Kitchen Kahe Khush Aamdeed - Article No. 3100

Kitchen Kahe Khush Aamdeed

کچن کہے خوش آمدید - تحریر نمبر 3100

ڈیزائنر جانتے ہیں کچن کیسا ہونا چاہئے

ہفتہ 25 مارچ 2023

درخشاں فاروقی
اب دور آیا ہے کچن ڈیزائنرز کا یہ باقاعدہ اندرونی آرائش کے ماہر ہنرکار ہوتے ہیں جو جانتے ہیں کہ آپ کچن میں دراصل کیا کچھ دیکھنا چاہتی ہیں۔کن الماریوں میں کیا کیا چیزیں رکھی جائیں تو پکانے میں آپ کو آسانی اور سہولت رہے گی۔کچن ایکسپرٹ سے رابطہ کرنے پر آپ کی ترجیح کیا ہونی چاہئے۔پُرتعیش کچن،تمام تر جدید لوازمات سے آراستہ یا تخلیقی انداز سے آپ کا مددگار کچن؟
بہترین کچن کیسا ہوتا ہے؟
ایسا کہ جس ماحول میں خوش آمدید کہنے اور گرمجوشی سے کام کرنے کی فضا بنتی ہو۔
تازہ دم رکھتا،گنگناتا اور دل کو طمانیت دینے والا ماحول ہو۔الماریاں اور کاؤنٹر ٹاپ آپ کی جملہ ضرورتوں کی تسکین کرتے ہیں۔چھوتے بڑے ہر طرح کے گھروں کے باورچی خانے زندگی کے احساس سے لبریز ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

آپ کا آرکیٹیکٹ اس قدر ماہر ضرور ہونا چاہئے کہ جسے مشرق،مغرب،جنوب اور شمال سے ہوا اور روشنی کے گزر کا علم ہو۔ساتھ ہی وہ تعمیر سے پہلے چولہے کی تنصیبات کا بطور خاص خیال رکھ سکے۔

جہاں چولہے کا ذکر آئے وہیں دھوئیں اور خوشبو دور کرنے کے لئے چمنیوں اور کھڑکیوں کا حوالہ بھی آئے گا۔دیواری کیبنٹ کو کبھی چھت کے بہت زیریں نصب نہ کروائیے یہ اونچائی ہی میں بھلی لگتی ہے۔چھوٹی الماریوں میں گرد و غبار جمع ہوتا ہے اور آپ ہی نہیں بچے بھی کچھ نہ کچھ ان میں رکھتے جائیں گے۔کیبنٹس دیوار سے چھت تک نصب کرنا اہمیت رکھتا ہے۔آپ اس میں اپنی سہولت کے لئے چھوٹے اور بڑے خانے بنوا سکتی ہیں جن میں مختصر رقبہ اور بڑی جگہ گھیرنے والی اشیاء رکھنے کی گنجائش نکلے گی۔
اس کے علاوہ ہوا کا گزر بھی باآسانی ہوتا رہے گا۔
اسٹین لیس اسٹیل کا استعمال
کچن میں ایک حد تک اس دھات کا عمل دخل ہونا چاہئے۔یہ خوشنما ڈیزائنوں میں دستیاب ہے اور آپ کی جگہ کو ایک موسیقیت کا تاثر دیتا ہے۔آپ کی کیبنٹس کا رنگ جتنا مدھم ہو گا اسٹین لیس اسٹیل اسی قدر ماحول میں تابناکی پیدا کر دے گا۔کبھی پکاتے وقت کوئی چمچہ کانٹا کہیں مس ہو جائے تو جھنکار سی بج اٹھے گی۔
کچھ خواتین سرمئی اور ہلکے رنگوں کے ریفریجریٹر گھر میں رکھنا پسند کرتی ہیں اور کچن میں ایسے فریج بہت جاذب نظر بھی معلوم ہوتے ہیں۔
کچن میں خالی جگہ بھی رکھئے
کچن کا رقبہ آپ کے وسطی کمروں یا ڈرائنگ روم سے زیادہ وسیع نہیں ہوتا،اس لئے کبھی بھی اس کمرے کو ضرورت سے زیادہ سامان سے نہ بھریں۔کچن استعمال کرنے والوں کے سانس لینے کی گنجائش ضرور رکھیں۔
اگر آپ ہر دیوار پر لیبنٹس لگوا دیں گی تو کمرے کی وسعت کم ہو گی اور آرائش متوازن نہیں رہے گی۔کمرے میں داخل ہوتے ہی محسوس ہو گا جیسے سامان آپ کے ذہن کو بوجھل بنا رہا ہے آپ اس میں دب کر رہ گئے ہیں۔
کچن کی کیبنٹس ٹھوس،مضبوط اور نہایت پختہ ہوں
آپ نے بارہا مثال سنی ہو گی کہ سستا روئے بار بار مہنگا روئے ایک بار تو پلو میں باندھ لیں اس حکمت کو۔
ایک کچن کے استعمال کی مدت کم از کم پانچ سے آٹھ برس ہونی ہی چاہئے،لیکن اگر آپ میٹریل سستا اور ناقص لیں گی تو یہ بہت جلد خراب ہو گا اور بار بار کے اخراجات آپ کے ماہانہ بجٹ متاثر کر کے رکھ دیں گے۔لکڑی پائیدار ہو،Finish اچھی ہو اور قبضے مضبوط ہوں تو بار بار کھولنے بند کرنے سے خراب نہیں ہو پائیں گے۔
کاؤنٹر ٹاپ وال کی لمبائی کا خیال رکھیں
ڈیزائنرز کچن میں آپ کو دو کاؤنٹر ٹاپس مل سکتے ہیں۔
ایک اوون کے قریب اور دوسرا واش بیسن کے آس پاس اور یہ نہایت باسہولت ہو سکتے ہیں۔آپ اوون سے کوئی گرم ڈش نکال کر قریبی کاؤنٹر ٹاپ پر رکھیں گی اور واش بیسن کے قریب اسٹین لیس اسٹیل کے کاؤنٹر پر برتن خشک کرنے کے لئے رکھیں گی یہاں آپ کو پلاسٹک کی باسکٹس درکار ہوں گی جنہیں آپ برتنوں سے پانی نچڑنے کے لئے استعمال کر سکتی ہیں۔
صفائی کے Tips
کچن کتنا ہی مہنگا بنوایا جائے اگر آپ کو صفائی کے مسائل درپیش ہیں تو چند دن ہی میں وہ اپنی کشش و جاذبیت کھو دے گا۔
جھینگر اور دوسرے حشرات پیدا ہونے لگیں گے اور آپ آلودگی کے اس ماحول میں نہ تو دل لگا کے کچھ پکا سکیں گی نہ ہی کسی کی آمد کا خیر مقدم ہی کر سکیں گی۔اس لئے پورے گھر کی صفائی ایک طرف اور کچن کی دیکھ بھال،صفائی ستھرائی کی اہمیت اپنی جگہ ہے۔بہتر یہی ہے کہ نئے کچن کو بہت جلد جراثیم آلود نہ ہونے دیں۔خود بھی صاف رہیں اور ماحول کو بھی حتی الامکان صحت مندانہ طرز پر صاف ستھرا رکھیں کیونکہ کنبے کی صحت کا انحصار آپ کے کچن ہی پر ہے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Kitchen Kahe Khush Aamdeed" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.