Aaiye Ghar Sajate Hain - Article No. 3115

Aaiye Ghar Sajate Hain

آئیے گھر سجاتے ہیں - تحریر نمبر 3115

خوش رنگ خوابوں کی مانند

ہفتہ 15 اپریل 2023

گھر وہ جگہ ہے جہاں سے ہم دور نہیں رہ سکتے۔یہاں ہم رہتے ہیں،کھاتے پیتے،پڑھتے لکھتے،پیار اور محبت کی فضا میں پلتے بڑھتے ہیں۔اگر گھر میں سکون نہ ہو،کسی بھی وجہ سے طمانیت کا احساس نہ ہو تو شخصیتیں بکھر سی جاتی ہیں۔جہاں پیار محبت،شفقت،خلوص اور احترام بھری چاہتوں کا ہونا ضروری ہے وہیں گھر کی آرائش،صفائی ستھرائی اور زندگی گزارنے کا اسلوب اور طرز بھی اسی قدر تخلیقی اور اسٹائلش ہونا ضروری ہے۔
آپ جہاں رہتے ہیں وہ جائے اماں آپ کی شخصیت کے مختلف زاویوں اور انداز کا پتا دیتی ہے۔ضروری نہیں کہ آپ لاکھوں اربوں روپے خرچ کر کے قیمتی فرنیچر درآمد کرائیں یا جدید تکنیکی مہارتوں سے لیس بجلی کی مصنوعات خریدیں۔آپ چاہیں تو سادگی اور کم بجٹ میں بھی اپنے گھروں کی پُرآسائش،آرام دہ اور بہت حد تک منفرد سجاوٹ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)


خاندان کی تصاویر کے فریم بدلوا لیجئے
آج سے 40 برس پرانی تصاویر آپ اور آپ کے بزرگوں کی زندگی کے سنہرے دنوں کا احاطہ کرتی ہیں انہیں جھاڑیئے،پونچھئے اور صرف ان کے فریم بدلوا کے دیواروں کی زینت بنائیے۔

کون ہے جو اسٹائلش فریموں کے اس پار بیٹھی آپ کی پیاری نانی جان،دادی،خالاؤں یا دیگر رشتہ داروں سے نیاز حاصل کرنے نہ رکے گا۔آپ ان تصاویر کا کولاج بنوائیے اور بتا دیجئے کہ آپ کی زندگی میں رشتوں کی کس قدر اہمیت باقی ہے۔
موسم بدلے تو کشنز کے کورز کیوں نہ بدلیں
فطرت نے آپ کو چار موسم عطا کئے اب پانچواں موسم اپنے گھر سے محبت،توجہ،انفرادیت اور ذوق کے اظہار کے لئے خود تخلیق کر لیجئے۔
آپ اندر سے خوش ہوں تو باہر کا موسم آپ ہی آپ سہانا ہو جاتا ہے۔نئے طرز کی تخلیقی جہت کو اپنایئے۔نوجوان اندرونی آرائش کے ماہرین اب اخباری صفحات،کارٹونز،مشہور مقامات کی تصاویر اور تجریدی مصوری کے شاہکار ان کشنز کے Covers پرکندہ کرنے لگے ہیں۔آپ اپنے ذوق اور پسند کے مطابق نئے رنگ ڈھنگ اپنائیں۔پرانا صوفہ نئے غلاف کے ساتھ کمرے کا نقشہ ہی بدل دے گا۔

لوک ورثے،قدیم تہذیب اور منفرد ثقافت
اگر آپ ماڈرن طرز کے فرنیچر اور جدید رجحان کی آرائشی اشیاء سے اکتانے لگی ہیں تو کبھی شہر میں موجود قدیم ثقافتوں یا لوک ورثے کو محفوظ کرنے والی دکانوں تک چلئے۔یہاں آپ کو عمر خیام کی رباعیوں سے سجے ایسے غالیچے یا تصاویر مل سکتی ہیں جنہیں آپ آراستہ کر سکتی ہیں۔بعض دفعہ قدیم نوادرات اچھی حالت میں مل جاتے ہیں اور بعض جگہوں پر جدید ساز سامان کو قدیم نوادرات کی شکل دینے کی ہنر کاری بھی آزمائی جا رہی ہوتی ہے۔
کوشش کریں کہ ایسی اشیاء سے سجاوٹ مکمل کر لی جائے۔
چنیوٹ کا ایک چکر نہ لگا سکیں تو آن لائن کاروبار کرنے والے فرنیچر سازوں سے رابطہ ہو جائے۔چنیوٹی لکڑی سے نہایت پائیدار،خوبصورت،منقش اور سادہ مگر لاجواب فرنیچر تیار ہوتا ہے۔پورے گھر کا نہ سہی مگر دوچار بھی ایسی منفرد اشیاء کے لاؤنج،ڈرائنگ روم یا سونے کے کمروں میں رکھی رہیں تو اپنی دھرتی اور اس کے کاریگروں کی ہنر مندی سے نہ صرف جڑے رہنے کا احساس ہوتا ہے بلکہ قومی ورثے کو کاروباری تحفظ اور ترقی و ترویج سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Aaiye Ghar Sajate Hain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.