Parde Barhain Ghar Ki Shan - Article No. 2768

Parde Barhain Ghar Ki Shan

پردے بڑھائیں گھر کی شان - تحریر نمبر 2768

یہ سردیوں میں گھر کو گرم اور گرمیوں میں ٹھنڈا رکھتے ہیں

جمعرات 23 دسمبر 2021

آمنہ ماہم
گھر کی آرائش میں پردوں کا کردار بنیادی نوعیت کا ہوتا ہے۔آج کے زمانے میں پردوں کی کئی اقسام مارکیٹ میں دستیاب ہیں،جن میں سے آپ اپنے بجٹ،ضرورت اور ذوق کے مطابق موزوں ترین ورائٹی کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ایک گھر کے لئے پردے کئی لحاظ سے ضروری ہوتے ہیں۔اگر گھر کی مجموعی تھیم کے مطابق درست رنگ،فیبرک اور ڈیزائن کے پردوں کا انتخاب کیا جائے تو یہ نہ صرف آپ کے گھر کی خوبصورتی کو بڑھاتے ہیں بلکہ یہ سردیوں میں آپ کے گھر کو گرم اور گرمیوں میں ٹھنڈا رکھنے کا کام بھی کرتے ہیں۔

پردے،گھر کی سجاوٹ میں اضافہ کرنے کے علاوہ روشنی کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد کرتے ہیں۔گھر کے ہر حصے کے استعمال پر منحصر ہے کہ آپ گھر کی کھڑکیوں کے لئے کس طرح کے پردوں کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں ڈیزائن،کپڑے،رنگ اور لمبائی کی وسیع اقسام شامل ہیں۔خوبصورتی اور کامل ہونے کے علاوہ پردوں کے اور بھی فائدے ہوتے ہیں۔ایک تو یہ کہ پردے کمرے اور اس میں موجود فرنیچر،قالین وغیرہ کو دھول مٹی سے خراب ہونے سے محفوظ رکھتے ہیں اور تازہ ہوا اور دھوپ کی مناسب مقدار کو کمرے میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے کمرے کو جراثیم سے پاک رکھتے ہیں۔

اس آرٹیکل میں آپ کی رہنمائی کے لئے،پردوں کے انتخاب اور تنصیب کے حوالے سے مفید تجاویز پیش کی جا رہی ہیں۔
کمرے کے سائز،نوعیت اور استعمال کے مطابق کھڑکیوں کے لئے پردوں کا انتخاب کرنے سے پہلے اس کی منصوبہ بندی لازمی ہے۔آپ کو کھڑکی کے لئے شٹر کی ضرورت ہے یا پھر سوئنگ،فولڈنگ یا سلائڈنگ کی؟اس کے پردوں کے لئے رنگوں کا انتخاب کیا ہونا چاہئے؟ پردے ہلکے ہونے چاہئیں یا بھاری بھرکم؟یہ سب وہ باتیں ہیں،جن کا تعین کرنا ضروری ہوتا ہے۔
اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ پردوں کے معاملے میں لوگ زیادہ تر لاؤنج اور ڈرائنگ روم کے پردوں پر توجہ دیتے ہیں کیونکہ کچھ خواتین کا خیال ہے کہ ان ہی دو کمروں سے ان کے گھر کی شان ظاہر ہوتی ہے اور مہمانوں کا قیام بھی اسی حصے میں ہوتا ہے جبکہ اس کے برعکس خواب گاہ کی حیثیت ذاتی ہوتی ہے۔اگر آپ نے بھی یہی سوچ کر پردوں کے معاملے میں خواب گاہ کو نظر انداز کیا ہے تو آپ کی اکتاہٹ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
کینوس،لیٹن کے کپڑے والے پردے جدید بیڈ روم کے لئے بہت مناسب ہیں۔کلاسک انداز کے لئے ریشم یا ساٹن بہت اچھا رہتا ہے۔
گھر کے دیگر حصوں میں جس طرح پردے کی ایک الگ اہمیت ہے،اسی طرح گھر کے دالان میں بھی کھڑکی اور پردوں کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ وہاں سے دھوپ کو اندر داخل ہونے کی جگہ مل سکے۔آجکل مارکیٹ میں سفید دودھیا رنگ کے شیشے بھی دستیاب ہیں جو غیر شفاف ہوتے ہیں اور ان کا اثر ٹھنڈا ہوتا ہے،دالان کی کھڑکی کے لئے اس شیشے کا انتخاب بھی کیا جا سکتا ہے،تاکہ جب کھڑکی بند ہو تو اس وقت بھی دھوپ اندر آتی رہے۔
اس قسم کے ونڈو گلاس پر سفید رنگ کے شفاف کپڑے کا پردہ بہت جچے گا اور اگر کھڑکی کے چاروں اطراف چوکھٹ پر کنٹراسٹ میں کھِلتا ہوا رنگ کر دیا جائے تو یہ کھڑکی ایک زبردست منظر پیش کرے گی۔
رنگین اور دبیز پردے
پردوں کا فرنیچر اور کمرے کے رنگ کے ساتھ امتزاج سلیقہ مندی کی بنیادی حقیقت ہے۔اگر آپ کسی کمرے کے لئے دبیز اور پٹی دار پردوں کا انتخاب کرتے ہیں تو اس کے لئے آپ کو کمرے کے فرنیچر اور پینٹ کے لئے بھی ایسی کلر اسکیم کا انتخاب کرنا چاہیے،جو مجموعی طور پر ایک خوبصورت امتزاج کا نظارہ پیش کرے۔

دہرے پردے
دوہرے پردوں کا انتخاب ان کمروں کے لئے موزوں رہتا ہے،جن کی کھڑکی ہوا دار اور روشنی میں کھلتی ہے،تاکہ بوقت ضرورت روشنی سے استفادے کرنے کے لئے گہرے رنگ کے پردے ہٹے رہیں اور باریک سفید پردوں سے روشنی آتی رہے۔جب روشنی اور تازہ ہوا کی ضرورت نہ ہو تو دہرا پردہ لٹکا دیا جاتا ہے۔ٹی وی لاؤنج اور دیوان خانے دہرے پردوں کے لئے بہترین انتخاب ہیں۔

رنگوں کی زبان
کمرے کا سارا حُسن پردوں کی خوبصورتی،پردوں کے پس منظر،قالین کے امتزاج اور اسی مناسبت سے صوفوں یا بیڈ کے کنٹراسٹ کے ذریعے پیدا ہوتا ہے۔آپ کمرے کی تھیم کے مطابق گہرے،ہلکے یا نیوٹرل رنگ کے پردوں کا انتخاب کرکے اپنے گھر میں مسحور کن مناظر تخلیق کر سکتے ہیں۔
پردوں کیلئے کچھ کلر کومبوز
دہرے پردوں کے لئے آپ کچھ اس طرح کے کلر کومبوز کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

کھڑکیوں کیلئے پردوں کا انتخاب
گھر کے کمروں کی حفاظت اور سجاوٹ کو پورا کرنے کے لئے پردوں کو کھڑکی کے مطابق ہونا ضروری ہے۔پردے کی طرز کو منتخب کرنے کے لئے کھڑکی کے ڈیزائن کو ذہن میں رکھنا ضروری ہے۔کھڑکی کے طول و عرض کے مقابلے میں لمبائی اور کپڑے کی ضروری مقدار کے درمیان تناسب کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔
سرمئی اور سفید رنگ
سرمئی رنگ کے ساتھ سفید رنگ جدیدیت کی خوبصورت مثال ہے،جو آج کل کافی ڈیزائنر استعمال کرتے ہیں۔
یہ ان کے کام میں نفاست اور جدیدیت منعکس کرتا ہے۔پردے اگر ہلکے رنگ کے ہوں تو لوگ زیادہ پسند کرتے ہیں اور خاص کر اگر آپ کے دیوان خانے میں فرنیچر اور فرش گہرے رنگ کا ہے تو ہلکے رنگ کے پردے اس کے ساتھ زبردست جچیں گے۔سرمئی رنگ کے ساتھ سفید رنگ کا انتخاب بہت خوبصورت اور طبیعت کو ہلکا محسوس ہوتا ہے۔
شوخ نیلا اور سفید رنگ
نیلا رنگ انتہائی دلکش اور ماحول کو پُرسکون بناتا ہے اور اس کا سفید رنگ کے ساتھ استعمال اور بھی زیادہ بہترین اور دلکش محسوس ہوتا ہے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Parde Barhain Ghar Ki Shan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.