Cooking Or Ghardari Ke Rehnuma Usool - Article No. 2070

Cooking Or Ghardari Ke Rehnuma Usool

کوکنگ اور گھرداری کے رہنما اصول - تحریر نمبر 2070

آج کل بچوں کو اسٹیک کھانے کا شوق ہو گیا ہے لہٰذا میں گھر پر اسٹیک بناتی ہوں بس دشواری یہ ہے کہ اسٹیک پکنے کے بعد سکڑ جاتا ہے

جمعرات 16 مئی 2019

آج کل بچوں کو اسٹیک کھانے کا شوق ہو گیا ہے لہٰذا میں گھر پر اسٹیک بناتی ہوں بس دشواری یہ ہے کہ اسٹیک پکنے کے بعد سکڑ جاتا ہے اور سخت رہتا ہے کیا اسے بازار کے اسٹیک کی طرح نرم بنایا جا سکتاہے۔
ماہین خان ․․․کوٹری
جی ہاں کیوں نہیں اس مقصد کے لئے آپ اسٹیک کے لئے جو گوشت کے پارچے استعمال کرتی ہیں انہیں پونڈر کی مدد سے کوٹ لیا کریں پونڈر ہتھوڑی کی شکل کا ایک اوزار ہے جو کوکنگ کے سامان کی دکانوں پر با آسانی دستیاب ہے اور اگر آپ کے پاس پونڈر موجود نہ تو روٹی بیلنے والے لکڑی کے بیلن کی مدد سے یہ کام با آسانی ممکن ہے اس کا طریقہ یہ ہے کہ ایک صاف ستھرا ململ کا کپڑا لے کر اسے سفید سرکہ میں بھگو لیں اب اسے پھیلا کر اس پر گوشت کا پارچہ رکھیں اور پارچہ کو ململ کے اسی رومال سے ڈھانپ لیں اب بیلن کی مدد سے نرمی کے ساتھ پارچے کو ہلکا ہلکا کوٹیں پھر اس کارخ تبدیل کردیں ململ میں لپٹے ہوئے ہونے کی وجہ سے آپ با آسانی اسے الٹ سکتی ہیں دونوں جانب سے کوٹنے کے بعد اسٹیک پر حسب پسند اجزاء مل کر میرینیٹ کرلیں اور جب یہ میرینیٹ ہو جائے تو پکائیں ۔

(جاری ہے)

اسٹیک نرم بنے گا اور اس کا گوشت سکڑنے سے بھی محفوظ رہے گا۔
آلو بھرے پراٹھے بیلتے ہوئے پھٹ جاتے ہیں اور آلو کا بھرتہ پراٹھوں کو تلنے کے دوران باہر آجاتا ہے اور توے پر جل جاتا ہے مجھے کیا کرنا چاہئے کہ ایسا نہ ہو۔
عنبرین باجوہ․․․حیدر آباد
بھرتہ بنانے کے لئے آلو چھیل کرموٹے سلائس کی شکل میں کاٹ لیں اور پھر ابالیں عموماً خواتین سالم آلو مع چھلکوں کے ابالنے رکھ دیتی ہیں اور پھر آلودیر میں گلتے ہیں اور ان کا اوپری حصہ زیادہ گل جاتا ہے نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بھرتا اچھا نہیں بنتا اور اس میں آلو کے ٹکڑے موجود رہتے ہیں اور سالم آلو سے تیار کئے گئے بھرتے ہیں چپچپاہٹ بھی بہت زیادہ ہوتی ہے ۔
یعنی کہ بھرتا بالکل یکساں پیسٹ کی شکل کا بنائیں ۔
دوسری وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ پراٹھوں کا آٹانرم گوندھا گیا ہو یا پھر بیلنے کے دوران بیلن پر ہاتھوں کا وزن زیادہ پڑے۔آلو بھرے پراٹھوں کو بہت ہلکے ہاتھوں سے بیلا جاتا ہے اور آہستہ آہستہ پھر بھی دشواری ہوتو آپ یہ کریں کہ ایک پراٹھے کے لئے دو پیڑے بنائیں ۔ہر پیڑے کو اتنا بیلیں جتنا کہ تیار پراٹھے کا سائز درکار ہو اب ان میں سے ایک بیلے ہوئے پیڑے پر آلو کے بھرتے کی پتلی سی تہہ لگائیں کنارے خالی رہنے دیں اور ان پر پانی میں بھگو کر انگلیوں کی مدد سے معمولی پانی لگا کر بیلا ہوا دوسرا پیڑا بچھا دیں کناروں کو نرمی سے پریس کردیں تاکہ پراٹھے کی دونوں تہیں اچھی طرح چپک جائیں اسے زیادہ بیلنے کی ضرورت نہیں پڑتی ہلکا سابیل کرتل لیں بہت صفائی سے اور عمدہ آلو بھرنے پراٹھے تیارہوں گے۔

میں نان اسٹک کڑاہی میں چکن کڑاہی بناتی ہوں لیکن اس میں بھی مصالحہ چپک جاتا ہے اسے دھونا مشکل ہو تا ہے کیونکہ سخت جونان اسٹک برتنوں کو دھونے کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا ۔
رخسانہ شیخ․․․سکھر
استعمال کے بعد اپنی نان اسٹک کڑاہی میں گرم پانی بھر کر بھگو دیا کریں 15-20منٹ بعد اسفنج کی مدد سے ملیں کڑاہی میں چپکا ہوا تمام مصالحہ با آسانی نرم ہو کر علیحدہ ہو جائے گا اب معمول کے مطابق کڑاہی کو معیاری لیکوئیڈ ڈش واش اور اسفنج کی مدد سے دھو کر خشک کرلیں ۔
اس میں بھگو نے کے لئے درکار وقت تو ضرور لگے گا لیکن آپ کی کڑاہی خراب نہیں ہو گی برتن دھونے کے بار میں باریک باریک لیکن سخت ذرات موجود ہوتے ہیں جو کہ نان اسٹک برتنوں کی سطح پر نہایت ہلکی ہلکی خراشیں پیدا کر دیتے ہیں اور ان میں کھانا چپکنے لگتا ہے یوں یہ برتن جلدی خراب ہوجاتے ہیں اور ضائع کرنے پڑتے ہیں لیکوئیڈ ڈش واش اور اسفنج کے استعمال میں ایسا کوئی خطرہ نہیں ہوتا یہی بہترین طریقہ ہے۔

میں گھر پر سادہ کیک بناتی ہوں جو کہ شام کی چائے کے ساتھ بہت پسند کیا جاتا ہے اس میں انڈوں کی سفیدی اور زردی کو علیحدہ کرنا ہوتا ہے اکثر کیا ہوتا ہے انڈہ توڑ کر باؤل میں ڈالتے ہی ذردی پھیل کر سفیدی میں مل جاتی ہے ایسا کیوں ہوتا ہے اور اس کا کیا حل ہے۔
شکیلہ واحد ․․․دادو
اگر انڈہ پرانا ہو گا یا خراب ہو چکا ہو گا تو اس کی ذردی سفیدی میں مل جائے گی ۔
لہٰذا تازہ انڈے استعمال کریں اور انڈوں کی ذردی اور سفیدی کو علیحدہ کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ انڈوں کو رات بھرفریج میں رکھیں اور پھر انڈے کو باؤل میں کریک کریں اس طرح ذردی جڑی رہتی ہے اور آپ با آسانی اسے سفیدی سے علیحدہ کر سکیں گی یہاں ایک بات کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے اور وہ یہ کہ فریج کے رکھے ہوئے انڈوں سے کیک اچھا نہیں بنتا۔
لہٰذا فریج کے رکھے ہوئے انڈوں کی ذردی اور سفیدی کو علیحدہ کرنے کے بعد اتنی دیر انتظار کریں کہ ان کا درجہ حرارت کمرے کے درجہ حرارت کے برابر ہو جائے یعنی کے ٹھنڈے انڈے فوری استعمال نہ کریں۔
میرے پاس منی پلانٹ کے کئی گملے ہیں لیکن ان میں سے چند گملوں میں منی پلانٹ کی جڑیں گل گئی ہیں اور بیلیں مرنے لگی ہیں کیا کروں۔
عابدہ غفور ․․․میر پور خاص
گملوں کے لگے ہوئے پودوں میں اکثر ایسا ہونے لگتا ہے اور اس کی وجہ ضرورت سے زیادہ پانی دینا ہے گملوں میں اس وقت پانی دیں جب ان کی مٹی خشک ہو جائے تمام کی تمام نہیں بلکہ اوپری سطح سے ایک ڈیڑھ انچ نیچے تک کی مٹی خشک ہو جانے پر پانی دیں نیز اس بات کو یقینی بنائیں کہ گملے میں موجود پانی کی نکاسی کے لئے بنا ہوا سوراخ بند نہ ہوگیا ہو کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تھوڑی تھوڑی مٹی بہہ کر اسے بند کر دیتی ہے اور یوں پودوں کو دیا جانے والا پانی گملے میں جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے پودوں کی جڑیں گل جاتی ہے اور پودا مرجاتا ہے لہٰذا اسے پودوں کو گملے سے نکال کر گملے کے سوراخ پر ٹھیکری لگائیں اور پودے کو دوبارہ گملے میں لگا دیں۔

مہینے میں کم از کم ایک مرتبہ جب پودوں کی مٹی خشک ہو چکی ہوتو کسی نوکدار چیز سے مٹی کی گوڈی کر دیا کریں خیال رکھیں کہ بہت گہرائی تک گوڈی نہ کی جائے بلکہ گملوں کی مٹی کی اوپری سطح سے ایک انچ یا ڈیڑھ انچ تک گوڈی کریں اور پھر اگلے روز پودوں کو پانی دیں اس طرح غیر ضروری جڑی بوٹیاں بھی تلف ہو جاتی ہیں اور جڑوں کو تازہ ہوا بھی ملتی ہے اور ہاں عام خیال ہے کہ منی پلانٹ کو زیادہ پانی دینا چاہیے یہ بالکل غلط ہے ۔
البتہ اس کے پتوں کو پانی کا اسپرے روزانہ کرنا چاہئے لیکن ہلکا ہلکا گرمیوں میں دو سے تین مرتبہ بھی اسپرے کردیں تو ٹھیک ہے لیکن اس کی مٹی میں زیادہ پانی نہ دیں۔
میں نے شلجم کا اچار ڈالا ہے جو پانی میں ڈالتے ہیں اس میں کٹھاس پیدا نہیں ہوئی اس کے لئے کیا کروں۔
نبیلہ مختار ․․․ٹنڈوجام
شلجم کا اچار ڈالنے کے لئے کچھ باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے شلجم چھیل کر سلائس کاٹ لیں پھر انہیں دھو کر گرم پانی میں ابالیں اور ٹرے یا تھالی میں اچھی طرح خشک ہونے دیں ذراسی بھی نمی باقی نہ رہے ۔

اس کے بعد مصالحہ لگائیں اور چند روز خشک ہونے دیں جب مصالحہ لگے شلجم خشک ہو جائیں گے تو ان میں سے تیار اچار کی مہک پھوٹنے لگے گی اس مرحلے پر تھوڑا سا گڑیا چینی ملا کر پانی ابالیں اور اچھی طرح ٹھندا ہو جائے تو پھر شلجم شامل کریں ۔اچار خوب کھٹا بنے گا۔آپ کا اچار چونکہ تیار ہے لہٰذا تھوڑا سا گڑ کا پانی پکا کر ٹھنڈا کرکے اس میں ملا دیں اور ایک دودن بعد استعمال کریں ۔
آدھا لیٹر پانی میں ایک چائے کے چمچ کے برابر کوٹا ہو اگڑ کافی رہتا ہے ۔
آج کل لہسن کی پوتھیاں بہت جلدی خراب ہوجاتی ہیں ان میں باریک باریک کیڑے ہو جاتے ہیں ۔لہسن کو کیسے محفوظ کیا جائے۔
حبیبہ مشتاق․․․فیصل آباد
جی ہاں آپ نے درست فرمایا بعض اوقات لہسن جلدی خراب ہوجاتا ہی اس کا ایک حل تو یہ ہے کہ ایک مرتبہ میں بہت زیادہ لہسن نہ خریدیں اور اگر مجبوری ہے تو پھر آپ تمام لہسن کو چھیل کر بلینڈر میں تھوڑے سے پانی ،نمک اورکوکنگ آئل کے ساتھ پیس لیں اور اس آمیزے کو آئس کیوب ٹرے میں جما کر لہسن کے ان کیوبز کو اےئر ٹائٹ جار میں منتقل کرکے فریزر میں رکھیں۔
یوں لہسن ضائع بھی نہیں ہو گا اور کھانا پکاتے وقت آپ کو سہولت بھی رہے گی۔
مٹر کے دانوں کو فریز کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
ناہید بلوچ․․․ملتان
مٹر کے دانوں کو فریز کرنے کے لئے انہیں اچھی طرح دھو کر صاف کرلیں ان پر نمک اور سفید سر کہ چھڑ ک دیں ایک کلو دانوں پر 1/4چائے کا چمچ نمک اور ایک چائے کا چمچ سفید سرکہ کافی ہو گا۔اب اچھی طرح مکس کرنے کے بعد تھوڑی دیر ہوا میں رکھیں اور پھر پیکٹس بنا کر فریز کرلیں۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Cooking Or Ghardari Ke Rehnuma Usool" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.