پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔
اس لئے غسل روزانہ کرنا جسم کی بو دور کرنے میں اور آپ کی جلد کو صاف وشفاف رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ فضا میں دھول، مٹی کے لاکھوں کروڑوں انتہائی باریک اور تقریباََ نہ نظرآنے والے ذرات ہمہ وقت گردش میں رہتے ہیں اور یہ ہماری نم آلودوخشک جلد پر ہر سیکنڈ اربوں کھربوں کی تعداد میں آچکتے ہیں۔ اور اس میل کچیل کی وجہ سے ہماری جلد اکثر الرجی کا شکار ہو جایا کرتی ہے۔
اس لئے جسم کی صفائی کرنا بہت ضروری ہے۔ چاہے آپ گھر سے بارہ مصروف گزار رہے ہوں یا پھر سارا دن گھریلوں کام کاج میں مصروف ہوں یہاں تک کہ چاہے آپ سارا دن بستر پر دراز ہو کر آرام ہی کیوں نہ فرما رہی ہوں لیکن قدرتی طور پر جسم کے غدودی نظام کی تحریک سے سطح جلد پرشحم وپسینے کی افزائش کی بنیاد پر جراثیم کی افزائش یقینی ہوتی ہے اس لئے آرام کرنے اور گھر میں بند رہنے کے با وجود بھی آپ غسل کو یقینی ضرورت ہوتی ہے۔
اکثر افراد جو خدانخواستہ کسی موسمی بیماری کا شکار ہوا کرتے ہیں وہ غسل کرنے سے احتراز کرتے نظر آتے ہیں جبکہ یہ رجحان قطعی طور پر درست نہیں ہے بلکہ اس طریقے سے آپ خود جراثیم کو اپنے جسم پر افزائش کرنے کی دعوت دے رہے ہیں چناچہ چاہے موسم گرم ہو یا سرد روزانہ غسل کرنے کی عادت ڈالیں۔ سردیوں میں نیم گرم پانی کا استعمال کریں اور گرمیوں میں نارمل پانی سے غسل کریں اینٹی سیپٹک باڈی واشنگ پروڈکٹس کا استعمال بھی اس حوالے سے بہتر انتہاب ثابت ہو سکتا ہے ۔
بیرونی طور پر جسمانی صفائی کے ساتھ ساتھ آپ کے جسم کو اندرونی طور پر بھی صفائی کے لئے پانی کی کثیر مقدار کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ جسم سے سمیتی وزہریلے مادوں کا اخراج متواتر انداز میں ہوتا رہے یہ درست ہے کہ ہائی بلڈ پریشر یا بلند فشار خون کے مریضوں اور گردوں کی تکالیف میں مبتلا مریضوں کو ڈاکٹر ز کم مقدار میں پانی پینے کی ہدایات کرتے ہیں لیکن پھر بھی یہ مقدار محدود ضرور ہوتی ہے تاہم پانی کا استعمال ترکی نہیں کیا جاتا ہے۔
پانی دراصل خود ایک کلینز رکا کردار ادا کرتا ہے یہ جسم انسانی سے کثافتوں کا اخراج یقینی بناتا ہے لہٰذا پانی کا کثیر استعمال کرنے کی عادت ڈالیے اور اسے کبھی ترک مت کیجیے۔ اس حوالے سے یہ بات بھی ذہن میں رکھئے کہ پانی کا مطلب ہے سادہ پانی یہ مشروبات وفروٹ جوسز وغیرہ کا متبادل ہرگز نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ مشروب کے حوالے سے جاننا چاہیں تو سردیوں کے موسم کے علاوہ بھی سارے سال دن میں2-3 مرتبہ گرین ٹی کااستعمال بہت مفیدہے۔
اگر آپ دارچینی ،لونگ ، الائچی، لیموں اور شہد کی شمولیت سے تیاری کی گئی گرین ٹی یا قہوے کا استعمال دن میں2-3 مرتبہ کریں یا پھر اپنی صبح کا آغاز ہی اس زبردست صحت بخش گرم مشروب سے کریں خاص طور پر موسم سرما تو کوئی تعجب نہیں کہ آپ اپنے جسم کو ہر قسم کی موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں کامیاب ہو جائیں بلکہ موسم سرما میں طبیعت پہ چھائی پژمردگی کو دور کرنے میں بھی کامیاب ہوجائیں۔
ایک پتیلی میں پانی گرم کریں اس میں ایک چھوٹا ٹکڑا دار چینی اور چھوٹی الائچی کا ڈال کر پکائیں لیموں نچوڑیں اور چھان کر کپ میں نکال کر شہد شامل کر یں۔ نہارمنہ اس زبردست مشروب کا استعمال آپ کے جسم وجان کے لئے ایک بہترین صحت بخش مشروب کا کردار ادا کرے گا۔
جیسا کہ مضمون کی ابتدا میں تذکرہ کیا گیا کہ جلد ہمیں ہر قسم کے بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے والی ایک حفاظتی پرت کا کام کرتی ہے تو ہمیں بھی اس کا خیال رکھنے اور اس کی ناز برداریاں کرنے کی طرف دھیان دینا چاہیے۔
جیسے کہ اپنی جلد کو ہر قسم کے زخم، چوٹ وکھرچن سے حتی الامکان حد تک محفوظ رکھنے کی کوشش کریں اس کو نرم وملائم بنائے رکھنے کے لئے مستند ومعیاری کمپنیوں کے تیارکردہ بہترین موئسچرائزنگ پروڈکٹس کا استعمال کریں۔ ہمارے جسم کا بیشتر حصہ چونکہ پانی سے بنا ہوا ہے۔ اس لئے اس توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیں پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔اندرونی اعضاء کی رطوبت کو بحال رکھنے کے لئے ہم پانی پی لیا کرتے ہیں لیکن جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لئے صرف غسل ہی کافی نہیں ہے بلکہ ماحول کی شدت سے اڑجانے والی نمی ورطوبت کو جلد پر برقرار رکھنے کے لیے اسے مناسب موئسچرائزنگ کی ضرورت ہوتی ہے یہ موئسچرائزنگ جلد کی نمی ولچک کو برقرار رکھتے ہوئے اسے موسمی سختیوں سے محفوظ بنانے میں کلیدی کا کردار ادا کرتاہے۔

موئسچرائزنگ کے علاوہ جلد کو سب سے زیادہ سورج کی ضرررساں نیم بنفشی شعاعوں یعنی الٹراوائلٹ ریز سے تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ یہ جلد کوقبل از وقت عمر رسیدہ بنا دیا کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ سوختگی شمس، سن اسپاٹس یہاں تک کہ کہ اسکن کینسر جیسی خرابیوں میں مبتلا کرنے کا باعث بنا کرتی ہیں۔ اس لئے موسم چاہے معتدل ہو یا ٹھنڈا ہی کیونہ ہو ہمیشہ گھر سے باہر نکلتے ہوئے سن بلاک ضرور استعمال کریں کوشش کریں ایسی سن اسکرین پروڈکٹس خریدیں جو 15-30 (Sun protecting F actor- SFE 15-30) کی خوصیات کا حامل ہو۔
سن بلاک اسی وقت اپنی جلد پرلگائیں جب آپ نے اپنی دھلی دھلائی ساف ستھری جلد پر موئسچرائزر لگایا ہوا ہو اس کے بعد موئسچرائز اسکن پر سن اسکرین پروڈکٹ لگائیے اور الٹراوائلٹ ریز کے خطرے سے بے خطر ہوتے ہوئے باہر نکلیے۔
جلد کی خوبصورتی کے حوالے سے تیسرا اہم وبنیادی نکتہ اس کی نگہداشت کرنے میں مضمر ہے ۔آپ کی جلد آپ کی شخصیت کا عکس ہوتی ہے۔
یہ بلاشبہ بلند سرگوشیوں میں آپ کی عمر کا علان اکثر وبیشتر کرتی محسوس ہوا کرتی ہے۔ لہٰذا اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی عمر کی چوری کا اعتراف آپ کی جلد نہ کرئے تو ضروری ہے کہ آپ اس کا بے حد خیال رکھیں اس کی نگہداشت ونشونما پر توجہ دیں اور ایک بھر پور سنگھاری معمول اپنانے کی طرف دھیان دیں۔ موسم سرما میں ایسے پھلوں وسبزیوں کا استعمال یقینی طور پر بڑھا دیں جو خوشمنا رنگوں میں دستیاب ہوں۔
ریسرچ سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ وہ تمام پھل وسبزیاں جن کے رنگ خوشنما اور خوبصورت ہوتے ہیں ان میں فلیونوائیڈز کثیر مقدار میں موجود ہوا کرتا ہے۔ فلیونوائیڈز درج ذیل خصوصیات کی بناء پر ہماری صحت کے لیے ایک بہترین غذائی جز کی حیثیت رکھتا ہے۔
۰ Atherosclerosis یعنی شریانوں کی اندورنی پرتوں کی سختی جو عموماََ کولیسٹرول ،چربی وغیرہ کے بڑی شریانوں میں جمنے سے پیدا ہوتی ہے اور ان شریانوں کی دیواروں کو سخت وبے لچک بنانے کا سبب بنتی ہے اس مرض کے خطرے کو کم کرنے میں یہ خوش رنگ پھل وسبزیاں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

۰ بلند فشار خون کے خطرات کو کم کرتا ہے اور رگوں کی تنگی کو درست کرتا ہے۔
۰ خون میں تکسیدی عمل کو ہموار یت بخشنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
۰ جوڑوں میں سوزش پیدا کرنے والے محرکات کا قلع قمع کرتا ہے
۰ غدودی نظام کو متحرک رکھتا ہے۔
۰ خون میںLipids کے توازن کو برقرار رکھتا ہے۔
۰ جسم میں گلوکوز اور کاربوہائیڈریٹ کے توازن کو اعتدال میں رکھتا ہے
۰ عمر رسیدگی کے عمل کو سست کرتا ہے۔

بعض اوقات جب آپ اپنا وزن کرتی ہیں تو وزن کی بڑھتی سوئی کو دیکھ کر آپ لاشعوری طور پر اپنے کھانے کو کم کرنے کے حوالے سے سوچنا شروع کر دیتی ہیں لیکن عقلمندی کا تقاضہ یہی ہے کہ آپ کھانے کوکم نہ کریں بلکہ کوشش کریں کہ روٹی چاول کے مقابلے میں پھلوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاک صحت کے حوالے سے آپ کو کسی سمجھوتے کی ضرورت نہ پڑے۔
اگر آپ کیلوری شمار کرنے کی عادی ہیں تب بھی کوشش کریں ڈیزرٹس میں بجائے ہیوی سوئیٹ ڈشز کے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کریں اور اپنی جلد کی صحت کے ساتھ ساتھ اپنی جسمانی صحت میں بھی اضافہ کریں۔ اس کے علاوہ چاکلیٹ کا استعمال بھی آپ کو جوان اور خوبصورت بنائے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اس مناسبت سے ڈارک چاکلیٹ کا استعمال آپ کے لئے بہت موزوں ہے۔
سلاد چاہے فروٹ ہو یا ویجی ٹیبل یہ دونوں صورتوں میں آپ کی یومیہ غذائی روٹین کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔
سبزیوں، وپھلوں کے ساتھ ساتھ مچھلی، گوشت ،انڈے ،مکھن ، پنیر، چاول، دودھ، دالوں او اناج کا استعمال بھی اپنے یومیہ غذائی معمول میں ضرور شامل رکھیں اس طرح نہ صرف آپ اپنی صحت کو بہتر بنا سکیں گئے بلکہ آپ کی جلد بھی خوبصورتی ، دلکشی ورعنائی کا مرقع نظر آئے گی۔

Browse More Women Beauty - Khoobsurti

Special Women Beauty - Khoobsurti article for women, read "Jild Ki Hifaazat Saadgi Kay Sath" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.