Khawateen Ke Ghar Daari Ke Rehnuma Usool - Article No. 2038

Khawateen Ke Ghar Daari Ke Rehnuma Usool

خواتین کے گھر داری کے رہنما اصول - تحریر نمبر 2038

جب بھی آپ کو مچھلی یا جھینگے صاف کرنے ہوں اور جھینگے مچھلی جو بھی صاف کریں اس کے بعد ہاتھوں پر

منگل 16 اپریل 2019

ہمارے ہاں جھینگے اور مچھلی شوق سے کھائے جاتے ہیں لیکن ان کی صفائی کے دوران میرے ہاتھوں میں مچھلی کی بساندبس جاتی ہے جو کہ گھنٹوں نہیں جاتی کیا کروں۔
آمنہ ماجد ․․․حیدر آباد
جب بھی آپ کو مچھلی یا جھینگے صاف کرنے ہوں اور جھینگے مچھلی جو بھی صاف کریں اس کے بعد ہاتھوں پر لیموں کا رس ملیں ۔خیال رہے کہ آپ کے ہاتھوں پرکوئی کٹ وغیرہ نہ لگا ہو ا ہو جیسا کہ گھریلو کاموں میں خواتین کے ہاتھوں پر ہلکے پھلکے کٹ یا خراشیں لگ جاتی ہیں ان پر لیموں کا رس لگے گا تو بہت تکلیف ہوگی اگر ایسی صورت حال ہوتو پھر بجائے لیموں کے رس کے بہتر ہو گا کہ ہاتھوں کو صابن سے دھوئیں اور پھر گیلے ہاتھوں پر ٹوتھ پیسٹ ملیں اور چند منٹ بعد سادہ پانی سے ہاتھ دھو کر خشک کرلیں۔


میں جب بھی چاول پکاتی ہوں وہ پھولے پھولے پکتے ہیں اور آپس میں جڑ کر بڑی بڑی ڈلیاں بنا دیتے ہیں میں ایسے چاول پکانا چاہتی ہوں کہ چاول کا ہر دانہ الگ الگ ہو مجھے یقین ہے کہ آپ مجھے ضرور کوئی آسان طریقہ سکھا دیں گی۔

(جاری ہے)


عالیہ منصور․․․سکھر
چاول پکانے کے لئے محض چاول پکانے کی ترکیب یا طریقہ کافی نہیں ہوتا اس سلسلے میں کئی عوامل ہیں جو کہ چاولوں کے چپکنے کی وجہ بنتے ہیں سب سے پہلے آپ کو چاولوں کا درست انتخاب کرنا ہو گا پرانے باسمتی چاول ان میں سر فہرست ہیں ۔

اگر آپ نئے چاول پکائیں تو انہیں پہلے سے بھگو نے میں احتیاط کریں کیونکہ نئے چاول زیادہ دیر بھگو دئیے جائیں تو پک کر پھول جاتے ہیں یہی نہیں بلکہ انہیں پکانے کے دوران خاص توجہ کی ضرورت ہوتی ہے پانی کی مقدار بھی کم رکھی جاتی ہے اور پانی خشک ہونے کے بعد دھیمی آنچ پر پتیلی کے نیچے سیدھا توارکھ کر دس سے بارہ منٹ ضرور دم پر رکھیں ۔جب بھی چاول پکائیں پانی ہاتھ روک کر شامل کریں یعنی اپنے انداز سے قدر ے کم مقدار میں شامل کریں اس طرح ضرورت پڑنے پر ہلکا سا پانی کا چھینٹا دیا جا سکتا ہے ۔
یعنی زیادہ پانی شامل کر دیا جائے تو پھر اسے کم کرنا دشوار ہوتا ہے ۔لیکن پھر بھی اگر پانی زیادہ ہو جائے تو چاولوں کی سطح پر بریڈ کے دو سلائس بچھا دیں یا پھر پتیلی کے ڈھکن کو پہلے کاغذ میں لپیٹیں پھر اس پر روٹی لپیٹنے والا دستر خوان یا پھر کوئی بھی صاف سوتی کپڑا لپیٹ دیں اور چاول دم پر رکھیں اضافی نمی کپڑے اور موٹے کاغذ میں جمع ہو جائے گی لیکن بہر حال احتیاط بہتر حکمت عملی مانی جاتی ہے لہٰذا چاول میں پانی ہاتھ روک کر شامل کرنا ہی اچھا ہے ۔
نیز اگر چاول کے پانی میں چند لونگیں شامل کر دی تو چاول خوشبو دار اور کھلے کھلے پکتے ہیں ساتھ ایک کلو چاولوں کے پانی میں ایک کھانے کا چمچ سفید سرکہ بھی شامل کر دیں تو شاندار نتائج حاصل ہو ں گے۔
میری آئی بروبہت قدرتی طور پر بہت ہلکی ہیں انہیں گھنا کرنا چاہتی ہوں کیا آپ اس کے لئے کوئی طریقہ بتا سکتی ہیں۔
مہوش احسن․․․دادو
اگر آپ کی آئی بروقدرتی طور پر ہلکی ہیں تو آپ انہیں گھنا کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں ایک چھوٹے ٹوتھ برش کو علیحدہ رکھیں رات کو سونے سے قبل اس پر ہلکا سا یعنی محض ایک دوقطرے ارنٹھ کا تیل یعنی کیسٹر آئل ٹپکائیں اور آئی بروپرنرمی سے پھیریں صبح معمول کے مطابق منہ ہاتھ دھوئیں ۔
رفتہ رفتہ آئی بروگھنی ہو جائیں گی اور اگرکسی بھی قسم کی جلدی تکلیف ہے یا خشکی کی شکایت ہے تو پھر کسی مستند ڈرماٹولوجسٹ یعنی جلد کے ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں اور صرف ان کی ہدایات پر عمل فرمائیں۔
چنے کی دال حلوہ بنانے کے لئے دودھ میں پکاتی ہوں لیکن دال پوری گلنے نہیں پاتی اور دودھ جلنے لگتا ہے کیا اس مسئلہ کا کوئی حل ہے۔
مریم فاروق ․․․ٹنڈوالہٰہیار
جی ہاں کیوں نہیں اس کا حل یہ ہے کہ دال کو کم از کم چھ سے آٹھ گھنٹے پانی میں بھگو کر رکھیں درمیان میں ایک دو مرتبہ پانی تبدیل کر دیں تو بہتر ہے اس طرح دال کو گلنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا اور دودھ نہیں جلے گا یہاں ایک حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ بھینس کا تازہ دودھ جو کہ اس طریقہ کار کے لئے بہت ضروری ہے کافی گاڑھا ہوتا ہے ایسی صورت میں دودھ کی مقدار میں سے ایک چوتھائی کے تناسب سے دودھ کم کرکے اس میں ایک چوتھائی مقدار پانی شامل کر دیں ویسے آپس کی بات ہے چنے کی دال کو پانی میں ابال کر پیس لیں اور حلوہ بھوننے کے بعد اس میں ملک پاؤڈر یا کھویا شامل کر دیں اس طریقے میں سہولت زیادہ ہے نیز ذائقہ بھی اچھا رہتا ہے اور دال گلاتے ہوئے دودھ جلنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا دونوں میں سے جو تر کیب پسند آئے اس پر عمل کیجئے اور مزیدار چنے کی دال کا حلوہ باآسانی تیار کیجئے۔

چند ایک ماہ قبل پستے بادام منگوائے تھے اس میں سے کچھ بچ گئے تھے ابھی حلوے میں شامل کرنے کے لئے نکالے تو دیکھا کہ خراب ہو چکے ہیں پہلے تو اتنی جلدی خراب نہیں ہوتے تھے انہیں دیر تک کیسے محفوظ کیا جا سکتا ہے ۔
سدرہ رحمن․․․ٹنڈوجام
کئی مرتبہ یوں بھی ہوتا ہے کہ میوہ جات بازار ہی سے پرانے آجاتے ہیں پھر مزید کچھ عرصہ گھر میں رکھنے پر خراب ہو جاتے ہیں۔
دوسری بات یہ کہ استعمال کے بعد باقی بچ جانے والے پستے،بادام چن کر صاف کریں کہیں کوئی خراب دانہ تو نہیں پھر ململ کے کپڑے سے صاف کریں کہ گردو غبار وغیر ہ نہ رہ جائے اب اےئر ٹائٹ جار میں فریج میں رکھیں اس طرح بوقت ضرورت صاف ستھرے صاف میوہ جات استعمال کے لئے دستیاب ہوں گے۔
گزشتہ ایک برس سے میرا وزن تیزی سے بڑھنے لگا ہے ابتدامیں مجھے اندازہ نہیں ہوا لیکن اب محسوس ہورہا ہے اس سے پہلے کہ صورتحال مزید ابتر ہو جائے میری رہنمائی فرمادیں میری عمر تیس برس ہے ۔

تمثیلہ رضوان ․․․عمر کوٹ
اگر چہ آپ نے اپنا قد اور وزن نہیں لکھا لیکن آپ کی اور ایسی ہی دیگر خواتین کی رہنمائی کے لئے چند بنیادی اور ضروری اصول پیش خدمت ہیں جن پر توجہ دے جائے تووزن میں غیر ضروری اضافے جیسی پریشانی سے مکمل نجات حاصل کی جا سکتی ہے اس میں سب سے پہلے ہماراطرز زندگی توجہ طلب ہے اسی میں ہماری عادات خوردونوش بھی شامل ہیں ۔
دیکھئے کہ گزشتہ ایک برس قبل آپ کی کیا مصروفیات تھیں کہیں ایسا تو نہیں کہ کسی وجہ سے آپ کے موجودہ معمولات میں سہولت پیدا ہو جانے کے سبب آپ قدرے غیرمتحرک زندگی بسر کررہی ہیں اور اس کی مناسبت سے استعمال کی جانے والی خوراک کی مقدار پہلے جیسی ہی ہے اگر مزید کوئی دیگر وجہ نہ بھی ہوتویہ دونوں وجوہات مل کر وزن میں غیر ضروری اضافے کے لئے کافی ہیں اور آگے جا کر بیماریوں کا راستہ کھول سکتی ہیں۔
اب آتے ہیں دوسری وجہ کی جانب یہاں ہمیں دیکھنا ہو گا کہ ماضی میں صحت کی خرابی ،بچوں کی ولادت یا سرجری وغیرہ کے دوران یا اس کے بعد بعض طبی وجوہات کی بنا پر بھی اس قسم کی صورتحال سے واسطہ پڑ سکتا ہے اس سلسلے میں بغیر کسی تاخیر کے کسی مستند معالج سے معائنہ کروائیں اور درست تشخیص اور باقاعدہ علاج میں کسی قسم کی لا پر واہی نہ کیجئے نیز ہم سب کو اس بات کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ غیر متحرک طرز زندگی اور بسیار خوری سے اجتناب کریں ۔
صحت مند طرز زندگی اپنائیں خوراک کی مقدار کو محدود کریں اور یاد رکھیں کہ حفظان صحت اصولوں پر پابندی کے ساتھ عمل پیرا ہونا ہی صحت کی ضمانت ہے ۔
کچھ عرصہ قبل میرے چہرے پر بہت زیادہ دانے ہو گئے تھے ان کا علاج کر وایا اور اب کافی بہتر حالت ہے لیکن علاج کے بعد سے میرے سر کے بال بہت خراب ہوگئے ہیں معلوم نہیں ان دواؤں کا اثر ہے یا کچھ اور پلیز کوئی مشورہ دیں۔

صائمہ یوسف․․ملتان
آپ نے چہرے پر جلدی بیماری کا ذکر کیا ہے ممکن ہے کہ سرکی جلد اور بال بھی ایسی ہی کسی وجہ سے متاثر ہوئے ہوں آپ نے چہرے کی جلد پر دانوں کا علاج یقینا کسی جلد کے ڈاکٹر سے کروایا ہو گا اگر ایسا ہی ہے تو آپ کے لئے بہترین مشورہ یہی ہے کہ ان ہی سے بالوں کا بھی علاج کروائیں امید ہے کہ آپ کو فائدہ ہو گا۔ایسی صورت میں گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار کرنا آپ کے لئے مناسب نہیں لہٰذا ان سے اجتناب کریں اور مستند ڈرماٹولوجسٹ سے معائنہ کروائیں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں ۔
صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں پانی یاد سے پیا کریں۔ تیز مرچ مصالحہ جات کے استعمال میں احتیاط کریں ۔اپنی خوراک میں کچی سبزیوں اور پھلوں کے استعمال کو یقینی بنائیں۔اپنا تولیہ ،کنگھا ،ہےئر برش اور صابن علیحدہ رکھیں اور انہیں صاف رکھیں۔ سوتی ملبوسات کو ترجیح دیں یہ آپ کے لئے بہت مفید ہے ۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Khawateen Ke Ghar Daari Ke Rehnuma Usool" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.