Mah E Muqaddas Ke Istaqbal Ke Liye Sajaye Ghar Aangan - Article No. 3103

Mah E Muqaddas Ke Istaqbal Ke Liye Sajaye Ghar Aangan

ماہِ مقدس کے استقبال کے لئے سجائیں گھر آنگن - تحریر نمبر 3103

بہت سے ایسے کام ہوتے ہیں جو رمضان کی آمد سے قبل خواتین کو انجام دینے ہوتے ہیں تاکہ وہ گھریلو کام کاج کے ساتھ یکسوئی سے عبادات اور اپنے وقت کو باآسانی مینج کر سکیں

بدھ 29 مارچ 2023

راحیلہ مغل
رمضان المبارک کی آمد آمد ہے،اس کے فیوض و برکات سمیٹنے کی لگن اور اس کے لئے کی جانے والی تیاری کے ساتھ ساتھ خواتین کو دیگر بہت سے اقدامات کا سوچ سوچ کر ٹینشن ہونے لگتی ہے۔بہت سے ایسے کام ہوتے ہیں جو رمضان کی آمد سے قبل خواتین کو انجام دینے ہوتے ہیں تاکہ وہ گھریلو کام کاج کے ساتھ یکسوئی سے عبادات اور اپنے وقت کو باآسانی مینج کر سکیں۔

گھر کی صفائی ستھرائی:
یہ حقیقت ہے کہ رمضان تزکیہ نفس کا مہینہ ہے،لیکن اگر گھر صاف ستھرا ہو گا تو رمضان کا مہینہ نہ صرف نفاست سے گزرے گا بلکہ آپ کو اپنی عبادات کا وقت صفائی ستھرائی پر نہیں لگانا پڑے گا۔اس لئے ضروری ہے کہ آپ رمضان سے قبل درج ذیل کچھ کام انجام دے لیں۔

(جاری ہے)

گھر کے جالے اُتروا لیں،کارپٹ جھاڑ لیں،یا ڈرائی کلین کروا لیں۔

پردے وغیرہ بدلنے کی ضرورت ہو تو ان کو بھی تبدیل کر لیں یا اچھی طرح جھاڑ لیں۔مائیکرو ویو اوون کی صفائی کیلئے اسے رگڑ کر صاف کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ایک باؤل میں لیموں کا عرق ملا کر اس کے اندر رکھ دیں اور پانچ منٹ کیلئے اسے چلا دیں۔پانی بھاپ بن کر اندر جمی چکنائی وغیرہ کو نرم کر دے گا،پھر اس کو کپڑے سے صاف کر لیں۔
ٹائم مینجمنٹ:
اگر آپ نے رمضان میں عبادتوں کیلئے وقت نکالنا ہے تو ابھی سے سارے اقدامات کر لیں۔
اگر آپ ورکنگ وومن ہیں تو پھر آپ کو دفتر کے معاملات کے ساتھ ساتھ گھر کے کاموں میں بھی بہت وقت صرف کرنا پڑے گا۔تمام تر مصروفیات میں آپ کو ہر حال میں اپنی مناسب نیند کیلئے وقت نکالنا ہے،ورنہ آپ کے سارے کام اُلٹ پلٹ ہو سکتے ہیں۔افطار کے بعد طعام اور تراویح پڑھتے ہی سونے کا معمول بنا لیں تاکہ سحری کیلئے تازہ دم اُٹھیں۔
برتن دھونے کا سامان:
رمضان میں برتنوں کا استعمال زیادہ ہوتا ہے۔
زیادہ ڈشیز ہونے کی وجہ سے زیادہ برتنوں کا ڈھیر جمع ہو جاتا ہے لہٰذا زیادہ ڈش سوپ کی ضرورت پڑتی ہے،بازار جا کر ڈش سوپ،کچن کا تولیہ،ٹشو پیپر،برتن دھونے کے لئے اسفنج وغیرہ زیادہ تعداد میں خرید لیں تاکہ یہ چیزیں جلدی ختم ہونے کی صورت میں آپ کو بار بار مارکیٹ کا چکر نہ لگانے پڑیں۔
نئی کراکری سیٹنگ اور صفائی:
کچن کو دھو کر صاف کر لیں،یہ بات سوچ لیں کہ رمضان کے دوران کچن کی صفائی روزانہ کرنی ہے،یعنی کہ رمضان میں پہلے دن کے برتن دوسرے دن تک نہ پڑے رہنے دیں،فوراً ہی انہیں دھو ڈالیں۔
دوسرے دن تک پڑے رہنے سے برتن پر چکنائی مزید پکی ہو جائے گی اور آپ کے لئے ایسے برتنوں کو دھونا آسان نہیں ہو گا،روز کا کام روز کریں۔رمضان سے پہلے کچن کے تمام کیبنٹ کو کھول کر دیکھیں،فاضل سامان نکال دیں،ضرورت کی اشیاء بالکل سامنے سیٹ کر دیں۔رمضان کے دوران استعمال ہونے والے برتن،پیالے،پلیٹیں،چمچہ وغیرہ دھو کر ایک طرف کر کے رکھ لیں تاکہ ڈھونڈنے میں مشکل نہ ہو۔
عام دنوں سے زیادہ برتن نکال کر رکھیں،کیونکہ دورانِ رمضان افطار کے وقت آپ کو زیادہ برتنوں کی ضرورت پڑے گی۔
کچن کی صفائی:
کچن کی صفائی کرتے وقت سرکہ کا استعمال کریں۔اس سے صفائی بھی آسانی سے ہو جائے گی اور بیکٹیریا سے بھی نجات مل جائے گی۔روزانہ استعمال ہونے والے برتن کو ایک بار کپڑے سے پونچھ کر رکھ دیں۔چولہے کی گہرائی سے صفائی کریں۔
کچن کی درازوں میں رکھے ڈبوں پر اکثر دھول جم جاتی ہے انہیں نرم کپڑے سے صاف کر کے رکھ دیں۔پورے گھر کی صفائی ایک ہی دن نہ کریں بلکہ ایک دن کچن کی صفائی کے لئے مختص کریں کیونکہ کچن کی صفائی کیلئے کافی وقت لگ جاتا ہے۔
فریج کی صفائی:
فریج کا پورا سامان نکال کر باہر رکھ دیں۔ایک نرم کپڑے میں تھوڑا سا سوڈا اور پانی ملا کر اچھے سے صفائی کریں۔
ایسا کرنے سے فریج کی بدبو چلے جائے گی۔فریج کے ہر حصے کو صاف کر کے واپس سارے سامان رکھ دیں۔کوشش کریں کہ پرانی چیزوں کو نکال کر نئی چیزوں کے لئے جگہ بنائیں۔کاٹ کر رکھی جانے والی سبزیوں اور پھلوں کو فریز کر لیں،فروزن کھانوں کو ایک طرف رکھیں،پلاسٹک بیگز میں موجود چیزوں کے نام اس پر ضرور لکھیں تاکہ اسے پہچاننے میں آسانی ہو۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Mah E Muqaddas Ke Istaqbal Ke Liye Sajaye Ghar Aangan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.