Main Jiss Makan Main Rehta HooN - Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

میں جس مکان میں رہتا ہوں - گھر کی آرائش

بدھ مارچ

Main Jiss Makan Main Rehta HooN
راحیلہ مغل
موسم گرما کی آمد آمد ہے اس موسم میں کھلی کھلی جگہ پرسکون محسوس ہوتی ہے جبکہ تنگ جگہ پر گھٹن کا احساس ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہم گھر کو کشادہ دکھنے کے طریقوں پر بات کریں گے تاکہ انھیں اپنا کر گھریلو خواتین اپنے گھر کی تزئین و آرائش میں اضافے کے ساتھ ساتھ وسعت کے احساس سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔اس کے علاوہ آئے روز گھروں کی بڑھتی قیمتوں کے باعث عام آدمی کیلئے ذاتی رہائش کا حصول ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ متوسط طبقے کیلئے فلیٹ یا اپارٹمنٹ پہلی ترجیح بن گئے ہیں۔تاہم کم رقبے پر تعمیر کیے گئے گھر ہوں،فلیٹس یا اپارٹمنٹس،ان میں سب سے بڑا مسئلہ جگہ کی کمی کی صورت ہی سامنے آتا ہے۔یوں سمجھیں کہ ان گھروں میں ایک ایک انچ قیمتی تصور کرتے ہوئے ہر حصے کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن بہت زیادہ سامان رکھنے کی وجہ سے بعض اوقات آپ کا گھر گھنا گھنا محسوس ہونے لگتا ہے،ایسے میں ان آئیڈیاز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ،جن کے ذریعے ایک چھوٹے گھر کو بھی کشادہ محسوس کیا جا سکے۔


ہلکی اور متضاد کلر اسکیم
رنگوں کی زندگی میں بہت اہمیت ہوتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ دیواروں پر کروایا گیا رنگ و روغن بڑے سے گھر کو تنگ اور چھوٹے سے گھر کو کشادہ دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔چنانچہ رنگ و روغن کے انتخاب کے وقت خاصی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔تعمیراتی ماہرین چھوٹے گھروں کے لئے ہلکی اور متضاد کلر اسکیم کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔

ہلکا رنگ مثلاً سفید،نیلا اور سبز گھر کے کسی بھی حصے کو کشادہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس کے برعکس گہرے رنگ کی دیواریں زیادہ روشنی جذب کرتی ہیں،جس سے کمرے کی کشادگی متاثر ہوتی ہے۔ گہرے رنگ کے بجائے متضاد اسکیم بھی آپ کے کمرے کو کشادہ دکھائے گئے مثلاً کمرے کی اگر تین دیواروں کے لئے سفید رنگ منتخب کیا گیا ہے تو ایک دیوار کے لئے اورنج رنگ کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔

مونوکرومیٹک کلر اسکیم کا انتخاب بھی چھوٹے گھروں میں کشادگی کا باعث بنتا ہے۔واضح رہے کہ اس اسکیم کے تحت کمرے کی ہر چیز ایک ہی رنگ کی منتخب کی جاتی ہے، چاہے وہ دیواریں ہوں یا پھر سجاوٹی اشیاء۔
زائد شیشوں کا استعمال
گھر میں زائد شیشوں کے استعمال پر اس لئے زور دیا جاتا ہے کیونکہ یہ چھوٹے سے گھر کو بڑا دکھانے میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔

گھر کے کسی بھی حصے کے لئے شیشوں کا انتخاب آپ کو دنگ کر دینے کی خصوصیت رکھتا ہے۔لازمی نہیں کہ شیشوں کا استعمال سجاوٹی اشیاء کے طور پر ہی کیا جائے،اس کے برعکس کمرے کی کسی ایک دیوار پر بڑا سا آئینہ نصب کرکے کمرے کو کشادہ دکھایا جاتا ہے۔بیڈ روم میں الماری کے دروازے پر شیشوں کا استعمال کیا جانا کشادگی کا باعث بن سکتا ہے۔اسی طرح باتھ روم میں ایک دیوار کو گلاس ٹائل سے تعمیر کروا کے بھی کشادگی کا تاثر دیا جا سکتا ہے۔


قدرتی روشنی لازمی مختصر
تازہ ہوا اور کشادگی کے احساس کے لئے گھر کے اندرونی حصوں میں قدرتی روشنی کی آمد کو یقینی بنائیں۔ایسا کرنے سے مکینوں کو باہر کا نظارہ دیکھنے کا موقع ملے گا،ساتھ ہی انھیں کشادگی کا احساس بھی ہو گا۔روشنی کی آمد و رفت یقینی بنانے کے لئے سلائیڈنگ ونڈو ایک بہترین آپشن ہے۔اس حوالے سے ذہن میں رکھیں کہ چھوٹے کمروں کے لئے چھت سے فرش تک تعمیر کروائی گئی کھڑکی کشادگی کا احساس دلاتی ہے۔

کھڑکیاں جتنی بڑی ہوں گی آپ قدرتی روشنی اور ہوا سے اتنے ہی زیادہ لطف اندوز ہوں گے،ساتھ ہی یہ چھوٹی اور عام کھڑکیوں کے مقابلے میں دُگنی روشنی فراہم کرنے کا باعث بنیں گی۔
غیر ضروری دیواریں تعمیر نہ کریں
دیواریں کسی بھی جگہ کو گھنا کر چھوٹے چھوٹے کمرے بناتی ہیں۔چونکہ مہنگائی اور شہروں میں بڑھتی آبادی نے گھروں کا حجم ویسے ہی چھوٹا کر دیا ہے،ایسے میں جہاں لیونگ روم،ڈائنگ روم اور کچن ایک ساتھ ہوں،وہاں ان پورشنز کو علیحدہ کرنے والی دیواریں تعمیر نہ کروائی جائیں ۔ایسا کرنا گھر کے خاکے کو سادگی کے ساتھ کشادگی کا احساس بھی دے گا۔
تاریخ اشاعت: 2021-03-31

Your Thoughts and Comments

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Main Jiss Makan Main Rehta Hoon" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.