Bawarchi Khana Sajawat Chahta Hai - Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

باورچی خانہ سجاوٹ چاہتا ہے - گھر کی آرائش

جمعرات 7 اکتوبر 2021

Bawarchi Khana Sajawat Chahta Hai
باورچی خانہ ہماری مسحور کن ریاست ہوتی ہے۔خواتین ہی نہیں کئی مرد حضرات بھی جو کوکنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ وقت نکال کر کوئی نہ کوئی تجربہ کرتے ہیں اور اس میں انا کا کوئی مسئلہ بھی نہیں ہونا چاہئے۔ترقی یافتہ اور بدلتے ہوئے دور میں کیا مرد اور کیا عورت سب ہی ایک صحت مند سرگرمی کے طور پر کھانا تیار کرنے لگے ہیں مگر آج ہم آپ کو ان سطور میں باورچی خانے کی آرائش، زیبائش کے چند نکات بتانے جا رہے ہیں تاکہ اس کمرے میں قدم رکھتے ہی آپ کو جمالیاتی حسن متاثر کرے اور آپ کا دھیان اچھا سا کچھ تحریر کرنے میں لگے۔


سب سے پہلے صفائی پر دھیان دینا ضروری ہے۔روزانہ کی بنیاد پر درازوں،کیبنٹس اور برتنوں کی الماری اور چولہے کی صفائی کر لینی چاہئے ۔اس طرح آپ کو خراب،میلی کچیلی اشیاء کا پتا چلتا ہے اور آپ ایک ایک چیز کو جراثیم کش مائع (ڈیٹول) سے صاف کرکے رکھ دیں گی تو حشرات پیدا نہیں ہوں گے اور جو ہوں گے ان کا صفایا ہوتا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہمیشہ خشک برتنوں کو کیبنٹس میں رکھیں تاکہ نمی سے لکڑی متاثر نہ ہو۔


کچی سلیب کھانا پکانے کے بعد ہاتھ کے ہاتھ صاف کر لینی چاہئے۔آپ کے پاس اس مقصد کے لئے دھلی دھلائی صافی موجود ہو تو ڈٹرجنٹ مائع سے اسفنج کے ساتھ پہلے کھانے کے نشانات وغیرہ صاف کر لیں۔پھر اس سلیب پر گلاس جار،کٹلری کا سیٹ،کوئی چھوٹا سا پودا جو سرامک کے واز میں ہو یا کین سے بنی ٹوکری میں پلاسٹک یا کپڑے کے مٹیریل سے سجا ہوا گلدستہ ہو رکھ سکتی ہیں مگر اشیاء کا بھر مار نہ کیجئے ۔

سبزی،ہریالی اور پھول اصلی ہوں یا نقلی،بیمبو ہو یا منی پلانٹ یہ اس کمرے کے درجہ حرارت کو معتدل رکھ سکتے ہیں اور تازگی کے ساتھ ساتھ سکون بخش احساس بھی ہوتا ہے۔
آپ فریج کے اوپر کسی بوتل میں منی پلانٹ لگا کر بھی رکھ سکتی ہیں اور سلیب کے ایک کونے میں اخبار یا کتب رکھنے کے چھوٹے ریک میں بک بھی رکھ سکتی ہیں ہماری اشاعتوں کی مدد سے یہ برسہا برس ہونے کو آرہے ہیں خواتین استفادہ کر رہی ہیں۔

ہماری شرعی اور مسلمان بہنیں رمضان شریف شروع ہونے سے پہلے کڑاہی،چمچے،فرائنگ پین،مگ،گلاسز اسی طرح برتنوں کی شکل میں اور چیزیں بدلتی ہیں۔یہ اچھی عادت ہے اس طرح آپ کا کچن از سرنو نیا سا لگتا ہے۔
آپ اپنے باورچی خانے میں (اگر وہ لاؤنج سے ملحقہ نہیں یا وسطی حصے سے ہٹ کر ہے)رنگ و روغن کرتے وقت ہلکے رنگ کا انتخاب کریں گی تو اس طرح مختصر رقبے کا باورچی خانہ بھی کشادہ نظر آتا ہے۔


اگر باورچی خانے میں کوئی کھڑکی ہے تو اس کی جھاڑ پونچھ کیا کیجئے اور اس پر لگائے جانے والے پردے بدلتی رہا کریں۔اگر سلائیڈنگ دروازوں والی کھڑکی ہے تو اس پر دودھیا سفید یا ہلکے رنگ کے گلاس پیپر لگا کر انہیں گرد و غبار سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
اوپن کچن میں آرائش اور صفائی دونوں اقدامات توجہ سے ہونے چاہئیں۔آپ سلیب کی ایک جانب دو یا تین اسٹولز اور موونگ چیئرز رکھ کر اسے بطور کھانے کی میز بھی استعمال کر سکتے ہیں۔


تازہ پھلوں کو فریج میں رکھنے کے بجائے خوبصورت کرسٹل کی پلیٹ یا طشتری میں سجا کر رکھ دیں گے تو اس طرح باورچی خانے میں رونق سی آجاتی ہے۔باورچی خانے میں پکاتے وقت کوئی پلاسٹک کی شیٹ یا رگ نہیں ہونی چاہئے تاکہ فرش پر کھانے کے ذرات وغیرہ گریں تو ان کی صفائی آسانی سے ہو جائے سفید دودھیا رنگ کی ٹائلوں میں بلاکی نفاست اور کشادگی ہو گی ہے اور یہ باآسانی صاف بھی ہو جاتی ہیں ۔بس یہ دھیان رہے کہ رات کو کھانے کی کوئی چیز فریج سے باہر سلیب پر نہ رکھی رہنی چاہئے تاکہ حشرات اگر ہوں تو وہ آپ کی غذاؤں کو آلودہ نہ کریں۔فرش پر جراثیم کش محلول سے پونچھا لگا دیا جائے تو باورچی خانہ محفوظ ہو جاتا ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-10-07

Your Thoughts and Comments

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Bawarchi Khana Sajawat Chahta Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.