Feng Shui - Musbat Tawanai Ka Muasar Zariya - Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

فینگ شوئی․․․مثبت توانائی کا موٴثر ذریعہ - گھر کی آرائش

پیر 9 اگست 2021

Feng Shui - Musbat Tawanai Ka Muasar Zariya
فطرتی مظاہروں سے ملنے والی توانائی انسانی صحت،مزاج،رویوں اور طرز فکر پر اثر انداز ہوتی ہے۔گھروں کی تعمیرات میں جمالیاتی ذوق ہی کارفرما نہیں رہنا چاہئے بلکہ سائنسی ترتیب بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
انسان کے جسم میں توانائی کی لہریں موجزن رہتی ہیں۔یہ برقی رو ہمارے جذبوں،خیالات اور عقائد پر بھی مبنی ہے۔ہمارے جسم کی منفی، مثبت لہریں اردگرد کے ماحول اور لوگوں کو متاثر کرتی ہیں۔

یہ توانائی Chi Energy کہلاتی ہے۔اسی طرح گھر کے ماحول سے بھی ملنے والی توانائی کے بہتر استعمال کا فن فینگ شوئی کہلاتا ہے۔یہ علم گھروں کو مثبت توانائی کے حصول اور منفی توانائی کو زائل کرنے کا کام کرتا ہے۔ یہ بہت زیادہ فرنیچر،سامان،اسٹور،الماریوں کو مثبت توانائی کی راہ میں رکاوٹ سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

فینگ شوئی کے نظریے کے مطابق گھروں میں مختصر سامان،کھلے اوور ہوا دار کمروں،ہریالی بڑھانے اور روشنی کے قدرتی بہاؤ پر توجہ دینی چاہئے۔

قدرتی روشنی کا بہاؤ اور دن کے بیشتر حصے میں دھوپ کے استعمال پر زور دیتا ہے۔چین اور جاپان میں گھروں کی تعمیر کاغذی نقشے سے لے کر انفراسٹرکچر کی تعمیر تک انہی نکات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔اگر آپ سمجھتے ہیں کہ فینگ شوئی تو ہمات کا علم ہے تو آپ غلطی پر ہیں۔قدیم یونان،اہل عرب،رومن ماہرین تعمیرات بھی اپنی عمارت سازی میں ہوا،قدرتی روشنی اور پانی کی اہمیت دیتے آئے ہیں۔

یہ بھی کشادگی اور مثبت تاثر پیدا کرنے کے ذرائع پر عمل کرتے آئے ہیں۔
گزرگاہ اور داخلی راستوں کی اہمیت
گھر کی دہلیز اور یہ داخلی راستہ پرکشش ہونا اس لئے بھی ضروری ہے کہ اس سے آپ کی جمالیاتی حس جڑی ہوتی ہیں۔آپ اپنے گھر کو صاف،نمایاں،منفرد اور خوبصورت ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔یہ خواہش قطعی فریب نظر نہیں اور نہ ہی امارت کا اظہار ہے بلکہ یہ آپ کی جمالیاتی تسکین کا شاندار ذریعہ ہے۔

اس جگہ آپ اپنے من پسند پھولوں اور جڑی بوٹیوں کے چھوٹے چھوٹے گملے رکھ سکتے ہیں۔یہ گھر میں توانائی، وسائل،مثبت سوچ اور سکون بہم پہنچانے کا ذریعہ ہوتے ہیں۔
واٹر فیچر کی اہمیت
گھر میں کہیں نہ کہیں مچھلی گھر یا واٹر فیچر کے ذریعے مثبت توانائی کا مسلسل بہاؤ ممکن ہو سکتا ہے۔سفید اور سبز رنگ اہم ہیں۔مثبت توانائی کے حصول کے لئے رنگوں کی اپنی اہمیت ہے۔

درست رنگوں کا انتخاب اور استعمال کیا جانا چاہئے۔ویسے تو سرخ یا سرخی مائل،جامنی اور دودھیا جامنی اور سبز رنگ کی مختلف قدریں توانائی کا موجب بن سکتی ہیں مگر سفید رنگ جگہ کی گنجائش اور کشادگی کے احساس کو دو چند کرتا ہے۔سفید رنگ اگر مکمل طور پر نہ اختیار کیا جا سکے تو Ash white اور دوسرے دودھیا سفید رنگوں سے رنگی دیواریں بھی توانائی کا مظہر ہو سکتی ہیں۔


پھیلاوا سمیٹ لیں
پھیلا ہوا بے ترتیب گھر بیماریوں اور نحوست کا باعث ہو سکتا ہے۔گھر میں پرانی چپلیں ٹوٹی ہوئی،بے کار لوٹا اور دوسری دھاتیں،لکڑیاں اور بے کار دوسری اشیاء ضائع کر دینا بہتر ہے۔خاص کر سونے والے پلنگوں اور مسہریوں کے نیچے دھاتی مشینری اور پرانا سامان نہ رکھنے دیں انہیں ہاتھ کے ہاتھ ضائع کریں یا ضرورت کی چیز ہو تو اسے اسٹور روم میں رکھیں۔

کمروں میں غیر ضروری غالیچوں اور فرنیچر کی بھرمار نہ کریں۔چہل قدمی کے لئے گنجائش چھوڑیں۔
ہوا کی گزرگاہ اہمیت کی حامل ہے
اگر آپ روم کولر یا ایئرکنڈیشنر بھی استعمال کرتے ہوں تب بھی دن کے اوقات میں یہ سہولتیں استعمال نہ کی جا رہی ہوں تو کھڑکیوں کو کھولیں ،پردے ہٹائیں اور قدرتی روشنی اور دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔

یہ کمرے کو تازہ دم کرنے کی بھی ایک تدبیر ہے۔دھوپ آپ کے گھر سے منفی توانائی کو باہر نکال دیتی ہے۔آپ کو وٹامن D ملتا ہے اور تازہ ہوا درجہ حرارت معتدل کرتی ہے۔
سبزہ ہریالی اور باغیچے کی اہمیت
جب آپ کبھی اپنے بزرگوں اور بچوں کے ساتھ کسی پارک میں جاتے ہیں تو ان کے کھلے کھلے چہرے،مسکراہٹیں اور خوشی کا احساس آپ کے ذہن کی تھکان دور کر دیتا ہو گا۔

آپ خود بھی مسکراتے ہوں گے یہ ہے مثبت توانائی کا ان دیکھا حقیقت آمیز احساس!۔آپ اپنے گھر میں بھی اندرونی و بیرونی حصوں میں ہریالی اور سبزہ زار تخلیق کر سکتے ہیں بالکونی،ٹیرس میں کچھ بیلیں لگا کے،کچھ پودے رکھ کے مثبت توانائی کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں۔ایسی کاوشوں سے آپ کا موڈ بھی اچھا رہتا ہے۔تھکان کا اثر بھی غالب نہیں آتا اور گھر میں بھی توانائی کا اخراج ہونے لگتا ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-08-09

Your Thoughts and Comments

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Feng Shui - Musbat Tawanai Ka Muasar Zariya" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.