Shakhsiyat Ke Nikhaar Ka Zareya - Article No. 2034

Shakhsiyat Ke Nikhaar Ka Zareya

شخصیت کے نکھار کا ذریعہ - تحریر نمبر 2034

کسی کی شخصیت کا جائزہ لینے کے دوران پہلی نظر مخاطب کے چہرے پر اور دوسری اس کے ہاتھوں پر پڑتی ہے ۔ہاتھ جسم کا وہ حصہ ہیں جو چہرے سے بھی پہلے عمر کا راز کھول سکتے ہیں ۔

جمعرات 11 اپریل 2019

کسی کی شخصیت کا جائزہ لینے کے دوران پہلی نظر مخاطب کے چہرے پر اور دوسری اس کے ہاتھوں پر پڑتی ہے ۔ہاتھ جسم کا وہ حصہ ہیں جو چہرے سے بھی پہلے عمر کا راز کھول سکتے ہیں ۔عموماً خواتین جوان اور دلکش نظر آنے کے لیے سب سے زیادہ وقت اور پیسہ چہرے کی آرائش پر خرچ کرتی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہاتھوں کی جلد چکنائی پیدا کرنے والے غدود کی عدم موجودگی اور گھریلو کام کاج کے دوران کئی قسم کے کیمیکلز ،ٹھنڈے گرم پانی اور دھول مٹی کا سامنا کرنے کی وجہ سے بہت جلد جھریوں کی زد میں آجاتی ہے جھریوں بھرے ہاتھ کو اپنی عمر سے دس سال بڑادکھا سکتے ہیں لہٰذا اب مزید وقت ضائع نہ کیجیے۔

خود کو دلکش بنانے کے پروگرام میں چہرے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں کو بھی شامل کر لیجیے۔
یہاں کچن میں موجود کچھ اشیاء اور کچھ وقت صرف کرکے گھر پر ہی ہاتھوں کو نرم اور خوبصورت بنانے کے چند مفید مشورے دیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہاتھوں کی نرمی بر قرار رکھنے کے لیے سب سے پہلے تو ان کی حفاظت ضروری ہے۔اس لیے اگر ہو سکے تو کپڑے اور برتن دھونے کے دوران دستانے استعمال کریں۔


دستانوں کا استعمال ہاتھوں کی نازک جلد کو ڈیٹرجنٹ میں موجود کیمیکلز کے اثرات سے محفوظ رکھتاہے۔
موسم کے اثرات ہاتھوں کی جلد کو خشک کرکے دیتے ہیں ۔اس لیے دن بھر میں جب بھی فرصت ملے وقتاً فوقتاً ہاتھوں پر کوئی نہ کوئی موئسچرائزر ملتے رہیں تاکہ ان کے اندر نمی اور چکنائی کو برقرار رکھاجا سکے ۔
خصوصاً کپڑے اور برتن دھونے کے بعد اور رات کو سونے سے پہلے کسی بھی اچھی موئسچرائزنگ کریم کا استعمال ہاتھوں میں قدرتی نمی کو قائم رکھتا ہے ۔
کوئی بھی اچھی ہینڈ کریم اپنے باتھ روم ،کچن اور بیڈ روم میں مستقل رکھیے۔ایک اچھی ہینڈ کریم گھر پر بھی تیار کی جاسکتی ہے ۔اس کے لیے مندرجہ ذیل اشیاء درکارہوں گی۔
ایک مرتبہ استعمال کے لیے
․․․․ایک چائے کا چمچ گلیسرین۔
․․․․ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس۔
․․․․پانچ قطرے عرق گلاب۔
اس محلول کو زیادہ مقدار میں بنا کر کسی بوتل میں محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
وقتاً فوقتاً اس کی مالش کریں ہاتھوں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔
سر د اور خشک موسم کے دوران ہاتھوں کی جلد بے رونق ہو جاتی ہے ۔اس مسئلے کو بڑی آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے ۔ایک چائے کا چمچ شہد اور تین چائے کے چمچ مکھن کو ایک کھانے کے چمچ عرق گلاب میں اچھی طرح حل کرلیں ہاتھوں پر مالش کے دوران اگر چہ یہ کریم دیر سے جذب ہوگی مگر ہاتھوں کو نرم رکھنے میں اس کے اثرات دیر پاہوں گے۔

ہاتھوں کی ملائمت بر قرار رکھنے کے لیے کریم گھر پر تیار کی جاسکتی ہے ۔ہفتے میں ایک دوبار اس کریم کے مساج سے ہاتھوں میں ایک نئی چمک اور خوبصورتی پیدا کی جاسکتی ہے۔
․․․․ایک کھانے کا چمچ گلیسرین۔
․․․․ایک انڈے کی زردی۔
․․․․دو کھانے کے چمچ بادام یا زیتون کا تیل۔
․․․․ایک لیموں کا رس۔
․․․․ایک کھانے کا چمچ عرق گلاب ہے۔

ان سب اشیاء کو اچھی طرح حل کرلیں ۔یہ کریم خشکی دور کرنے کے لیے کار آمد ہو گی۔
ہاتھوں کی حفاظت کے پروگرام کے دوران اپنے ناخنوں کو کبھی نظر انداز نہ کریں ۔ان کی صحیح طرح سے کٹائی،رگڑائی یعنی فوائٹنگ اور پالش کا عمل ان کو خوبصورت اور چمکدار بنا کر ہاتھوں کی دلکشی کو بڑھا دیتا ہے ۔
اگر آپ کے پاس وقت ہو تو ناخنوں کی دلکشی کے لیے گھر پر مینی کیور کیا جا سکتا ہے ۔
مینی کیور کا مرحلہ وار طریقہ ذیل میں دیا جارہا ہے۔
پرانی نیل پالش کو صاف کریں
صاف روئی کو کسی اچھے نیل پالش ریمور میں ڈبو کر چند لمحوں کے لیے اپنے ناخن پر رکھیں۔نرم ہونے کی صورت میں نیل پالش جلد اور بغیر رگڑے صاف کی جا سکتی ہے۔
نیل پالش صاف کرنے کے بعد ریموور میں بھگوائی روئی سے اچھی طرح کیوٹکلز میں موجود پالش کو بھی اتارلیں۔
ناخنوں کی تراش
حسب خواہش ناخنوں کو تراشنے کے بعد فائلز سے ان کو بیضوی شکل دیں۔یہ عمل بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے شروع کرکے انگوٹھے پر ختم کیا جاتا ہے ۔فائلر کو بائیں سے دائیں اور دائیں سے بائیں اور اطراف سے ناخن کے درمیانی حصے تک حرکت دیں۔ناخن کی صحیح شکل اوپر سے نہیں بلکہ اندرونی طرف سے جانچیں۔

Browse More Women Beauty - Khoobsurti

Special Women Beauty - Khoobsurti article for women, read "Shakhsiyat Ke Nikhaar Ka Zareya" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.