Araishi Aaine - Article No. 2770

Araishi Aaine

آرائشی آئینے - تحریر نمبر 2770

آئینہ خوبصورت فریم کا ہو تو یہ اپنی جگہ پر آرٹ کا نمونہ ہوتا ہے اور یہی تو ہے جمالیاتی جذبے کی تسکین کا وہ لمحہ جب آپ کی روح تک سرشار ہو جائے اپنے ہی گھر میں قدم رکھتے ہوئے

ہفتہ 25 دسمبر 2021

آمنہ ماہم
اندرونی آرائش کی جدت طرازی کا ایک نمونہ آرائشی آئینے بھی ہو سکتے ہیں۔گھروں کی آرائش کے ضمن میں کئی اشیاء نمایاں کردار ادا کرتی ہیں ان میں فرنیچر،کمرے کا رنگ و روغن،فالس سیلنگ لائٹنگ،پردے،چلمن یا Blind Venetian قالین،آرائشی پودے،وال پیپرز،کافی ٹیبل اور ٹیبل لیمپس غرضیکہ ایک نہیں کئی اشیاء کو صحیح جگہوں پر تناسب سے رکھنا توجہ طلب کام ہے۔

آج بطور خاص دیواروں پر تصاویر کے بجائے آرائشی آئینوں کی اہمیت پر بات کرتے ہیں۔یہ آئینے مختلف حجم،اسٹائل اور ساخت کے دستیاب ہوتے ہیں۔یہ ذوق جمال کے دلکش پہلو ہیں جنہیں آئینوں سے رغبت ہوتی ہے وہ پرانا فرنیچر بیچنے والوں کے پاس بار بار چکر لگاتے ہیں تاکہ اگر کوئی جھروکا یا دیوان میں جڑا آئینہ دستیاب ہو سکے تو کیا بات ہے۔

(جاری ہے)


کلاسیکی اور قدیم تہذیبی نقطہ نظر سے بنایا جانے والا فرنیچر آج بھی پالش کرکے استعمال کیا جا رہا ہے تاہم اس میں کسی نہ کسی جگہ کچھ نہ کچھ جدیدیت لانے کی کوششیں بھی اختیار کی جاتی ہیں۔


مثال کے طور پر آج کل ڈارک ٹون میں فرنیچر پینٹ کیا جا رہا ہے اسی طرح آئینوں کی شبیہیں بھی اب یکسر مغلئی یا دہلوی مکتبہ فکر سے میچ نہیں کر رہیں بلکہ خاتون خانہ کی اپنی انفرادی سوچ کے زاویے کو اہمیت دیتی ہیں۔
بازار میں ماڈرن اور کلاسیکی اور الٹر کلاسک ہر طرح کے آئینے دستیاب ہیں اور زاویوں میں افقی،عمودی،گولائی یا مستطیل آپ کسی بھی زاویے کے آئینے استعمال کر سکتی ہیں۔
ہر گھر میں کوئی ایک نہ ایک ایسا تاریک گوشہ موجود ہوتا ہے جو نسبتاً تاریک یا بے رونق سا معلوم ہوتا ہے۔اس جگہ اگر آپ آئینہ نصب کرتی ہیں تو کمرے کی جاذبیت بڑھ جاتی ہے۔عام طور پر مختصر رقبے کے مکانات یا فلیٹوں کی آرائش کے لئے آئینے ہی موٴثر دفاعی ہتھیار ہوتے ہیں کیونکہ ان سے کمروں میں کشادگی کا تاثر ملتا ہے تاہم چند نکات پیش نظر رہنا ضروری ہیں مثلاً
کھڑکیوں کے آس پاس بیرونی مناظر
اگر کھڑکی کے قریب آئینہ آویزاں کریں تو مقابل دیوار،راہداری یا باہر کا منظر آئینے سے جھانکتا بھلا لگے گا۔
اگر آئینہ دیوار کی پشت سے لگا کر کھڑا کر دیں تو چھت پر لگے فانوس کو فوکس کرے گا اور روشنیاں جلنے پر ہر شے منور ہوتی ہوئی اچھی لگے گی۔یہ قدم آدم آئینے جو دیوار سے ملحق کرکے رکھے جاتے ہیں راہداریوں ہی میں زیادہ بھلے معلوم ہوتے ہیں۔کچھ گھروں میں راہداریاں کشادہ مگر کچھ گھروں یا فلیٹوں میں تنگ جگہ پر مشتمل ہوتی ہیں اس لئے یہاں رکھا جانے والا فرنیچر بھی کم جگہ گھیرنے والا ہو تو بہتر ہے۔
آئینوں کے فریم اگر چوڑے اور موٹائی لئے ہوں گے تو آنے جانے والوں کو زحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔اگر راہداری کے علاوہ کہیں اور قدرتی مناظر کی عکاسی کرتے آئینے نصب کئے جائیں تو فینگ شوئی کے اصولوں کے عین مطابق یہ آرائش بھی اچھی لگے گی۔
سادہ اور دلکش فریم والے آئینے
یہ آئینے مختلف دھاتوں،کھڑکی اور پلاسٹک کے فریموں میں نظر آئیں گے۔
یہ جتنے بڑے اور وسیع حجم کے ہوں گے اس قدر کمرے روشن اور کشادہ نظر آئیں گے۔وسعت نظری کی تعریف پر پورا اُترنے والے یہ آرائشی آئینے ہمارے گھروں کی ویرانگی زائل کرنے کی خوبی رکھتے ہیں۔کشادگی اور رونق ہماری طبیعتوں میں سرائیت کرنے والی پژمردگی اور افسردگی کو ختم کر دیتی ہے۔چاندی سے بنائے جانے والے فریموں کا سرا قدیم مشرقی تہذیب سے جوڑا جاتا ہے۔
گئے وقتوں کی تہذیبی اقتدار،منقش آئینوں جڑے مختلف دھاتوں سے آراستہ یہ فریم ازخود آرٹ کا نمونہ ہوتے ہیں۔صرف برصغیر ہی نہیں مصر،سنگاپور،ملائیشیا،ایران،اٹلی اور مشرقی ایشیا کے کئی ملکوں میں یہ آرائشی جڑاؤ آئینے دستیاب ہوتے ہیں۔
آرٹ کے نمونے اور تصاویر کا خوبصورت متبادل
تجریدی،مغلیہ،جدید انسٹالیشن اور اسٹل تصاویر ہر چیز کے دام بڑھ گئے ہیں ایسے میں یہ آرائشی آئینے حد نگاہ تک وسعت مہیا کرکے ان تصاویر کا خوبصورت متبادل ہو سکتے ہیں۔
یہ قیمتاً ارزاں بھی ہوتے ہیں۔اگر آپ گھر کے دو کمروں میں تصاویر آویزاں کرکے ایک کمرے میں آئینہ لگاتی ہیں تو ماحول کی انفرادیت نہایت پُرتاثر اور دلفریب ہو گی۔آئینہ خوبصورت فریم کا ہو تو یہ اپنی جگہ پر آرٹ کا نمونہ ہوتا ہے اور یہی تو ہے جمالیاتی جذبے کی تسکین کا وہ لمحہ جب آپ کی روح تک سرشار ہو جائے اپنے ہی گھر میں قدم رکھتے ہوئے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Araishi Aaine" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.