Aao Almaari Munazzam Kareen - Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

آؤ الماری منظم کریں - گھر کی آرائش

منگل 30 نومبر 2021

Aao Almaari Munazzam Kareen
آمنہ ماہم
عام طور پر الماری فرنیچر کے ہمراہ ہی خریدی جاتی ہے،تاہم آپ فرنیچر کے اس اہم جزو کو اپنی ضروریات کے مطابق بھی بنوا سکتے ہیں۔لوگوں کی اکثریت کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے پاس بڑی الماری ہو،جس میں سارے کپڑے،بیگ اور جوتے وغیرہ سب باآسانی آجائیں۔ سامان کے اضافے کے ساتھ نئے کپڑے وغیرہ رکھنے کے لئے اضافی جگہ بھی ہونی چاہیے۔

یہ ایک ایسی چیز ہے جس میں آپ کپڑوں سے لے کر جوتے،جیولری،کھلونے،کتابیں وغیرہ سبھی کچھ رکھ سکتے ہیں۔غرض یہ کہ ہر کوئی اپنی ضرورت کے مطابق الماری کو استعمال میں لاتا ہے لیکن بنیادی طور پر اسے کپڑے رکھنے کیلئے ہی استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ نئے اور پرانے کپڑوں کو محفوظ رکھنے کے لئے بہترین ہوتی ہے،تاہم اگر الماری غیر منظم ہوئی ہو تو یہ بات کہیں زیادہ اُلجھن کا باعث بنتی ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق بکھری ہوئی الماری کا مطلب ایک بکھرا اور پریشان دماغ ہے۔الماری میں اوپر تک ٹھنسے ہوئے بے ترتیب کپڑوں سے زیادہ مایوس کن کچھ نہیں کیونکہ یہ آپ کے حسنِ سلیقہ پر ایک بدنما داغ سمجھا جاتا ہے۔ایک غیر منظم الماری آپ کے کمرے کی وضع قطع بگاڑ سکتی ہے۔
اگر آپ اپنے کپڑوں یا ضرورت کی دیگر اشیاء کو الماری میں ترتیب سے رکھنے کے فن سے روشناس نہیں تو آپ کی تمام شاپنگ بھی غیر موٴثر ثابت ہو سکتی ہے۔

الماری منظم کرنا بظاہر جتنا آسان لگتا ہے،درحقیقت یہ اتنا ہی مشکل کام ہے۔آئیے ان آسان تجاویز پر بات کرتے ہیں، جن کے ذریعے آپ اپنی الماری کو منظم کر سکتے ہیں۔
صفائی کا منصوبہ
سب سے اہم کام الماری کو صاف کرنے کی منصوبہ بندی ہے کیونکہ جب الماری کھولتے ہی تمام کپڑے آپ پر یا زمین پر گر پڑتے ہیں تو ان کو دوبارہ ترتیب دینا خاصا تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے۔

چیزوں کو ترتیب وار اور منظم رکھنے والے ماہرین کی رائے کے مطابق الماری کی مکمل صفائی کا منصوبہ سال میں کم از کم دو بار لازمی بنانا چاہیے۔اگر آپ نے ایک طویل عرصے سے الماری منظم نہیں کی ہے تو آج ہی اس کو منظم کرنے کا منصوبہ بنائیں۔آپ دیکھیں گے کہ کچھ دیر کی محنت ایک منظم اور ترتیب و الماری فراہم کر دے گی۔
غیر ضروری کپڑے
الماری کو منظم دیکھنے کا ایک اصول یہ ہے کہ جن کپڑوں کا استعمال فوری نہ ہو یا جنھیں آپ نہیں پہنتے تو انہیں الماری سے نکال دیں۔

فالتو اشیاء یا کپڑے آپ کی الماری کو غیر منظم کرنے کا سبب بنتے ہیں۔لہٰذا جو کپڑے،جوتے،سینڈلز یا بیگ وغیرہ آپ کے استعمال میں نہ ہوں، انہیں کسی کو دے دیں۔اس کے علاوہ غیر ضروری اور فالتو سامان رکھنے کے لئے ڈبے بنانا ایک اچھا آئیڈیا ہے۔ہر وہ چیز جو کام کی نہیں اور فی الحال غیر فعال ہے،ان کو الماری سے نکال کر ڈبوں میں بھر دیا جائے۔اس طرح یہ اشیاء خراب ہونے سے بھی محفوظ رہیں گے۔


دائیں سے شروعات
الماری کو منظم کرنے کے لئے ہمیشہ دائیں جانب سے شروع کریں اور روزانہ استعمال میں آنے والی چیزوں کو آنکھوں کے سامنے رکھیں تاکہ انھیں ڈھونڈنے میں زیادہ وقت نہ لگے اور نہ ہی الماری کی سیٹنگ خراب ہو۔الماری کو صاف و شفاف دکھانے کے لئے کچھ کپڑے ٹانگ دیں کیونکہ ٹنگے ہوئے کپڑے کم جگہ گھیرتے ہیں اور با آسانی مل جاتے ہیں۔


کپڑوں کی تہہ
کپڑوں کی بنائی گئی تہہ آپ کی الماری یا وارڈ روب کو منظم کرنے میں اہم ہوتی ہے۔کپڑوں کی تہہ جتنے سلیقے سے کی جائے گی آپ کی الماری اتنی ہی منظم اور کم بکھری محسوس ہو گی۔چیزوں کو ترتیب سے رکھنے پر مشاورت فراہم کرنے والی جاپانی انسٹرکٹر میری کونڈو کا کہنا ہے کہ کپڑوں کو منظم اور ترتیب سے رکھنے کے لئے ان کو عمودی طریقے سے (ورٹیکل اسٹائل) تہہ کیا جائے،اس طرح کپڑے کم جگہ لیں گے اور الماری بھی منظم لگے گی۔

اسی طرح تولیے وغیرہ کی بھی عمودی تہہ بنائیں تاکہ یہ چیزیں بھی کم جگہ گھیریں۔
درازوں کا استعمال
الماری میں موجود دراز بھی اہم ہوتی ہیں لیکن ان درازوں میں ضرورت سے زائد سامان جلد ہی آپس میں گڈمڈ ہونے لگتا ہے جس کے باعث یہ بے ترتیب اور گندی ہو جاتی ہیں۔اگر آپ الماری کو منظم دیکھنا چاہتے ہیں تو الماری کے لئے خانے والی درازوں کا انتخاب کیجیے، جس میں ٹائی،موزے اور دوسرا ضروری سامان ترتیب سے رکھا جا سکے۔


جوتوں کیلئے ریک
جوتے آپ کی الماری کا ایک بڑا حصہ لے لیتے ہیں،لہٰذا ان پر نظر کرنا بہت ضروری ہے۔الماری کے نیچے آرام دہ خانے بنانا ایک اچھا آئیڈیا ہے یا پھر آپ لٹکنے والے شیلف خرید لیں۔اس کے علاوہ شوز ڈسپلے ریک آج کل خاصے مقبول ہیں جو شیشے،پائپ یا لکڑی میں سے کسی بھی مٹیریل کے بنے ہوتے ہیں،اس میں آپ اپنے سینڈلز اور شوز وغیرہ باآسانی رکھ سکتے ہیں۔
تاریخ اشاعت: 2021-11-30

Your Thoughts and Comments

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Aao Almaari Munazzam Kareen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.