Kamre Ki Sajawat - Article No. 2693

Kamre Ki Sajawat

کمرے کی سجاوٹ - تحریر نمبر 2693

آپ کی سلیقہ مندی کا منہ بولتا ثبوت

جمعہ 24 ستمبر 2021

صبغہ شہزادی
گھر میں موجود جگہ کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانے سے بہتر کوئی چیز نہیں کیونکہ ہم اپنے گھر میں موجود کمروں کی دیواروں کو فرنیچر یا شیلف لگانے کے لئے موٴثر طریقے سے استعمال کیے بغیر ہی چیزیں اکٹھا کیے جاتے ہیں اگر آپ کو چیزیں جمع کرنے کا شوق ہے یا آپ کتابیں پڑھنے کے شوقین ہیں یا یہ نہیں جانتے کہ آپ اپنے پلنگ کے سرہانے کیا کیا چیزیں رکھ سکتے ہیں تو ہم آپ کے لئے دیوار پر لگے تختہ بند خانوں (شیلف) یا الماریوں کے استعمال کی کچھ ایسی تجاویز لائے ہیں جو آپ کو کمرے میں دستیاب جگہ کا نہ صرف بہتر استعمال کرنے میں مدد دیں گی بلکہ آپ کے کمرے کی آرائش میں ایک دلچسپ عنصر کا بھی اضافہ کریں گی۔

آپ اپنی نیند اور خوابوں پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر اپنے کمرے کو بے ترتیبی سے بچا سکیں گے۔

(جاری ہے)

اپنے پلنگ کے پیچھے کوئی ایسا فرنیچر رکھیں جس میں ہلکے رنگوں کا استعمال کیا گیا ہو مثلاً زیادہ شیلفوں یا درازوں کے لئے سفید رنگ کا استعمال کریں۔ڈیزائن کو نمایاں کرنے کے لئے کہیں کہیں رنگوں کا استعمال کریں جیسا کہ بستر کی چادریں شوخ رنگوں کی استعمال کریں یا پھر فرنیچر مثلاً درازوں کے دروازے یا شیلفوں کی اندرونی دیواروں پر رنگ کر دیں۔

دستیاب جگہ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے لئے اپنے پلنگ کی مقابل دیوار میں کوئی بھاری فرنیچر لگا دیں کمرے میں موجود کسی مشین یا ٹی وی کو رکھنے کے لئے ایک اضافی شیلف بھی لگائی جا سکتی ہے۔
آپ ڈیسک بھی شامل کر سکتے ہیں تاکہ جب آپ کو کوئی کام کرنا ہو تو وہ استعمال میں آسکے اور اگر زیادہ دراز بنا لیے جائیں تو ان کا کوئی نقصان نہیں اگر آپ کے کمرے کی دیواروں پر کافی جگہ دستیاب ہے تو اپنے کمرے کی آرائش کو صرف پچھلی دیوار کے استعمال تک محدود رکھیں ایسا فرنیچر منتخب کریں جو اطراف کی دیواروں کا بھی احاطہ کرے۔
فرنیچر منتخب کرتے وقت کمرے کے طول و عرض کو ذہن میں رکھیں تاکہ کمرہ کھچا کھچ بھرا نہ لگے۔شیلفوں کے سائز میں کمرے کے مکین کی ضرورتوں کے مطابق ردو بدل کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ کو کتابوں سے محبت ہے تو رات کو سونے سے پہلے کتاب پڑھنے کے لطف سے بخوبی واقف ہونگے بیڈ کے سرہانے کو ایک لائبریری میں بدلنا نہایت ہی عمدہ خیال ہے سائیڈ میز سمیت تمام فرنیچر لکڑی کا بنا ہو اور دراز اور طاق بھی سادہ بنائے گئے ہوں۔
پلنگ کے سرہانے پر ایسا فرنیچر رکھا جائے جہاں کتابوں کے لئے شیلف بنائی جائے مگر اس کے ساتھ ساتھ رات کو استعمال ہونے والے میز بھی بنائے جائیں۔
اپنی ضروریات کے مطابق کمرے کے کونوں کو استعمال کرنے کے لئے اپنا من پسند فرنیچر بنوانے سے مت گھبرائیں آپ فرنیچر کے سامنے اور پیچھے شیشے بھی لگوا سکتے ہیں ویسے بھی کمرے میں پورے جسم کے ناپ کا شیشہ ہونا چاہئے تاکہ کہیں بھی باہر جانے سے پہلے آپ اپنا باریک بینی سے جائزہ لے سکیں۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Kamre Ki Sajawat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.