Meri Almari Meri Humraaz - Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

میری الماری میری ہمراز - گھر کی آرائش

پیر 30 اگست 2021

Meri Almari Meri Humraaz
آمنہ ماہم
فرنیچر کا خاص جز الماری ہر گھر کی اہم ضرورت ہوتی ہے۔خواہ آپ کے باورچی خانے میں بیش قیمت برتنوں کی الماری ہو گروسری کا ذخیرہ کرنے والی ہو یا واش روم اور سونے کے کمروں کی وارڈروب ہو اس کی اہمیت سے کون انکاری ہو گا حتیٰ کہ جوتوں کے ریکس تک ہماری ضرورتوں کی تکمیل کرتے ہیں۔قیمتی اور روزمرہ استعمال ہونے والے عام جوتے یہاں حفاظت سے رکھے جا رہے ہیں۔

غرضیکہ ہر وہ چیز جو ہمارے زیر استعمال ہو اسے محفوظ رکھنے کے لئے کوئی سائبان کوئی الماری ہر گھر میں موجود ہوتی ہے۔
ترتیب و تنظیم میں مددگار
الماری کو سہیلی کہنے کی وجہ بھی تسلیم کرنی چاہیے تاکہ کسی سہیلی کی مانند آپ اس سے راز و نیاز کر سکتے ہیں۔اسی طرح الماری میں بڑے اطمینان سے اپنی خاص اور عام اشیاء سنبھال کے رکھ سکتی ہیں جو ظاہر نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

راز داری سے بھی رہیں گی۔کپڑے ہوں تو ان کی ترتیب و تزئین کرتی رہے روزانہ استعمال کے کپڑے ایک جانب رکھتی جائے۔انہیں دھو کے استری کرکے رکھیں گی تو استعمال کے وقت آسانی رہے گی۔ جوڑے بنائے رکھیں گی تو اور بھی آسانی رہے گی کیونکہ وقت سرمائے جتنا ہی قیمتی ہوتا ہے۔
الماریوں کی ظاہری خوبصورتی
لکڑی اور فارمیکا کے میٹریل میں خاصی منفرد اور شاندار ڈیزائنگ دیکھنے میں آرہی ہے۔

بیرونی دروازوں پرشیٹس،سرمئی،سیاہی مائل سرخ ،اخروٹ کے رنگوں کے علاوہ بھی متعدد شیڈز اور مختلف خطوط میں دستیاب ہو رہی ہیں۔یہ آپ کی صوابدید پر منحصر ہے کہ آپ کس زاویئے سے اپنے ماحول کو دلکش بناتی ہیں۔کچھ خواتین دروازوں پر خوشنما پینٹ کرواتی ہیں اور انہیں پھولدار ڈیزائن بہت بھاتے ہیں۔
متعدد خانوں والی الماریاں
چھوٹے بڑے طویل القامت خانوں کو اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کیا جا سکتا ہے۔

جیولری کے لئے دراز بھی مخصوص ہونے چاہئیں جہاں قیمتی زیورات ہی نہیں جائیداد کے کاغذات وغیرہ بھی رکھے جا سکے۔پہیوں کے لئے ایک چھوٹی دراز بھی ہو تو کیا کہنے۔
مکمل دیوار سے منسلک الماریاں
خوابگاہوں کی دیواروں کے آخری سروں تک الماری بنوانا بھی ایک اچھا تخیل ہے۔اکثر لوگ اس طرح گنجائش نکالتے ہیں۔بڑے گھروں میں مہمانوں کے بیڈ روم کی الماری موزوں رہتی ہے۔

آج کل ماسٹر بیڈ روم چونکہ رقبے میں قدرے بڑا ہوتا ہے اس لئے بھی یہاں ایسی وارڈروبس دو سے تین عدد تک بنوائی جا سکتی ہیں۔
تعمیرات کے وقت Builtin الماریوں کا تصور
اگر عین تعمیراتی کام کے دوران دیواری الماریاں بنا لی جائیں تو یہ تصور بھی مناسب ہے۔لیکن دیواروں میں سی پیچ آجانے کی صورت میں کمرے اور الماری میں تعفن بھی پھیلتا ہے۔

چیزیں بھی خراب ہو سکتی ہیں۔اگر ٹھوس،پائیدار اور کام مستحکم ہوں تب ہی ان دیواری الماریوں کا رسک لیا جانا چاہئے۔
آئینے کے ہمراہ الماریاں
ماضی میں بھی قد آدم آئینوں کی آرائش کو مدنظر رکھتے ہوئے الماریاں بنائی جاتی تھیں اور تینوں اطراف منقش کام اور دل آویز ڈیزائن بنائے جاتے تھے۔آج کل جدید اسلوب اختیار کرتے ہوئے ڈیزائنگ میں قدرے تبدیلی آچکی ہے۔

آئینوں سے روشنی کا انعکاس خوبصورت تصور پیش کرتا ہے۔
بچوں کی الماریاں
چلڈرن آرٹ سے متعلق یا آرائش بھی کم بھلی نہیں لگتیں۔بچوں کے کمرے کا فرنیچر شوخ رنگوں سے مزین ہوتا ہے۔کوشش ہونی چاہئے کہ اپنے بچوں کو بھرپور،توانا اور ان کی عمر کے مطابق طلسماتی کشش رکھنے والے فرنیچر سے سجا کمرہ دیا جائے۔یک مشت نہ سہی مگر رفتہ رفتہ ان کے کمروں کو بچوں کی امنگوں بھرا کمرہ بنا دیں۔

اس کمرے میں ہمیں بچوں کے کپڑوں،جوتوں،کتابوں،کھلونوں اور چادروں تولیوں وغیرہ کو حفاظت سے رکھنے کے لئے الماریوں میں گنجائش درکار ہوتی ہے۔بچوں کے ساتھ ایک آسانی یہی رہتی ہے کہ بڑھتی عمر کے ساتھ ان کے کپڑوں کے سائز مختلف ہو جاتے ہیں اب جس گھر میں اوپر تلے کے بھائی یا بہنیں نہ ہوں وہاں کپڑے بہت دیر تک کارآمد نہیں رہتے۔ اس طرح نئی چیزوں کی جگہ بنتی ہے۔

کوشش یہی کریں کہ بچوں میں فلاحی کاموں کی تحریک پروان چڑھے اور یہ خود اپنی وارڈروب صاف کریں اور چھوٹے ہو جانے یا بد وضع ہونے والے ملبوسات کو علیحدہ کر دیں۔
سلائڈنگ ڈورز والی الماریاں
جس گھر میں کمرے چھوٹے ہوں تو پہلی کوشش یہ ہونی چاہئے کہ پھیلا ہوا وسیع تر فرنیچر نہ خریدا جائے۔جب بھی الماریاں بنوانے کی ضرورت پیش آئے یا خریدی جائیں تو سلائڈنگ والے پٹوں کی الماریاں لیں۔

یہ جگہ بھی کم گھیرتی ہیں خوبصورت بھی نظر آتی ہیں۔
احتیاطی تدابیر
جن الماریوں کے نچلے خانوں میں جوتے رکھے جاتے ہیں کوشش کیجئے کہ گھر لوٹ کر صاف خشک کپڑے سے ان جوتوں کو ہر طرف سے صاف کرکے الماری میں رکھا جائے۔نئے اور قیمتی جوتوں کو ان کے ڈبوں ہی میں رکھیں البتہ شاپرز اور پلاسٹک کی تھیلیاں الگ کر دی جائیں ۔جن افراد کے پیروں سے بو آنے کا مسئلہ ہو ان کے جوتے الماری میں نہ رکھے جائیں یا انہیں دھوپ میں رکھ کر خشک کیا جائے مگر سائے ہی میں انہیں رکھیں۔


وارڈروب فریشنر (Freshener) ہر الماری میں خواہ چمڑے اور سردیوں کے کپڑوں کی الماری ہو یا روزمرہ استعمال کے کپڑوں کی،یہ کپڑوں اور الماری کو تعفن سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔
گیلے کپڑوں کو کبھی تہہ لگا کے الماری میں نہ رکھیں اور اخباری کاغذ بھی نہ بچھائیں۔ بچھانے کیلئے براؤن کاغذ ہی مناسب انتخاب ہوتا ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-08-30

Your Thoughts and Comments

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Meri Almari Meri Humraaz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.