Ghar Ko Dein Kuch Naya Pan - Article No. 2922

Ghar Ko Dein Kuch Naya Pan

گھر کو دیں کچھ نیا پن - تحریر نمبر 2922

آج فرنچ کنٹری اسٹائل سے گھر سجائیں

جمعہ 8 جولائی 2022

ویسے تو ہم پاکستانیوں کے گھروں کو جدید مغربی اور قومی ثقافت کے نظرئیے سے آراستہ کرنے کی مثالیں نظر آتی ہیں۔ہم اپنے ملک کی روایتوں کے مطابق چاروں صوبوں کی پہچان کو نمایاں اہمیت دئیے ہوئے دیواری اور فرشی آرائش کیا کرتے ہیں۔ہمارے صوفوں اور کشنز سے لے کر غالیچوں تک اپنا دیسی اسٹائل نمایاں طور پر نظر آتا ہے تاہم کبھی کبھی ماحول بدلنے کے لئے طرز آرائش میں تبدیلیاں کرنی پڑتی ہیں۔
مثال کے طور پر آج آپ کو اس مضمون میں ہم آپ کو فرنچ کنٹری اسٹائل کے چند نکات بتاتے ہیں جو آپ کے گھر کو قدرے خوشنما اور پہلے سے منفرد بنا دیں گے۔
فرنچ کنٹری اسٹائل کیا ہے؟
یہ گھریلو سامان کی ایسی مخصوص آرائش ہے جس میں فرنیچر کے رنگ قدرے زنگ سے مشابہت رکھتا ہو اور نشستوں کا اہتمام آرام کے تصور سے کیا جائے۔

(جاری ہے)

شاہانہ طرز آرائش نہ ہو کھانے کی میز،کرسیوں،پردوں،روشنی کے ذرائع اور گھر کے دیگر سامان میں دودھیا،سفید اور بھورے رنگ کا استعمال کیا جائے۔

ساتھ ہی ساتھ کمرے کا رنگ بھی قدرے دودھیا ہو۔ہمارے آپ کے عام گھروں میں Solid لکڑی اور براؤن پالش کے ساتھ فرنیچر کی آرائش کی جاتی ہے جبکہ فرنچ کنٹری اسٹائل میں سفید اور قدرے آف وائٹ رنگوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ظاہر ہے کہ سفید رنگ کی شفافیت اس قدر وسیع ہوتی ہے کہ چھوٹے گھر بھی کشادہ نظر آتے ہیں۔
بستر کی چادروں کی آرائش
سونے کے کمرے کو پُرسکون تاثر دینے کے لئے یہاں گہرے رنگوں سے استفادہ نہیں کیا جاتا بلکہ دیدہ زیب تاثر دینے کے لئے سفید اور نیلے رنگ کے امتزاج سے چادریں،کشنز اور لحاف وغیرہ رکھے جاتے ہیں۔
زیادہ سے زیادہ اس کمرے میں رنگ آمیزی کے لئے Rustic رنگ کے کشنز رکھے جاتے ہیں وگرنہ بستر مکمل طور پر سفید چادروں سے آراستہ ہوتا ہے۔
فرنچ اسٹائل کے دروازے
اس طرز آرائش میں قدرتی روشنی کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنایا جاتا ہے۔یہاں خواہ وہ لاؤنج ہی کیوں نہ ہو دروازوں میں آر پار دیکھے جانے والے شیشوں کا استعمال کیا جاتا ہے اور دروازوں کی پالش براؤن کے بجائے سفید رنگ کے روغن سے کی جاتی ہے۔

کچن میں کاپر اور سفید پروسیلین کا امتزاج
اس مخصوص نظرئیے سے کچن کا فرنیچر یعنی کیبنٹس سفید رنگ کی ہوں گی۔اگر آپ مکمل سفید رنگ نہ اختیار کریں تو کریم،دودھیا نیلا یا دودھیا گلابی استعمال کر لیں اور پاکستان میں تو زیادہ تر اسٹین لیس اسٹیل یا نان اسٹک کراکری استعمال ہوتی ہے مگر فرنچ کنٹری اسٹائل میں کاپر کے رنگوں پر مشتمل برتنوں کا استعمال ہوتا ہے۔اگر ہم پاکستانی اور فرنچ کنٹری کی آمیزش کرنا چاہیں تو ہمیں سرامکس اور پروسیلین میں شاندار اور نفیس کراکری مل سکتی ہے۔برنیاں،جگ،پیالے،ٹریز،چائے کی پیالیاں سفید اور دودھیا رنگدار کچن میں رکھی ہوئی بہت اچھی لگتی ہیں۔غرضیکہ یہ اسٹائل آپ کے گھر کو اسٹائلش بنا سکتا ہے آپ آزما کے دیکھیں۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Ghar Ko Dein Kuch Naya Pan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.