Red Tomato - Article No. 2579

Red Tomato

سرخ ٹماٹر حسن سنوارنے والی سبزی - تحریر نمبر 2579

ٹماٹر وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے،جو کیل مہاسوں کے علاوہ بے رونق جلد کو چمکدار اور پُرکشش بناتا ہے

بدھ 21 اپریل 2021

اکثر خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ جلد کیسی ہی کیوں نہ ہو اس پر اچھا میک اپ کرکے وہ خوبصورت نظر آئیں گی،جبکہ یہ خیال بالکل غلط ہے۔اگر ہماری جلد تروتازہ نہیں ہو گی تو اس پر کبھی بھی میک اپ اچھا نہیں لگے گا۔جلد کی تروتازگی حسن کی بنیاد ہے،جلد اگر نرم،صاف ستھری اور چمکدار رہے تو اس پر لمبے عرصے تک جھریاں نمودار نہیں ہوں گی۔چہرے کی جلد اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ وہ ہماری عمر چھپا سکتی ہے اور بڑھا بھی سکتی ہے۔

صاف ستھری جلد کے حصول کے لئے سب سے پہلے تو ضروری ہے کہ آپ پُرسکون رہیں،سوچ مثبت رکھیں،بھرپور نیند لیں اور غذا متوازن رکھیں،اس کے بعد بیرونی طور پر اپنی جلد کی حفاظت کریں،ہر موسم میں چہرے کا مساج لازمی کریں۔مساج کے لئے روغن،زیتون،ناریل یا بادام کا تیل استعمال کریں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جلد کی بیرونی حفاظت میں ٹماٹر بے حد اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جلد کی حفاظت میں ٹماٹر اپنی ٹھنڈک اور سکیڑنے والی خوبیوں کی وجہ سے اہم تصور کیا جاتا ہے۔دراصل ٹماٹر وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے،جو کیل مہاسوں کے علاوہ بے رونق جلد کو چمکدار اور پُرکشش بناتا ہے۔ہماری جلد کو صحت مند اور شاداب رہنے کے لئے و ٹامن اے کی بھی ضرورت ہوتی ہے،ٹماٹر میں یہ حیاتین بھی وافر مقدار میں پائی جاتی ہے۔ٹماٹر میں شامل نمکیات جلد کو متوازن رکھتے ہیں اور جلد سے چکناہٹ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔
اس کے علاوہ ٹماٹر میں شامل اینٹی آکسیڈینٹس جلد کے خلاف کام کرنے والے جراثیم سے مقابلہ کرتے ہیں۔جلد کی حفاظت میں ٹماٹر کا کردار بے حد اہمیت کا حامل ہے،اس لئے خواتین مصنوعی اشیاء کی بجائے قدرتی محافظ یعنی ٹماٹر سے اپنی جلد کی حفاظت اور خوبصورتی بڑھانے کا کام لے سکتی ہیں۔ٹماٹر کو جلد پر لگانے کے چند اہم طریقے درج ذیل ہیں۔
تازہ سرخ ٹماٹر کا رس 1 چمچ لیں اور اس میں 2 سے 4 قطرے تازہ لیموں کا رس شامل کر لیں،پھر اس آمیزے کو روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں اور پندرہ منٹ تک اسے جلد پر ہی لگا رہنے دیں،پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں اور موئسچرائزر استعمال کریں۔
آپ کی جلد شاداب ہو جائے گی۔
جلد کو کیل مہاسوں سے پاک کرنے کیلئے ایک تازہ سرخ ٹماٹر لے کر اچھی طرح سے اس کا گودا نکال لیں،اور اس گودے کو چہرے پر لگائیں ۔ایک گھنٹے تک چہرے پر لگا رہنے دیں،اور پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔بہترین نتائج کے لئے کم از کم ایک ہفتے تک یہ عمل کریں۔ ٹماٹر اور دہی کا ماسک بھی چہرے کی جلد کو تازگی عطا کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔
دہی میں شامل اجزاء ٹماٹر کے ساتھ مل کر بہترین ماسک تیار کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اس کا طریقہ کچھ یوں ہے کہ آدھا ٹماٹر کاٹ کر اس کا گودا دو چمچ دہی میں اچھی طرح ملا لیں۔اب یہ آمیزہ چہرے پر لگائیں اور 20 منٹ تک لگائے رکھیں،پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں اور اس کے خوشگوار اثرات اپنے چہرے پر دیکھیں۔ٹماٹر چہرے کی جلد پر اپنی جادوگری دکھاتا ہے،چاہے وہ ماسک کی شکل میں لگایا جائے یا فیشل کے طور پر استعمال کیا جائے۔ٹماٹر کا گودا بے حد کارآمد ہے، صرف گودا ہی اگر روزانہ ایک گھنٹہ چہرے پر لگا کر نیم گرم پانی سے دھو لیا جائے تو چہرے کی رنگت نکھر آئے گی۔

Browse More Women Beauty - Khoobsurti

Special Women Beauty - Khoobsurti article for women, read "Red Tomato" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.