Kitchen Chamkay - Ghar Mehke - Article No. 2680

Kitchen Chamkay - Ghar Mehke

کچن چمکے،گھر مہکے - تحریر نمبر 2680

باورچی خانہ کی صفائی ہے بہت ضروری

بدھ 8 ستمبر 2021

صبغہ شہزادی
گھر کے ہر ایک حصے کی صفائی بہت ضروری ہوتی ہے۔لیکن ان سب میں کچن کی صفائی کی اہمیت زیادہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ تمام خواتین کو اسے صاف ستھرا رکھنے اور چمکانے کی فکر رہتی ہے۔اس لئے ہم آج آپ کو کچن کی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کے کچھ طریقے بتا رہے ہیں۔
ایک آئیڈیل باورچی خانے میں استعمال کے بعد ہر چیز کو دھو کر اپنی جگہ پر رکھنا چاہیے۔
دنیا کے جدید ترین سامان کے ہوتے ہوئے بھی صفائی کی اپنی ضرورت موجود رہتی ہے۔ورنہ وقت سے پہلے ہی چیزیں خراب ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
گرائنڈر کو استعمال سے قبل سوائے مشین کے تمام اجزاء کو گرم پانی میں آدھا گھنٹہ رکھیں پانی میں نمک،سوڈا اور چٹکی بھر سرف شامل کر دیں۔ پھر اسفنج سے صاف کر دیں اور دھو کر خشک کر لیں۔

(جاری ہے)

اور کچھ بھی پیسنے سے پہلے اس میں پہلے نمک پیسیں تاکہ فائن ہو جائے۔


چھری،کانٹوں،کڑھائی،فرائی پین،روسٹنگ پین،غرضیکہ لوہے اور اسٹیل کی چیزوں کو دھو کر مکمل خشک کرکے رکھیں۔لوہے کی کڑھائی اور پین وغیرہ کو راکھ اور دھان کا کھردرا اور سوکھا ہوا بھوسا لے کر اس سے اچھی طرح مانجھیں اور دھو کر خشک کرکے اس پر سرسوں کا یا میٹھا تیل لگا کر اخبار میں یا کسی بھی کاغذ میں لپیٹ کر رکھیں۔استعمال کرتے وقت نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
اسٹیل کے چھری کانٹے دھو کر ٹشو پیپر یا براؤن پیپر میں لپیٹ کر رکھیں۔
نان اسٹیک اور دیگر برتنوں کی صفائی کو صاف کرنے کے لئے پانی میں چوتھائی کپ سرکہ شامل کرکے برتنوں پر پانچ سے دس منٹ کے لئے لگا کر چھوڑ دیں۔تھوڑی دیر بعد صاف کر لیں۔
کچن میں مٹی کی ہانڈی کی بھی ایک اپنی اہمیت ہے کیونکہ اس میں پکے سالن کا جو مزہ ہے وہ کسی اور برتن میں نہیں۔
اگر آپ نے حال ہی میں مٹی کی ہانڈی خریدی ہے۔تو اسے استعمال سے قبل کم از کم دو دن اور دو راتوں کے لئے پانی سے بھرے برتن میں پانی بھر کر چھوڑ دیں پھر اسے پانی سے نکال کر خشک کریں اور اس پر سرسوں کا تیل لگا دیں۔دو دن اور دو راتوں کے لئے ہانڈی کو رکھ چھوڑیں پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں سب سے پہلے ہانڈی میں نمک والی چیزیں پکانے کے بجائے میٹھی چیز جیسے کھیر،گڑ والے چاول یا سادھے چاول ابالیں تو ہاندی چٹخے گی نہیں جلدی ٹوٹے گی نہیں۔

بعض اوقات کھانا پکانے کے دوران برتن اس قدر جل جاتے ہیں کہ اسے دھونے کے بجائے پھینک دینے کو جی چاہتا ہے۔لیکن آپ ایک محلول کی مدد سے یہ مشکل کام آسان بنا سکتے ہیں۔ایک کپ سرکہ دو چمچ میٹھا سوڈا اور ایک کپ پانی لے لیں۔جلے ہوئے برتن میں ایک کپ پانی اور سرکہ ڈال کر چولہے پر رکھ دیں جب پانی اُبلنے لگے تو اُتار لیں اور میٹھا سوڈا ڈال کر کچھ دیر بعد دھو لیں۔

باورچی خانے کے دراز کو خالی کرنے کے بعد برش سے گرد و غبار صاف کر لیجیے پانی کے لئے جو اسپرے بوتل ملتی ہے۔اس میں سرکہ بھر کے ہلکا سا اسپرے کیجئے۔24 گھنٹے بعد خشک تولیے سے صاف کرنے کے بعد سامان دوبارہ دراز میں رکھ دیں۔تمام سامان اچھی طرح چیک کر لیں کوئی مصالحہ یا دال وغیرہ خراب تو نہیں ہو گئی اگر ہو تو اسے فوراً ہٹا دیں اور دراز میں چند تیزپات رکھ دیں۔

باورچی خانے میں کیڑے مکوڑے بہت تنگ کرتے ہیں ہم سب ہی ان سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔اگر آپ فرش پر پوچا مارتے وقت فینائل پانی میں ڈال کر فرش کو دھوئیں تو کیڑے مکوڑے ادھر کا رُخ نہیں کریں گے۔
چولہے یا کچن کاؤنٹر پر اکثر گھی جم جاتا ہے۔جسے صاف کرنا کوئی آسان کام نہیں۔اس کے لئے پانی اور سرکہ کی یکساں مقدار سے محلول تیار کریں اور اس میں کپڑے کو بھگو کر ان داغ دھبوں پر رگڑیں۔
اس چکنائی کو صاف کرنے کے ساتھ سرکہ وہاں بس جانے والی بو کو بھی ختم کر دیتا ہے۔
سنک کی صفائی کیلئے سرکے اور میٹھے سوڈے کا مرکب ڈرین میں پھنسے کچرے کو ہٹانے کے موٴثر ترین طریقوں میں سے ایک ہے مزے کی بات یہ ہے کہ اس سے پائپ بھی متاثر نہیں ہوتے پہلے آدھا کپ میٹھا سوڈا پھر ایک کپ سرکے کو سنک (ڈرین) میں ڈالیں۔جب ان کی جھاگ بن کر بیٹھنے لگے تو اسے گرم پانی سے فلش کر دیں۔5 منٹ تک انتظار کریں اور پھر ٹھنڈا پانی ڈالیں۔اس طرح صفائی کے ساتھ ساتھ بد بو بھی ختم ہو جاتی ہے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Kitchen Chamkay - Ghar Mehke" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.