Feng Shui - Araish Ka Sehat Bakhsh Tasawwur - Article No. 3123

Feng Shui - Araish Ka Sehat Bakhsh Tasawwur

فینگ شوئی ․․․ آرائش کا صحت بخش تصور - تحریر نمبر 3123

اندرون آرائش کے ماہرین توانائیوں کا موثر استعمال کرتے ہیں

ہفتہ 29 اپریل 2023

جویریہ ملک
فینگ شوئی کے ذریعے گھر کی تزئین ایک خاصا موثر طریقہ آرائش ہے جو نہ صرف گھر میں ظاہری تبدیلی لاتا ہے بلکہ گھر کے ماحول اور یہاں رہنے والوں کے موڈ اور نفسیات پہ بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔فینگ شوئی کا مقصد ایک ایسے گھر کی آرائش کرنا ہے جو صحت بخش دوستانہ ماحول اور محبت کا گہوارہ نظر آئے۔غرضیکہ ہوم سویٹ ہوم کا فقرہ یہاں صادق ٹھہرتا ہو۔
فینگ شوئی میں استعمال ہونے والی منفرد اور خوبصورت آرائشی ٹپس روایتی آرائشی انداز سے تھوڑی مختلف ہیں جن کو اپناتے ہی ایک حسین آرائش شدہ گھر آپ کے لئے مثالی ثابت ہو گا۔اس طرز کی آرائش دراصل مسرت اور ہم آہنگی کا ارتعاش جگاتی ہے۔
یہ ضروری نہیں کہ فینگ شوئی سے مراد چائنیز طرز کا Zen.Type گھر ہی ہو بلکہ اس کا مطلب ایک ایسے ماحول کی تخلیق عمل میں لانا ہے جہاں کسی خاص فعل کی انجام دہی کی غرض سے کسی مخصوص جگہ پر بہترین توانائی پیدا کی جا سکے۔

(جاری ہے)


اگر آپ آفس کی آرائش کے بارے میں سوچ رہی ہیں تو وہاں کامیابی کے حصول کی غرض سے مرتعش اور موثر توانائی کا ہونا ضروری ہے جبکہ اگر بات خواب گاہ کی ہے تو وہاں حسیات پر منحصر پرسکون توانائی کی موجودگی لازم ہے۔
فینگ شوئی کے بنیادی اصول پر عمل کرتے ہوئے آپ مختلف توانائیوں کو یکجا کر سکتے ہیں۔
فینگ شوئی کے اصول کے تحت سجاوٹ کا پہلا مرحلہ اصل آرائشی عمل سے پہلے ہی شروع ہو جاتا ہے۔
اس کے لئے ضروری ہے کہ سب سے پہلے گذشتہ توانائی کا خاتمہ کیا جائے اور ایک واضح اور مضبوط بنیاد بنائی جائے اور تمام غیر ضروری اشیاء کا صفایا کیا جائے کیونکہ بکھرے ہوئے گھر کی سجاوٹ کا کوئی جواز نہیں بنتا خصوصاً فینگ شوئی کے اعتبار سے صفائی کے عمل سے فارغ ہو کر اب آپ فینگ شوئی کے ذریعے سجاوٹ کا آغاز کر سکتی ہیں جس کے پانچ اہم مراحل درج ذیل ہیں۔

مناسب ہوا دار اور روشن فضا
سب سے پہلے تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے گھر میں معیاری روشنی اور ہوا کا گزر ہو۔یہ دونوں عناصر نہایت اہم ہیں ایک بہتر Chi یا ایک مثبت توانائی کی حامل فینگ شوئی سجاوٹ کے لئے۔اس لئے اگر آپ ابتدائی کاموں سے فارغ ہو چکی ہیں یعنی آپ کا گھر صاف ہے اور وہاں روشنی اور ہوا کا گزر ہے تو فینگ شوئی کے ذریعے سجاوٹ کی طرف پہلا قدم بڑھا سکتی ہیں۔

ہر سمت کا صحیح مصرف
آپ کے گھر کا حدود اربعہ اور چاروں سمتیں ایک بہترین پلان یا نقشے کی طرح آپ کی رہنمائی کر سکتی ہیں مثلاً آپ کو کسی مخصوص کمرے کے لئے کس رنگ کا انتخاب کرنا چاہئے،کس طرح کی تصاویر آپ کے گھر کے لئے بہتر رہیں گی،فرنیچر کے لئے صحیح جگہ کا انتخاب تاکہ بہتر توانائی کا گزر ہو سکے۔اصلی فینگ شوئی سجاوٹ کے لئے سمتوں کی سائنس کو سمجھنا بہت ضروری ہے لہٰذا دھیان رہے کہ یہ مرحلہ نظر انداز نہ ہو۔

رنگوں کا انتخاب
فینگ شوئی سجاوٹ میں رنگوں کا انتخاب کس انداز میں کیا جائے یہ نکتہ بھی بہت اہم ہے۔من پسند نتائج کے حصول اور اپنے اطراف مختلف توانائیوں کے تبادلے کے لئے رنگ کافی طاقتور ذریعہ ہیں۔بہترین سجاوٹ کے لئے صحیح طور پر رنگوں کا چناؤ خاصا توجہ طلب کام ہے۔آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ نیلا رنگ آپ کے بیڈ روم کے لئے اچھا رہے گا یا سرخ رنگ زیادہ بہتر تاثر پیش کر دے گا؟
فینگ شوئی کی مخصوص اشیاء
فینگ شوئی سجاوٹ کے حساب سے ڈیزائن کردہ مخصوص اشیاء کونسی ہیں۔
یہ جاننا بہت ضروری ہے۔ہو سکتا ہے ان میں کچھ اشیاء آپ کے پاس پہلے ہی موجود ہوں اور اگر نہ ہوں تو انہیں حاصل کر کے اپنی فینگ شوئی سجاوٹ کا حصہ بنا سکتی ہیں۔ایک خوبصورت سا چھوٹے سائز کا جھرنا،کچھ دلچسپ فینگ شوئی فن پارے،بدھا کی تصویر یا چھوٹی سی مورتی آپ کے گھر کا ایک پرسکون تاثر پیش کرے گا۔ضروری نہیں کہ Zen طرز کی جگہ بنانے کے لئے اسے خوب بھڑکیلا بنا دیا جائے بلکہ اس کے ذریعے مخصوص اشیاء جیسے فینگ شوئی سے متعلق اشیاء سے آپ اپنے گھر کو مزین کر سکتے ہیں۔
مسلم ملکوں میں مذہبی اقدار اور ثقافت کو ملحوظ خاطر رکھ کر کرسٹلز،موم بتیاں،فن خطاطی،مصنوعی پودوں،تازہ انڈور پلانٹس،مور کے پروں اور تصاویر کا انتخاب کر سکتی ہیں۔
مخصوص اشیاء کی صحیح جگہ کا تعین
اگر آپ چھوٹے سائز کا نگینے جڑا پانی کا جھرنا لے آئی ہیں تو اگلا کام جو آپ کو کرنا ہے وہ ہے اس کے لئے صحیح جگہ کا تعین۔
سب سے پہلے آپ اپنے گھر کی سمتوں کو ذہن میں رکھیں اور ان اشیاء کو ایسی سمتوں میں رکھیں جو آپ کے لئے بہترین یا خوش قسمتی کا سبب بنے۔جب آپ اپنے گھر کی آرائش اس انداز سے کرنے کے لئے پلان کریں تو ضروری ہے کہ آپ اپنے پورے گھر یا اپارٹمنٹ کو ذہن میں رکھیں۔ساتھ ہی آپ کو گھر کے ہر حصے کو انفرادی طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ گھر کا کوئی حصہ توانائی سے محروم نہ رہے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Feng Shui - Araish Ka Sehat Bakhsh Tasawwur" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.