Pani Barhaye Sehat O Khubsurti - Article No. 3091

Pani Barhaye Sehat O Khubsurti

پانی بڑھائے صحت و خوبصورتی - تحریر نمبر 3091

اگر آپ بھی ہمیشہ جوان اور خوبصورت نظر آنا چاہتے ہیں تو جس حد تک ممکن ہو پانی پئیں

پیر 13 مارچ 2023

شمع عنصر
خواتین ہمیشہ اپنی خوبصورتی بارے فکر مند نظر آتی ہیں،ان کے لئے تمام ماہرینِ حسن مشورہ دیتے ہیں کہ پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔یہ آپ کی جلد کو تروتازہ رکھنے،جلد میں نمی برقرار رکھنے،اسے جھریوں سے پاک بنانے اور خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور صرف جلد کے لئے ہی نہیں بلکہ آپ کی جسمانی ضروریات پوری کرنے مثلاً چربی گھٹانے،موٹاپا کم کرنے اور صحت مند رہنے کے لئے بھی پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال نہایت اہم ہے۔
یہ قدرتی طور پر آپ کے جسم سے بے شمار جراثیم اور بیماریوں کو نکال دیتا ہے۔لہٰذا اگر آپ بھی ہمیشہ جوان اور خوبصورت نظر آنا چاہتی ہیں تو جس حد تک ممکن ہو پانی پئیں۔مگر ہمارے ہاں بے شمار خواتین شکایت کرتی نظر آتی ہیں کہ وہ لاکھ کوشش کے باوجود تین،چار گلاس سے زیادہ پانی نہیں پی پاتیں۔

(جاری ہے)

اس کی سب سے بڑی وجہ پیاس کم محسوس ہونا ہے۔ہم اس بات سے مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ آج کل جیسا کہ بیشتر عوام کا طرز زندگی ہے اس میں پیاس کم محسوس ہونا کوئی بڑی بات نہیں۔

دراصل دفتروں میں سیٹ پر بیٹھ کے آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی کرتے ہی ہمارا آدھا دن گزر جاتا ہے۔چونکہ دفتروں میں سارا دن اے سی چلنے کے باعث سرد ماحول ہوتا ہے اور جسم کو کسی قسم کی مشقت بھی نہیں کرنی پڑتی ایسے میں پیاس کم محسوس ہونا کوئی پریشانی کی بات نہیں،لیکن اس کے باوجود پانی کا استعمال ہمارے لئے نہایت ضروری ہے۔
ایسے میں ہم آپ کو چند ایسی غذاؤں کے بارے میں بتاتے ہیں جن کے استعمال سے آپ کو کوئی مشقت نہ کرنے کے باوجود پیاس محسوس ہونے لگے گی۔

نہاری
نہاری ہمارے ہاں کی خالص دیسی غذا ہے جو تقریباً ہر موسم میں ہی تمام گھروں اور بالخصوص ناشتے میں بنا کر کھائی جاتی ہے۔نہاری میں چونکہ باقی کھانوں کی نسبت قدرے تیز مصالحوں کا استعمال کیا جاتا ہے،لہٰذا اسے کھانے پر آپ کو لازمی پیاس محسوس ہونے لگتی ہے۔اسے اگر آپ ناشتے میں کھائیں تو دوپہر تک آپ کو ضرور کچھ دیر بعد پیاس محسوس ہوتی رہے گی۔
سردیوں کے موسم میں پانی کا استعمال عام دنوں کی نسبت بے حد کم ہو جاتا ہے ایسے میں سرد موسم میں اپنے کھانوں میں نہاری ضرور شامل کریں تاکہ پیاس محسوس ہونے پر آپ کے جسم کو ضرورت کے مطابق پانی مل سکے۔
پائے
پنجاب کی خاص ڈشز میں پائے بھی شامل ہیں جسے تقریباً تمام گھروں میں ہی شوق سے پکایا اور کھایا جاتا ہے۔یہ لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے لئے بھی نہایت مفید ہیں۔
جسمانی کمزوری دور کرنے اور جسم کو طاقت فراہم کرنے کے لئے پائے کا استعمال بہترین ہے۔انہیں بھی زیادہ تر ناشتے میں ہی کھانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔اس میں بھی شامل کیے جانے والے تیز مصالحے آپ کو پانی پینے پر مجبور کر دیں گے۔
بریانی
یہ پاکستان میں ہر عمر کے افراد کی پسندیدہ ڈش ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں الگ الگ طریقوں سے تیار کی جاتی ہے۔
بریانی کو بھی پیاس بڑھانے والی غذاؤں میں شامل کیا جاتا ہے۔یوں تو چاول کسی بھی قسم کے ہوں انہیں کھانے کے بعد آپ کو پیاس محسوس ہونے لگتی ہے،لیکن بریانی کی تیاری میں شامل کیے جانے والے مصالحے خاص طور پر آپ کی پیاس بڑھاتے ہیں۔
مچھلی
مچھلی کو بھی ہمارے ہاں نہایت شوق سے کھایا جاتا ہے۔اس کی تاثیر چاہے گرم ہوتی ہے لیکن یہ انسانی صحت کے لئے بے حد فائدے مند ہے۔اپنے گرم اثر کے باعث مچھلی کھانے سے آپ کو بے حد پیاس محسوس ہونے لگتی ہے۔لہٰذا اگر آپ کو کم پیاس محسوس ہوتی ہے تو مچھلی کھا کر اپنے جسم کو پانی کی مناسب مقدار مہیا کریں۔

Browse More Women Beauty - Khoobsurti

Special Women Beauty - Khoobsurti article for women, read "Pani Barhaye Sehat O Khubsurti" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.