Bachon Ke Kamre Ki Sajawat - Article No. 2812

Bachon Ke Kamre Ki Sajawat

بچوں کے کمرے کی سجاوٹ - تحریر نمبر 2812

بچوں کے کمرے کی سجاوٹ اس انداز سے ہونی چاہیے جو ان کی حس جمالیات کو تسکین پہنچائے

منگل 15 فروری 2022

آمنہ ماہم
دلکش انداز میں سجا ہوا گھر خاتون خانہ کے اعلیٰ ذوق کی عکاسی کرتا ہے۔ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر دوسروں سے خوبصورت اور منفرد نظر آئے۔بعض اوقات چیزوں کی سیٹنگ تبدیل کرکے بھی گھر کو سجایا جا سکتا ہے۔گھر میں سب سے اہم کمرہ بچوں کا ہوتا ہے۔اس کمرے کو خوبصورتی سے سجا کر بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

بچوں کا کمرہ سجاتے وقت ان کی عمر اور دلچسپیوں کو مدنظر رکھنا بہت ضروری ہے۔چھوٹی عمر میں بچے رنگوں کو بہت پسند کرتے ہیں اس لئے ان کا کمرہ سجاتے وقت مناسب رنگوں کا استعمال کرنا اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔کوشش کریں کہ ان کے کمرے میں نہ زیادہ تیز رنگ استعمال کئے جائیں اور نہ ہی بالکل مدھم۔

(جاری ہے)

بچوں کا کمرہ اس انداز سے سجائیں کہ وہ اس کے اندر پُرسکون محسوس کریں۔

کمرے کی دیواروں کو بچے کے پسندیدہ کارٹونز سے سجائیں۔اس مقصد کے لئے پھول اور تتلیوں کے چارٹ بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں۔چھت کا رنگ ہلکا آسمانی ہونا چاہیے۔
کمرے کے اندر بچوں کے پسندیدہ کھلونے وغیرہ رکھنا ہر گز نہ بھولئے۔یہ بات ذہن میں رکھئے کہ بچوں کی پسند وقت کے ساتھ بدلتی رہتی ہے اس لئے بچوں کی پسند کو اولین ترجیح دیجئے اس لئے بچوں کے کمرے کی سجاوٹ میں وہ چیزیں استعمال کیجئے جنہیں آسانی کے ساتھ بدلا جا سکے۔
بچوں کے کمرے میں بیڈ بہت اہم آئٹم ہوتی ہے بچوں کا بیڈ نرم اور پُرسکون ہونا چاہیے۔یہ زمین سے زیادہ اونچا نہ ہو۔اس پر کُشن وغیرہ رکھے ہوں تاکہ بچہ کمرے میں خود کو پُرسکون محسوس کرے۔بیڈ کا رنگ ایسا ہونا چاہیے جو کمرے کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ بچے کو بھی پسند ہو۔ایسے بیڈ کا انتخاب کیجئے جس سے کمرہ کشادہ نظر آئے۔بچوں کے کمرے کے فرش پر بھی بھرپور توجہ دیجئے۔
فرش پر چیزیں اس انداز سے رکھی جائیں کہ اسے صاف کرنے میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔کمرے کے فرش پر خوبصورت کارپٹ بچھایا گیا ہو تو اسے باقاعدگی سے صاف کریں کیونکہ کارپٹ میں جمع ہونے والی دھول اور مٹی بچے کو الرجی میں مبتلا کر سکتی ہے۔
بچوں کے کمرے کی سجاوٹ کرسیوں اور میز کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔آج کل بازار میں ان کے بے شمار دیدہ زیب ڈیزائن دستیاب ہیں۔
بچوں کے کمرے کے لئے کرسیاں اور میز خریدتے وقت ان کی پائیداری اور رنگوں کو اہمیت دیں۔بچوں کے استعمال کے لئے تھوڑی سی بڑی میز خریدیں تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اس پر کام وغیرہ کر سکیں۔اس کے علاوہ خوبصورت وال کلاک اور بیڈ لیمپ بھی کمرے کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔اگر بچوں کے کمرے میں اٹیچ باتھ ہو تو اس کی سجاوٹ پر بھی ضرور توجہ دیں۔اس کی صفائی باقاعدگی سے کریں ورنہ جراثیم کی وجہ سے بچہ بیمار ہو سکتا ہے۔بچوں کو بہت سی بیماریاں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے لاحق ہوتی ہیں۔باتھ روم کے دروازے کے ساتھ میٹ ضرور رکھیں بصورت دیگر بچہ پھسل سکتا ہے۔بچوں کے کمرے کی سجاوٹ اس انداز سے ہونی چاہیے جو ان کی حس جمالیات کو تسکین پہنچائے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Bachon Ke Kamre Ki Sajawat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.