Gher K Andar Intain - Article No. 2433

Gher K Andar Intain

گھر کے اندر اینٹیں - تحریر نمبر 2433

یہ جمالیاتی ذوق کے بہترین ترجماں ہیں

جمعہ 2 اکتوبر 2020

کسی سڑک پر گزرتے ہوئے شاید آپ کی نگاہ مختلف اینٹوں اور پتھروں کے اسٹال پر پڑی ہو جہاں مختلف ساخت،رنگوں اور اشکال کے پتھروں کو سلیقے سے رکھا گیا ہو گا۔ یہ اینٹیں ظاہر ہے کہ پتھر کے میٹریل سے بنی ہوتی ہیں۔ ان کے رنگوں میں دودھیا سفید سے لے کر بھورے مائل زرد،سیاہی مائل بھورے اور سر مئی کے مختلف شیڈز اور ڈیزائن متاثر کرتے ہیں۔ ان اینٹوں سے گھر کا ہر کونہ آراستہ ہو سکتا ہے مثلاً برآمدوں کی بیرونی آرائش،کسی کمرے کی ایک دیوار یا گھر کے صدر دروازے کے اطراف کی چار دیواری ہو یہ آپ کی صوابدید پر شامل ہے۔

جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق افراد کا کہنا ہے کہ جس کسی گھر میں بہت حد تک تخلیقی انداز سے پتھروں کی دیوار بنی ہو اس کی قدر و قیمت میں 10فیصدی اضافہ ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کی پہلی وجہ تو ماحولیاتی تبدیلی کے موثر انداز ہیں اور دوسرے گھروں کے جمالیاتی تاثر بہتر بنانے میں یہ دیواریں کارگر ثابت ہوتی ہیں جس کسی گھر میں دیوار سے قدرے آگے چھجا بنا ہو،دیکھنے والوں کو خوبصورت تاثر ملتا ہے۔


کس رنگ کے پتھر بہتر معلوم ہوتے ہیں؟
گھروں کی تزئین میں استعمال ہونے والے سازو سامان کے علاوہ دیواروں کے رنگوں کے رجحان بھی تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ ایک مقبول رجحان بے ترتیب پتھروں کو جوڑ کر استعمال کرنے کا ہے ۔اس رجحان میں آپ گہرے سر مئی یعنی سیاہی مائل سر مئی رنگ کے پتھروں کے ساتھ آف گرے یعنی نہایت دودھیا سر مئی رنگ کے پتھر استعمال کر سکتی ہیں۔
دیگر رنگوں میں گہرے جامنی،سرخ اور سبزی مائل رنگوں کے علاوہ نیوی بلیو یعنی سیاہی مائل نیلے رنگ کے پتھر اور اینٹیں بھی دستیاب ہیں۔ چھوٹے کمروں کو عموماً غیر ضروری طور پر آراستہ نہیں کیا جاتا وہاں آئینے نصب کرکے کمرے کی کشادگی کا تاثر بحال کیا جاتا ہے۔ بہر حال اگر آپ چھوٹے حجم میں اینٹیں استعمال کرنا چاہیں تو اپنے پسندیدہ رنگوں کے بجائے فطری آہنگ سے قریب تر رہئے۔

فرش کی تزئین کاری․․․ایک اہم مرحلہ
کئی صدیوں سے اینٹیں عمارتوں کی بنیادی تعمیرات کا لازمی حصہ رہی ہیں، اور رہیں گی مگر اب مخصوص ساخت اور ہیئت کے پتھر فرش بنانے اور اسے آراستہ کرنے کے لئے بھی استعمال ہو رہے ہیں۔ اب نئی تعمیرات میں ماہرین نے لاؤنج،پاؤڈر رومز اور گھروں کے اندرونی حصوں میں بھی پتھریلی اینٹوں کا استعمال کیا ہے اور لکڑی کے پینلز کے ساتھ مخصوص Cobblestones(سنگ مصفیٰ) کا دلچسپ امتزاج کیا ہے۔
یہ استعمال میں بھی آسان ہیں اور صفائی میں بھی خاصی با سہولت ہیں۔
راہداریوں کی زینت
عام طور پر راہداریوں میں سرخ اینٹوں کا استعمال ہوتا ہے لیکن اگر آپ اس رنگ کو پسند نہیں کرتے تو بھورے یا سر مئی رنگ کو آزما کے دیکھئے۔ ایک انتخاب ریتیلے پتھروں کا بھی ہو سکتا ہے جو پالش کرنے کے بعد بے انتہا خوبصورت دکھائی دیتے ہیں۔
آپ اپنی گاڑی پارک کرنے کی جگہ یعنی Drivewayاور برآمدے تک راہداری کو دو حصوں میں تقسیم بھی کر سکتی ہیں۔
کھلا آنگن
پاکستانی تعمیرات میں مغربی اور ہسپانوی طرز تعمیر اور مکتبے کا رجحان بھی فروغ پا رہا ہے ۔اب نئے گھروں میں برصغیر ہندو پاک کے قدیم گھروں یا حویلیوں کی طرز کے آنگن تو نہیں بنائے جاتے مگر کھلے آنگن مختصر سے رقبے پر ور تعمیر کئے جاتے ہیں اگر آپ کو ٹیرس ملا ہے تو آپ اینٹوں کا استعمال یہاں بھی کر سکتے ہیں۔
ٹیرس اور آنگن پر آپ ملے جلے اور متضاد رنگوں کی اینٹیں استعمال کر لیں۔ علاوہ ازیں ان دونوں جگہوں پر سر مئی مائل بھورا رنگ خوب کھلتا ہے۔ اسی طرح اگر آپ کا گھر کشادہ ہو اور سوئمنگ پول کی سہولت بھی میسر ہو تو بھی سر مئی مائل بھورے یا سیاہی مائل سر مئی رنگوں میں سے کسی ایک رنگ کا چناؤ دلفریب تاثر پیش کرے گا۔ آزما کے دیکھئے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Gher K Andar Intain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.