Khushnuma Bawarchi Khana - Article No. 2536

Khushnuma Bawarchi Khana

خوشنما باورچی خانہ - تحریر نمبر 2536

گھر کی صحت کا مرکز

منگل 2 مارچ 2021

نور فاطمہ
باورچی خانہ (Kitchen) گھر کا وہ حصہ ہوتا ہے جہاں گھر کے تمام افراد کے لئے کھانے پکانے کا انتظام کیا جاتا ہے۔جس طرح گھر کے تمام کمرے اور حصے اپنی صفائی اور آرائش و زیبائش میں آپ کی توجہ چاہتے ہیں بالکل اسی طرح باورچی خانہ بھی اپنی صفائی اور زیب و آرائش کے بارے میں آپ کی توجہ مانگتا ہے۔کہا جاتا ہے کہ اچھی عورت کا سلیقہ اس کے باورچی خانے کی صفائی سے لگایا جا سکتا ہے۔
باورچی خانہ کسی بھی گھر کی صحت کا مرکز ہوتا ہے۔یہاں ہونے والی ہر سرگرمی پورے کنبے کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے۔اگر عورت اپنے باورچی خانے کو صاف رکھے گی تو ہی کھانا بھی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کیا جا سکے گا۔
اکثر اوقات یہ دیکھنے میں نظر آتا ہے کہ گھر کی سجاوٹ پر تو توجہ دی جاتی ہے مگر کچن کی سجاوٹ کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

آپ کا کچن بالکل اسی طرح سے خوبصورت اور سجا ہونا چاہئے جیسا کہ آپ کا مزاج ہے۔اگر آپ یہ چاہتے ہیں کہ تھوڑی سی کوشش اور تگ ودو سے آپ کا کچن صاف اور عمدہ دکھائی دے تو آپ کو اسی سجاوٹ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کرنا ہوں گے۔اس کے علاوہ صحت کے اکثر مسائل غیر صحت بخش ماحول سے جنم لیتے ہیں جن میں کچن کا صاف ستھرا نہ ہونا شامل ہے۔خاندان کی صحت کا دارومدار عورت کی اہم ذمہ داری ہے۔
گھر کے دوسرے حصوں کی صفائی کے ساتھ کچن کی صفائی اور زیب و آرائش کے لئے بھی اقدامات اٹھائیں۔
کچن کیبنٹس میں اپنے برتنوں اور استعمال ہونے والی اشیاء اور اپلائنسز کو احتیاط سے رکھیں کچھ دنوں بعد ہی ان کی صفائی کا انتظام کریں۔ اس بات کا بے حد خیال رکھیں کہ کہیں فالتو اشیاء ان میں جمع نہ ہو جائیں اور اس بات کی بھی کوشش کریں کہ کچن کیبنٹس میں روشنی کا معقول انتظام ہوتا کہ وہاں روشنی کے باعث ہر چیز ڈھونڈنے میں آسانی ہو۔
کچن اپلائنسز کا انتخاب اپنی سہولت اور ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کریں تاکہ مستقبل میں آپ کو کسی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اگر آپ کا بجٹ اجازت دے تو اپنے کچن کیبنٹس میں لگی فارمیکا ٹیٹس کو بدلوا کر دوسرے رنگ اور نئے ڈیزائن والی فارمیکا شیٹس لگوا لیں۔ اسی طرح اگر ان پر رنگ کیا ہو تو ان کا رنگ بدل لیں۔اس سے آپ کے باورچی خانے میں خوشنما تبدیلی آئے گی۔
آپ خود محسوس کریں گے کہ ان چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں سے ہی آپ کے کچن کا تاثر خاصا بدل جائے گا۔
اگر آپ کے آٹا‘دالیں‘چاول وغیرہ رکھنے کے ڈبے اور کنستر پرانے اور بد رنگ ہو جائیں تو کچن میں یہ ڈبے اور کنستر انتہائی برے لگتے ہیں جو کہ اچھے خاصے باورچی خانے کی خوبصورتی میں بدنما داغ ہوتے ہیں اور کوشش کریں کہ اپنے باورچی خانے کی خوبصورتی میں چار چاند لگانے کے لئے اسے پہلی فرصت میں خرید لیں اور خیال رکھیں کہ یہ وزن میں ہلکے نہ ہو ورنہ یہ بہت جلد خراب ہو جائیں گے بعض اوقات لوگ سستے برتنوں کے چکر میں خراب کوالٹی کے برتن خرید لیتے ہیں جس سے یہ برتن کچھ دنوں بعد ہی آپ کا ساتھ چھوڑ جاتے ہیں۔

باورچی خانے کو اور پُر رونق بنانا ہو تو کچن ٹیبل پر ایک خوشنما گلدان بھی رکھ دیں یا کچن کی کھڑکی کے ساتھ منی پلانٹ جیسے کوئی بیل وغیرہ رکھ دیں اس سے آپ کے کچن کی خوبصورتی میں لطافت کا احساس بھی بڑھ جائے گا۔اس کے علاوہ اپنی پسندیدہ چیزوں کو بھی معقول جگہ پر رکھنے کا انتظام کریں جیسے کہ کافی مشین،مائیکرو ویو اور سینڈوچ میکر وغیرہ ہر وہ چیز جو باقاعدگی کے ساتھ استعمال ہوتی ہے مثلاً مصالحہ جات رکھنے کے جار اور آئل کی بوتلیں وغیرہ انہیں اور اپنے اپلائنسز کو خریدتے وقت ہمیشہ بہترین انتخاب کریں کیونکہ یہ چیزیں بار بار استعمال ہوتی ہیں اور نظروں کے سامنے سے گزرتی رہتی ہیں لہٰذا یہ چیزیں ایسی ہونی چاہئیں جن سے آپ کے کچن کی خوشنمائی میں اضافہ ہو۔
برتن رکھنے کے ریک بھی بے حد ضروری ہیں ان کی وجہ سے برتن رکھنے میں بڑی سہولت رہتی ہے تاہم ان کو لگاتے وقت بھی خوبصورتی اور ترتیب کا پہلو ضرور مدنظر رکھا جائے تاکہ یہ با آسانی آپ کی پہنچ میں ہوں۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Khushnuma Bawarchi Khana" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.